محترم مفتی صاحب ! میں آپ سے ایک نہایت سنجیدہ مسئلے کا حل چا ہتی ہوں ،آج سے ایک سال پہلے 19 فروری 2025 کو میرا نکاح ہوا تھا میرے پھوپھوزاد سے ،وہ بیرون مقیم ہیں ،ان کے اور ان کے گھر والوں کے مطابق ویزہ بننے کے عمل میں انہیں فوراً نکاح کرنے کی اشد ضرورت ہے جس پر ہمارا آن لائن نکاح ہوا ،مولوی صاحب نے مجھ سے اجازت لی اور میرے شوہر کے مطابق ویڈیو کال کے ذریعے انہیں پہلے کلمے اور پھر ان کی اجازت لی گئی ، تب مجھے اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ آن لائن نکاح کے کچھ قواعد و ضوابط ہیں جیساکہ لڑکا خود نکاح نہیں پڑھ سکتا اسے اپنی طرف سے کوئی وکیل مقرر کرنا ہوتا ہے ،جو اس کی طرف سے نکاح قبول کرے ،دوسرا یہ ہے کہ نکاح کرنے کی وجہ ویزا بننا تھا جب کہ مجھے کچھ ذرائع سے معلوم ہوا کہ نکاح کا ویزہ بننے کے عمل سے کوئی لینا دینا نہیں ۔ میری آپ سے گزارش ہے کہ میرے مسئلے کا حل بتایئے کہ آیا یہ نکاح ہوا بھی ہے یا نہیں ؟ قرآن و سنت کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں ۔
واضح ہوکہ نکاح کے انعقاد کے لئے متعاقدین (لڑکا و لڑکی) یا ان کے مقرر کردہ وکیلوں اور گواہوں کا ایک مجلس میں موجود ہونا لازم وضروری ہے، اس لئے انٹرنیٹ پر ویڈیوکال یا ٹیلی فون وغیرہ کے ذریعہ نکاح شرعاً درست نہیں ہوتا ، البتہ اگر کسی ضرورت کی بناپر اس طرح نکاح کرنا پڑ جائے کہ متعاقدین (لڑکا و لڑکی ) دونوں یا ان میں سے کسی ایک کے لئے مجلس نکاح میں حاضر ہونا ممکن نہ ہو ، تو پھر ایسی صورت میں نکاح کے درست منعقد ہونے کے لئے ضروری ہے کہ مجلسِ نکاح سے غائب شخص مجلس نکاح میں کسی حاضر شخص کو ای میل، یا فون وغیرہ کے ذریعہ اپنے نکاح کا وکیل مقرر کردے،جو اس کی جانب سے دو ایسےگواہان کی موجودگی میں جو وکیل کے علاوہ ہوں ، ایجاب و قبول کریں، تو ایسا کرنے سے نکاح شرعاً درست منعقد ہو جاتا ہے لہٰذا صورت مسئولہ میں اگر واقعۃً سائلہ کے شوہر نے بوقتِ نکاح اپنی طرف سے کسی ایسے شخص کو وکیل مقرر نہیں کیا تھا جو اس کی جانب سے مجلس نکاح میں قبول کرے، بلکہ محض ویڈیو کال کے ذریعے قاضی صاحب کے دریافت کرنے پر نکاح کی اجازت اور رضامندی کا اظہار کیا تھا، جیسا کہ سوال سے بھی بظاہر یہی معلوم ہوتا ہے، تو ایسی صورت میں مذکورہ نکاح شرعاً منعقد نہیں ہوا،بلکہ باضابطہ ایجاب اقبول کرکے نکاح کا اہتمام ضروری ہوگا۔
كما في الدر المختار: (وشرط سماع كل من المتعاقدين لفظ الآخر) ليتحقق رضاهما (و) شرط (حضور) شاھدیں (حرين) أو حر وحرتين (مكلفين سامعين قولهما معاً اھ( ج ۳ ص ۲۱ - ۲۲ ط:سعید)۔
وفي الهندية : يصح التوكيل بالنكاح وان لم یحضره الشهود اهـ (ج 1 ص ۲۹4 ط:ماجدية)۔
وفى الھدایۃ: النكاح ينعقد بالإيجاب والقبول بلفظين يعبرهما عن الماضى الخ (ج ۲، ص 4، ط : انعامية )