کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ میرا نکاح بنت عمران سے ہوگیا تھا، اس نکاح سے ہماری ایک بچی بھی ہے، شادی کے تقریباً دس مہینے بعد میری بیوی بخوشی والدین کے گھر گئی اور تاحال واپس نہیں آئی، میں نے کئی جرگے بھی کیے، لیکن وہ واپس آنے کے لیے تیار نہیں ہے، معلوم یہ کرنا ہے کہ اب میں دوسری شادی کرنا چاہتا ہوں ، تو کیا شریعت مجھے اس بات کی اجازت دیتی ہے کہ میں دوسری شادی کرلوں؟ جو بھی شرعی حکم ہو، تحریر فرمائیں۔
واضح ہوکہ شریعتِ مطہرہ نے مرد کو ایک سے زائد نکاح کی اجازت دی ہے، بشرطیکہ وہ بیویوں کےدرمیان حقوق کی ادائیگی اور عدل و انصاف کی استطاعت رکھتا ہو،لہذا صورتِ مسئولہ میں اگر پہلی بیوی بلاعذر شوہر کے ساتھ رہنے اور ازدواجی زندگی گزارنے پر آمادہ نہ ہو، اور متعدد کوششوں کے باوجود واپس آنے سے انکار کر رہی ہو، توایسی صورت میں سائل کے لیے دوسری شادی کرنےکی شرعاً اجازت ہے ، تاہم اگرپہلی بیوی نشوز(شوہرکی نافرمانی)چھوڑکر میکےسے واپس آجائے،تو سائل پراس کےنان ونفقہ اور دیگر واجب حقوق بھی حسبِ شرع ادا کرنا لازم ہوں گے۔
البتہ پاکستان میں مسلم عائلی قوانین کے تحت دوسری شادی سے پہلے ثالثی کونسل سے تحریری اجازت حاصل کرنا ضروری قرار دیاگیاہے، اس لیےقانونی تقاضوں کوپوراکیے بغیر دوسری شادی کرنے سےقانونی پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی ہیں،اس لیےسائل اگرخاندان کے معاملہ فہم بزرگ افراد اورقانونی ماہرین کی رائے لینے کے بعدہی دوسری شادی کے لیے قدم اُٹھائے تویہ اس کے حق میں زیادہ بہتراورمفیدہوگا ۔
قال اللہ تعالی: وَإِنْ خِفْتُمْ أَلَّا تُقْسِطُوا فِي الْيَتَامَى فَانْكِحُوا مَا طَابَ لَكُمْ مِنَ النِّسَاءِ مَثْنَى وَثُلَاثَ وَرُبَاعَ فَإِنْ خِفْتُمْ أَلَّا تَعْدِلُوا فَوَاحِدَةً أَوْ مَا مَلَكَتْ أَيْمَانُكُمْ ذَلِكَ أَدْنَى أَلَّا تَعُولُوا (سورۃ النساء ایۃ 3)۔
وفی الدر المختار: (يجب) وظاهر الآية أنه فرض نهر (أن يعدل) أي أن لا يجور (فيه) أي في القسم بالتسوية في البيتوتة (وفي الملبوس والمأكول) والصحبة (لا في المجامعة) كالمحبة بل يستحب.الخ (کتاب النکاح، بَابُ الْقَسْمِ بَيْن الزَّوْجَات ج3 ص201 ، ط: شركة مكتبة ومطبعة مصطفى البابي الحلبي وأولاده بمصر)۔
وفی ردالمحتار: تحت (قوله: فإن تيقنه) أي تيقن الجور حرم؛ لأن النكاح إنما شرع لمصلحة تحصين النفس، وتحصيل الثواب، وبالجور يأثم ويرتكب المحرمات فتنعدم المصالح لرجحان هذه المفاسد بحر وترك الشارح قسما سادسا ذكره في البحر عن المجتبى وهو الإباحة إن خاف العجز عن الإيفاء بموجبه. اهـ. أي خوفا غير راجح، وإلا كان مكروها تحريما؛ لأن عدم الجور من مواجبه الخ (کتاب النکاح ، ج3،ص7، ط: شركة مكتبة ومطبعة مصطفى البابي الحلبي وأولاده بمصر)۔
و فی الھندیۃ : وإذا كانت له امرأة وأراد أن يتزوج عليها أخرى وخاف أن لا يعدل بينهما لا يسعه ذلك وإن كان لا يخاف وسعه ذلك والامتناع أولى ويؤجر بترك إدخال الغم عليها كذا في السراجية. والمستحب أن يسوي بينهن في جميع الاستمتاعات من الوطء والقبلة وكذا بين الجواري الخ (کتاب النکاح، الباب الحادي عشر في القسم، ج1 ص341 ، ط: المطبعة الكبرى الأميرية ببولاق مصر (وصَوّرتها دار الفكر بيروت وغيرها)۔