نکاح

لڑکی کی جانب سے وکیل بنائے بغیر لڑکا آڈیو کال پر خود سے اس کا نکاح پڑھوادے تو نکاح ہوجائے گا؟

فتوی نمبر :
101164
| تاریخ :
2026-11-04
معاملات / احکام نکاح / نکاح

لڑکی کی جانب سے وکیل بنائے بغیر لڑکا آڈیو کال پر خود سے اس کا نکاح پڑھوادے تو نکاح ہوجائے گا؟

السلام علیکم!
میرا سوال یہ ہے کہ میری ایک دوست ہے، جس نے فون کال پر نکاح کیا۔ خود وہ فیصل آباد میں رہتی ہے اور جس سے اس نے نکاح کیا، وہ لاہور میں رہتا ہے۔ لڑکی اپنی جگہ پر اکیلی تھی اور لڑکا مولوی صاحب کے پاس تھا، اور ساتھ دو گواہ موجود تھے۔ گواہوں کی موجودگی کا لڑکی کو نہیں پتا تھا، لیکن لڑکا بولتا ہے کہ لڑکی وہاں پر گواہ موجود تھے اور انہوں نے اس کا ایجاب و قبول آڈیو کال پر سنا ہے۔اس چیز کا اس نے لڑکی کو ثبوت بھی دیا۔ اپنے دوست سے کہلوایا کہ تم بتاؤ، تم اس جگہ پر موجود تھے اور تم نے ایجاب و قبول سنا؟ تو اس کے دوست نے کلمہ پڑھ کر بولا کہ ہاں، میں نے سنا تھا۔لیکن لڑکی اس چیز کو نہیں مانتی۔ لڑکی نے کسی بھی قسم کا وکیل مقرر نہیں کیا تھا، لیکن ان کا نکاح مولوی نے پڑھایا کہ فلاں لڑکی کا نکاح تم سے اتنے حق مہر میں کرواتا ہوں۔ گواہوں کی موجودگی کا نام نہیں لیا۔ اس لڑکے نے قبول کیا۔ اس کے فوراً بعد لڑکی سے بھی ایسے ہی پوچھا گیا کہ تمہیں یہ لڑکا اپنے نکاح میں قبول ہے؟ تو لڑکی نے بھی قبول کیا، لیکن لڑکی کو گواہوں کا نہیں معلوم تھا۔لڑکی نے کوئی بھی وکیل مقرر نہیں کیا تھا، لیکن لڑکا اس چیز کی قسمیں کھاتا ہے، کلمہ پڑھتا ہے، قرآن پر ہاتھ رکھ کر کہتا ہے اور مسجد میں جا کر بھی قسم کھا کر بولتا ہے کہ یہ نکاح ہے اور لڑکی اس کی بیوی ہے۔لیکن لڑکی نے ایک سال سے لڑکے کے ساتھ رابطہ ختم کیا ہوا ہے۔ وہ لڑکا اس کو بس کبھی کبھی میسج کرتا ہے اور اس کو بولتا ہے کہ تم میری بیوی ہو اور تم میری ہو، تم کہیں اور شادی نہیں کر سکتی۔ لیکن لڑکی کہیں اور شادی کرنا چاہتی ہے اور وہ اس نکاح کو نہیں مانتی۔اب لڑکی کہیں اور شادی کرنا چاہتی ہے، تو کیا اس کی کہیں اور شادی ہو جائے گی؟ اور کیا بغیر وکیل مقرر کیے اور گواہوں کی موجودگی کا علم ہوئے ایسے نکاح ہو جاتا ہے؟ اگر یہ نکاح ہے، تو کیا لڑکی آگے نکاح کر سکتی ہے یا نہیں کر سکتی؟اس چیز کا جواب ای میل کے ذریعے دے دیجیے گا۔شکریہ، جزاک اللہ خیر۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہوکہ انعقادِ نکاح کے لیے فریقین (میاں بیوی) یا ان کے وکلاء کا ایک ہی مجلس میں ایجاب و قبول کرناشرعاً ضروری ہے، نیز ایجاب و قبول کے وقت دو عاقل، بالغ مسلمان مرد، یا ایک مرد اور دو عورتوں کا بطورِ گواہ موجود ہونا بھی صحت نکاح کیلئے ضروری ہے۔ لہٰذا صورت مسئولہ میں آڈیو کال پر نکاح کی صورت میں چونکہ اتحاد مجلس کی شرط نہیں پائی گئ اور نہ ہی لڑکی نے کسی کو اپنا وکیل مقرر کیا ، لہذا یہ نکاح سرے سے منعقد ہی نہیں ہوا،بلکہ دونوں ایک دوسرے کیلئے اجنبی ہیں ،چنانچہ جب نکاح منعقد ہی نہیں ہوا تو لڑکی دوسری جگہ نکاح کرنے میں بالکل آزاد ہے،تاہم لڑکی کا اس طرح نامحرموں سے بات چیت کرنا اور کسی بھی قسم کے مراسم قائم کرنا شرعاً جائز نہیں اس لئے سابقہ غلطی پر بصدقِ دل توبہ و استغفار اور آئندہ کےلئے اس سے احتراز لازم ہے۔

