نکاح

فون پر ایجاب و قبول کرنے سے نکاح کا حکم

فتوی نمبر :
100575
| تاریخ :
2026-10-20
معاملات / احکام نکاح / نکاح

فون پر ایجاب و قبول کرنے سے نکاح کا حکم

مجھے نکاح کے ایک ذاتی مسئلے میں شرعی رہنمائی درکار ہے۔ مہربانی فرما کر میری پوری بات پڑھ کر جواب عنایت فرمائیں۔تقریباً دو سال پہلے میری ایک شخص سے فون پر بات ہوئی تھی۔ اس نے مجھے ایک ویڈیو بھیجی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ اگر لڑکا اور لڑکی مذاق میں بھی نکاح کے الفاظ کہیں تو نکاح ہو جاتا ہے۔ اس کے بعد ہم دونوں نے فون پر ایک دوسرے کو نکاح کی پیشکش کی اور اسے قبول کیا۔ ہم دونوں بالغ اور اپنی رضامندی سے ایسا کر رہے تھے۔ہمارے پاس کوئی نکاح خواں موجود نہیں تھا۔ مجھے کسی گواہ کی موجودگی کا علم نہیں تھا اور نہ ہی مہر مقرر کیا گیا تھا۔ وہ شخص پہلے سے شادی شدہ تھا اور اس کے دو بچے بھی تھے۔اب دو سال سے میرا اس شخص سے کوئی رابطہ نہیں ہے اور نہ ہی میں اس سے دوبارہ رابطہ کرنا چاہتی ہوں۔ میں نے پہلے بھی ایک مفتی صاحب سے اس بارے میں دریافت کیا تھا، جنہوں نے فرمایا تھا کہ ہمارا نکاح نہیں ہوا تھا۔لیکن اب مجھے بار بار یہ خیال آتا ہے کہ شاید اس وقت اس شخص کے پاس کوئی دوسرا شخص موجود ہو جس نے ہماری فون پر ہونے والی گفتگو سن لی ہو۔ تاہم مجھے اس بات کا نہ تو کوئی علم ہے اور نہ ہی کوئی ثبوت۔میرے سوالات درج ذیل ہیں:1. کیا میری بیان کردہ صورتِ حال میں شرعاً ہمارا نکاح ہوا تھا؟2. اگر نکاح ہو گیا تھا تو کیا اسے ختم کرنے کے لیے طلاق، خلع یا کسی دوسرے شرعی طریقے کی ضرورت ہے؟3. کیا میں اس شخص سے دوبارہ رابطہ کیے بغیراس مسئلے کا شرعی حل حاصل کر سکتی ہوں؟مہربانی فرما کر میرے معاملے کے مطابق شرعی رہنمائی فرمائیں۔اللہ تعالیٰ آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہو کہ نکاح کے صحیح منعقد ہونے کے لئے متعاقدین (لڑکا، لڑکی) یا ان کی طرف سے مقرر کردہ وکیلوں اور گواہوں کا ایک مجلس میں مووجود ہونا اور ایجاب و قبول سنناضروری ہے،لہذا اس لئے فون کے ذریعے آن لائن ایجاب و قبول کرنے سے سائلہ کا اس شخص سے نکاح منعقد نہیں ہوا،چنانچہ اب اگر سائلہ دوسری جگہ نکاح کرنا چاہتی ہے تو اس شخص سے طلاق لیے بغیر بھی دوسرے شخص سے نکاح کر سکتی ہے، البتہ اس سے قبل اجنبی سے جو بے تکلفی کا تعلق رہا اس پر بصدق دل توبہ و استغفار اور آئندہ ایسے فعل سے اجتناب لازم ہے۔

مأخَذُ الفَتوی

کما فی الدر المختار: ومن شرائط الا یجاب والقبول اتحاد المجلس لوحاضرین وان طال(کتاب النکاح :ج:۳،ص:١٤،ط: سعيد)۔
وفيه أيضا: (و) شرط (حضور) شاھدین (حرین) أو حر وحرتین (مکلفین سامعین قولھما معا) علی الأصح (فاھمین) أنہ نکاح علی المذھب بحر (مسلمین لنکاح مسلمۃ ولو فاسقین أو محدودین فی قذف الخ (کتاب النکاح، ج:٣، ص: ٢١، ط، سعید)۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب
احمد محمود سیمات عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 100575کی تصدیق کریں
0     29
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات