نکاح اور طلاق کے معاملے میں شرعی فتویٰ کی درخواست ،السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ؛محترم مفتی صاحب! میں ایک معاملے میں شرعی رہنمائی اور فتویٰ حاصل کرنا چاہتا ہوں، براہِ کرم قرآن و سنت و احادیث کی روشنی میں میری رہنمائی فرمائیں، ایک لڑکا اور لڑکی پہلے سے ایک دوسرے کو جانتے تھے، دونوں کے درمیان فون پر بات چیت ہوتی تھی، چونکہ وہ چاہتے تھے کہ ان کی بات چیت ناجائز تعلق میں نہ آئے، اس لیے دونوں نے باہمی رضامندی سے نکاح کرنے کا فیصلہ کیا، لڑکا پاکستان سے باہر، دوسرے ملک میں رہتا تھا، جبکہ لڑکی پاکستان میں رہتی تھی، نکاح کے وقت لڑکے نے اپنے پاس اپنے دو دوستوں کو گواہ کے طور پر بٹھایا، لڑکی کے پاس کوئی گواہ موجود نہیں تھا اور وہ اکیلی تھی، لڑکی پہلے سے طلاق یافتہ تھی اور اپنی رضامندی سے نکاح کر رہی تھی، اس کا خیال تھا کہ طلاق یافتہ ہونے کی وجہ سے اسے نکاح کے لیے کسی دوسرے کی اجازت درکار نہیں ہے، نکاح ویڈیو کال کے ذریعے ہوا، لڑکے اور لڑکی نے خود ہی ایک دوسرے کے ساتھ ایجاب و قبول کیا، کسی تیسرے شخص نے نکاح نہیں پڑھایا، ویڈیو کال کا اسپیکر کھلا ہوا تھا اور لڑکے کے پاس موجود دونوں گواہ لڑکی اور لڑکے دونوں کی آوازیں سن رہے تھے، گواہ لڑکی کو دیکھ نہیں رہے تھے، جبکہ لڑکا اور لڑکی ویڈیو کال پر ایک دوسرے کو دیکھ رہے تھے، نکاح کے دوران لڑکے نے تین مرتبہ لڑکی سے پوچھا کہ اس کا نام اور اس کے والد کا نام یہ ہے، اور مقررہ حق مہر کے عوض کیا وہ اسے اپنے نکاح میں قبول کرتی ہے؟ لڑکی نے ہر مرتبہ جواب دیا کہ اسے قبول ہے، اس کے بعد لڑکی نے بھی اسی طرح تین مرتبہ اپنا نام اور اپنے والد کا نام بتا کر کہا کہ وہ مقررہ حق مہر کے عوض خود کو لڑکے کے نکاح میں دیتی ہے، کیا لڑکے کو قبول ہے؟ لڑکے نے ہر مرتبہ جواب دیا کہ اسے قبول ہے، اس طرح دونوں نے ویڈیو کال پر ایک دوسرے کے ساتھ ایجاب و قبول کیا، اور لڑکے کے پاس موجود دونوں گواہوں نے یہ تمام الفاظ سنے، نکاح کے بعد دونوں کے درمیان کچھ عرصے تک محبت اور باہمی رابطے کا سلسلہ جاری رہا، چونکہ دونوں الگ الگ ممالک میں رہتے تھے، اس لیے ان کا رابطہ فون اور ویڈیو کال کے ذریعے ہی ہوتا تھا، اس دوران دونوں نے ویڈیو کال پر ایک دوسرے کو بے لباس بھی دیکھا اور میاں بیوی کی حیثیت سے نجی نوعیت کی گفتگو اور تعلق رکھا، تاہم دونوں کبھی حقیقی طور پر ایک جگہ اکٹھے نہیں ہوئے اور ان کے درمیان جسمانی ازدواجی تعلق قائم نہیں ہوا، کچھ عرصے بعد جب دونوں کے خاندانوں کو اس معاملے کا علم ہونا شروع ہوا تو خاندانی دباؤ اور دیگر وجوہات کی بنا پر دونوں کے درمیان اختلافات اور جھگڑے شروع ہوگئے، ایک دن ویڈیو کال پر بات چیت کے دوران لڑکی نے غصے میں لڑکے سے کہا کہ وہ اسے طلاق دے دے، لڑکے نے اسے سوچنے کا کہا، لیکن لڑکی نے دوبارہ اصرار کیا کہ وہ اسے طلاق دے، اس کے بعد لڑکے نے ویڈیو کال پر مسلسل تین مرتبہ یہ الفاظ کہے: 1. ’’ٹھیک ہے، پھر میں تمہیں طلاق دیتا ہوں‘‘ 2. ’’ٹھیک ہے، میں تمہیں طلاق دیتا ہوں‘‘ 3. ’’ ٹھیک ہے، میں تمہیں طلاق دیتا ہوں‘‘ یہ الفاظ لڑکے نے اکیلے میں کہے تھے، اس وقت اس کے پاس کوئی گواہ موجود نہیں تھا، اس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے سے رابطہ ختم کر دیا، محترم مفتی صاحب! میرے سوالات یہ ہیں: 1. کیا مذکورہ تمام تفصیلات کے مطابق مختلف ممالک میں رہتے ہوئے ویڈیو کال پر کیا گیا یہ نکاح اسلام کے مطابق شرعاً صحیح تھا یا نہیں؟ 