السلام علیکم !آج کل شریعت پر چلنے والے مسلمانوں کو مسلمان ہی انتہا پسند کے نام سے بلا رہے ہیں آپ کا اس بارے میں کیا جواب ہے؟
متبع سنت اولیاء اللہ اور اپنے دین پر مضبوطی سے چلنے والے مسلمانوں کو انتہاء پسند، شدت پسند اور قدامت پسند کہنے کی اصطلاح در حقیقت اہل مغرب اور مستشرقین کی ایجاد کردہ ہے، اور ان ہی کی تعلیمات سے مرعوب بعض مغرب زدہ مسلمان اپنے ان بڑوں کی تقلید میں اور ان کی روش اختیار کر کے قرآن و سنت کی صحیح تعلیمات پہنچانے والوں کو انتہا پسند کہتے ہیں، جو بلا شبہ دین سے بیزاری، اہل مغرب کی نمک حلالی اسلام اور اہل اسلام سے بغض و عداوت کی علامت ہے، ایسے لوگ اپنے اس پروپیگنڈہ کیوجہ سے عند الله بہت سخت گناہ گار ہو رہے ہیں ، ان پر لازم ہے کہ اہلِ مغرب کی تقلید کے بجائے پیغمبر اسلام کی اتباع اور تقلید کو ترجیح دیں، اور اس گناہ پر سخت ندامت کے ساتھ توبہ و استغفار کر کے آئندہ کیلئے قرآن و سنت کی صحیح تعلیمات کو اپنے لیے مشعل راہ بنائیں، تاکہ مواخذہ اُخروی سے بھی سبکدوشی ہو سکے ۔