مأخَذُ الفَتوی

کما فی البحرالرائق: ولم يذكر المصنف شرائط الإيجاب والقبول فمنها اتحاد المجلس إذا كان الشخصان حاضرين فلو اختلف المجلس لم ينعقد فلو أوجب أحدهما فقام الآخر أو اشتغل بعمل آخر بطل الإيجاب؛ لأن شرط الارتباط اتحاد الزمان فجعل المجلس جامعا تيسيرا(كتاب النكاح ،ج ٣،ص ٨٩،ط دار الكتاب الإسلامي)
وفى الدرالمختار: "(ويجب مهر المثل في نكاح فاسد) وهو الذي فقد شرطا من شرائط الصحة كشهود (بالوطء) في القبل (لا بغيره) كالخلوة لحرمة وطئها (ولم يزد) مهر المثل (على المسمى).(كتاب النكاح،باب المهر،ج:٣،ص:١٣١/١٣٢،ط: دار الفكر - بيروت،)
وفی الشامية: ولا بد من تمييز المنكوحة عند الشاهدين لتنتفي الجهالة، فإن كانت حاضرة منتقبة كفى الإشارة إليها والاحتياط كشف وجهها.(کتاب النکاح،ج:٣،ص: ٢١،ط: دار الفكر – بيروت)
وفى التاتارخانية:وفى الخانية:إن اختلف الشاهدان فى المكان والزمان لا تقبل الشهادة.(كتاب النكاح،فصل فى الشهادة فى النكاح،ج:٤،ص،٤٠،ط:مكتبة رشيدية كويته)
وفی بدائع الصنائع: (وأما) الذي يرجع إلى مكان العقد فهو اتحاد المجلس إذا كان العاقدان حاضرين وهو أن يكون الإيجاب والقبول في مجلس واحد حتى لو اختلف المجلس لا ينعقد النكاح، بأن كانا حاضرين فأوجب أحدهما فقام الآخر عن المجلس قبل القبول، أو اشتغل بعمل يوجب اختلاف المجلس، لا ينعقد؛ لأن انعقاده عبارة عن ارتباط أحد الشطرين بالآخر، فكان القياس وجودهما في مكان واحد، إلا أن اعتبار ذلك يؤدي إلى سد باب العقود؛ فجعل المجلس جامعا للشطرين حكما مع تفرقهما حقيقة للضرورة، والضرورة تندفع عند اتحاد المجلس، فإذا اختلف تفرق الشطرين حقيقة وحكما فلا ينتظم الركن.(کتاب النکاح، فصل شرائط الركن أنواع منها شرط الانعقاد،ج ٢،ص ٢٣٢،ط مطبعة شركة المطبوعات العلمية بمصر)
وفی الفقہ الإسلامي وأدلته: الإيجاب والقبول: الصيغة: هي الإيجاب والقبول، ويشترط فيها بالاتفاق أربعة شروط هي ما يأتي:١ - اتحاد المجلس إذا كان العاقدان حاضرين: وهو أن يكون الإيجاب والقبول في مجلس واحد، بأن يتحد مجلس الإيجاب والقبول، لا مجلس المتعاقدين؛ لأن شرط الارتباط اتحاد الزمان، فجعل المجلس جامعا لأطرافه تيسيرا على العاقدين.(شروط إنعقاد الزواج،ج٩ ،ص ٦٥٣٥،ط دار الفكر - سورية – دمشق)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
جمال الدین محمدی عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 101164کی تصدیق کریں
0     11
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات