محترمی و مکرم علمائے دین! السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
جنابِ عالی! ایک دینی مسئلہ درپیش ہے۔ مہربانی فرما کر قرآن و سنت کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں۔
ایک شخص کی عمر 43 سال ہے، اس کے پانچ بچے اور دو بیویاں ہیں۔ اس نے تقریباً 15 سال سے سنتِ رسول ﷺ کے مطابق داڑھی رکھی ہوئی تھی۔ ایک دن اچانک اس پر شیطان غالب آگیا، جس کی وجہ سے اس شخص نے داڑھی منڈوا دی۔ اب وہ اپنے اس عمل پر بہت شرمندہ ہے اور صبح و شام اللہ تعالیٰ سے استغفار کرتا ہے۔ اسے اس بات کا بھی احساس ہے کہ اس نے سنتِ رسول ﷺ کی توہین کی ہے اور وہ اپنے اس عمل پر نادم ہے۔
آپ حضرات سے گزارش ہے کہ اس مسئلے کے بارے میں قرآن و حدیث کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں۔
1. کیا اس شخص کی بیوی کو طلاق ہو گئی ہے؟ اگر ہاں، تو تجدیدِ نکاح کی کیا صورت ہوگی؟
2. اس شخص نے حج بھی کیا ہے۔ کیا اس کا حج بھی فاسد ہو گیا ہے؟ اگر ہاں، تو اسے دوبارہ ادا کرنے کی کیا صورت ہوگی؟
3. کیا اس کے پچھلے اعمال بھی ضائع ہو گئے ہیں؟ اس بارے میں قرآن و سنت کا کیا حکم ہے؟
یہ تمام مسائل آپ کے سامنے اس لیے رکھے ہیں کہ بعض علماء اس مسئلے کے بارے میں کچھ کہتے ہیں اور دوسرے علماء کچھ اور۔ کوئی کچھ کہتا ہے اور کوئی کچھ۔ امید ہے کہ آپ حضرات قرآن و سنت کی روشنی میں فتویٰ عطا فرمائیں گے۔
اللہ تعالیٰ آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے۔
اگر استخفاف سنت مقصود نہ ہو تو ڈاڑھی منڈھانا کفر نہیں، البتہ بہت سخت گناہ کی بات ہے، جس کی وجہ سے آدمی فاسق فاجر بن جاتا ہے اس لیے شخص مذکور پر لازم ہے کہ اپنے اس گناہ پر ندامت کے ساتھ بصدق دل تو بہ واستغفار کرے اور آئندہ کے لیے اپنے گناہ سے مکمل اجتناب بھی کرے تاہم اس کے اس عمل کی وجہ سے اس کے حج وغیرہ اعمال صالحہ ضائع نہیں ہوئے اور اس کا عقد نکاح بھی بدستور برقرارہے اور وہ میاں بیوی کی حیثیت سے زندگی بسر کر سکتے ہیں۔