2. کیا لڑکی کے پاس گواہوں کا موجود نہ ہونا، جبکہ لڑکے کے پاس دو گواہ موجود تھے اور انہوں نے دونوں کے ایجاب و قبول کے الفاظ سنے تھے، نکاح کی صحت پر اثر انداز ہوتا ہے؟ 3. نکاح کے بعد جسمانی ازدواجی تعلق قائم نہ ہونے اور دونوں کے کبھی حقیقی طور پر ایک جگہ تنہائی میں اکٹھے نہ ہونے کی صورت میں، مذکورہ الفاظ کے ذریعے کتنی طلاقیں واقع ہوئیں؟ 4. اگر نکاح شرعاً صحیح نہیں ہوا تھا، تو کیا اس کے بعد کہے گئے طلاق کے الفاظ کا کوئی شرعی اثر ہوگا؟ 5. اس پوری صورتِ حال میں اب شرعاً دونوں کی حیثیت کیا ہے، اور آئندہ ان کے لیے کیا حکم ہے؟ براہِ کرم اس پورے واقعے کو سامنے رکھتے ہوئے قرآن و سنت اور احادیث کی روشنی میں تفصیلی اور واضح فتویٰ عطا فرمائیں۔ جزاکم اللہ خیراً۔
واضح ہو کہ نکاح کے انعقاد کیلئے متعاقدین (لڑکا، لڑکی) یا ان کی طرف سے مقرر کردہ وکیلوں اور گواہوں کا ایک مجلس میں موجود ہونا شرعاً ضروری ہے، لہذا صورت مسئولہ میں چونکہ اتحاد مجلس کی شرط نہیں پائی گئی ، اس لیے یہ نکاح سرے سے منعقد ہی نہیں ہوا، بلکہ وہ دونوں ایک دوسرے کےلیے اجنبی اور نامحرم ہی رہے ، لہذا اس کے بعد ان دونوں کا باہمی طور پر ایک دوسرے سے تعلقات رکھنا برہنگی کے ساتھ ویڈیوکال پر گفتگو کرنا شرعاً ناجائز اور حرام تھا ، جس پر دونوں کو بصدق دل توبہ و استغفار اور آئندہ کے لیے اجتناب لازم ہے ، جبکہ ان دونوں کے درمیان نکاح منعقد نہ ہو نے کی وجہ سے لڑکے کی جانب سے دی گئی طلاقوں کا بھی شرعاً کوئی اعتبار نہ ہو گا ، اور لڑکی فی الفور دوسری جگہ نکاح کرنے میں آزاد ہے ۔
كما في الدر المختار : ومن شرائط الايجاب والقبول: اتحاد المجلس إلخ (كتاب النكاح ، ج : ٤ ، ص : ٧٦ ، ط : دار عالم الكتب)
وفي رد المحتار : (قوله: اتحاد المجلس) قال في البحر: فلو اختلف المجلس لم ينعقد إلخ (كتاب النكاح ، ج : ٤ ، ص : ٧٦ ، ط : دار عالم الكتب)
وفي البحر الرائق : ولم يذكر المصنف شرائط الإيجاب والقبول فمنها اتحاد المجلس إذا كان الشخصان حاضرين فلو اختلف المجلس لم ينعقد إلخ (كتاب النكاح ، ج : ٣ ، ص : ٨٩ ، ط : دار كتاب الاسلامى)
وفي البدائع : ثم النكاح كما ينعقد بهذه الألفاظ بطريق الأصالة ينعقد بها بطريق النيابة، بالوكالة، والرسالة؛ لأن تصرف الوكيل كتصرف الموكل، وكلام الرسول كلام المرسل إلخ (فصل في ركن النكاح ، ج : ٣ ، ص : ٣٢٢ ، ط : دار الكتب العلمية)
وفيه أيضاً : فلا يصح الطلاق إلا في الملك أو في علقة من علائق الملك وهي عدة الطلاق أو مضافا إلى الملك (إلى قوله) أما التنجيز في غير الملك والعدة فباطل؛ بأن قال لامرأة أجنبية: أنت طالق أو طلقتك؛ لأنه إبطال الحل ورفع القيد ولا حل ولا قيد في الأجنبية، فلا يتصور إبطاله ورفعه وقد قال النبي صلى الله عليه وسلم: «لا طلاق قبل النكاح» (فصل في شرائط ركن الطلاق وبعضها يرجع إلى المرأة ، ج : ٤ ، ص : ٢٧٣ ، ط : دار الكتب العلمية)