السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ، مفتی صاحب!
مجھے نکاح کے حوالے سے ایک اہم شرعی مسئلہ دریافت کرنا ہے۔ براہِ کرم میری رہنمائی فرمائیں۔
میرے منگیتر نے واٹس ایپ میسجز پر مجھ سے نکاح کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے میرے پورے نام اور اپنے پورے نام کے ساتھ حق مہر میں ایک کلو تولہ سونا ذکر کرتے ہوئے مجھ سے پوچھا کہ کیا مجھے ان سے نکاح قبول ہے؟
میرے منگیتر کی نیت نکاح کرنے کی تھی، لیکن میں اس وقت اس بات کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی تھی اور صرف مذاق میں جواب دے رہی تھی۔ میں نے اپنے دل میں نکاح قبول نہیں کیا تھا، لیکن واٹس ایپ میسج میں قبول ہے لکھ دیا تھا۔
اس وقت نہ کوئی گواہ موجود تھا اور نہ ہی کوئی شخص ہماری گفتگو سن رہا تھا۔ ہماری پوری گفتگو واٹس ایپ میسجز کے ذریعے ہوئی تھی۔
اب مجھے بہت پریشانی ہے کہ کیا ان حالات میں ہمارا شرعی نکاح منعقد ہو گیا ہے یا نہیں؟
مفتی صاحب، براہِ کرم حنفی فقہ کے مطابق میری رہنمائی فرمائیں۔ اگر مزید تفصیلات درکار ہوں تو میں اصل گفتگو کے الفاظ بھی بتا سکتی ہوں۔
جزاکم اللہ خیراً۔
واضح رہے کہ نکاح کی درستگی کے لیے لڑکا،لڑکی یا ان کی جانب سے مقرر کردہ وکیلوں اور گواہان کا باقاعدہ سامنے ایک ہی مجلس میں موجود ہونا اور ایجاب و قبول کرنا لازم ہے ، جبکہ مذکورہ صورت میں نہ لڑکے اور لڑکی کی مجلس ایک ہے اور نا ہی کوئی گواہ موجود ہے لہٰذا یہ نکاح درست منعقد نہیں ہوابلکہ لڑکا لڑکی بدستور ایک دوسرے کے حق میں اجنبی ہیں ،چنانچہ اس عقد کو بنیاد بناکر ان کا آپس میں بےتکلفی کا تعلق قائم کرنا جائز نہیں جس سے احتراز لازم ہے۔
كما فى الهداية : قال: " ولا ينعقد نكاح المسلمين إلا بحضور شاهدين حرين عاقلين بالغين مسلمين رجلين أو رجل وامرأتين عدولا كانوا أو غير عدول أو محدودين في القذف " قال رضي الله عنه اعلم أن الشهادة شرط في باب النكاح لقوله عليه الصلاة والسلام " لا نكاح إلا بشهود ". اھ(کتاب النکاح ، ج : ١ ، ص : ١٨٥ ، ط : دار احياء التراث العربي، بيروت - لبنان)
و فى الشامى : (وشرط سماع كل من العاقدين لفظ الآخر) ليتحقق رضاهما (و) شرط (حضور) شاهدين(حرين) أو حر وحرتين (مكلفين سامعين قولهما معا)على الأصح.اھ(باب النكاح، ج : ٣ ، ص : ٢٣ ، ط : مصطفى البابي الحلبي)