السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ، مجھے حنفی فقہ کے مطابق اپنے آن لائن نکاح اور طلاق کے بارے میں فتویٰ درکار ہے،میں اور ایک لڑکا الگ الگ جگہوں پر تھے،ہمارے ایک دوست نے چیٹ پر مجھ سے پوچھا کہ کیا مجھے اس لڑکے سے نکاح قبول ہے، اور لڑکے سے پوچھا کہ کیا اسے مجھ سے نکاح قبول ہے، ہم دونوں نے چیٹ پر صرف ’’قبول ہے‘‘ لکھا، دو یا زیادہ دوستوں نے ہمارے پیغامات دیکھے تھے، لیکن کسی نے نکاح کی پیشکش واضح الفاظ میں نہیں لکھی اور نہ ہی پیغامات بلند آواز سے پڑھے گئے، کوئی وکیل مقرر نہیں کیا گیا اور حق مہر بھی مقرر نہیں ہوا،اس کے بعد لڑکے نے چیٹ پر تین مرتبہ لکھا: ’’طلاق دیتا ہوں، طلاق دیتا ہوں، طلاق دیتا ہوں‘‘ ،ہمارا تعلق صرف آن لائن تھا،اس سے پہلے بھی میرے دو آن لائن نکاح ہوئے تھے، جن میں کوئی گواہ نہیں تھا۔ براہِ کرم رہنمائی فرمائیں:1. کیا تیسرا نکاح حنفی فقہ کے مطابق منعقد ہوا تھا؟2 . اگر نکاح منعقد ہوا تھا تو کیا تین طلاقیں واقع ہوئیں؟3. میری موجودہ شرعی حیثیت کیا ہے، اور مجھے آئندہ نکاح کے بارے میں کیا کرنا چاہیے؟ جزاکم اللہ خیراً۔
واضح ہو کہ انعقادِ نکاح اور صحتِ نکاح کیلئے بنیادی طور پر اس کے ارکان (ایجاب وقبول) پایا جانا ، نیز ایجاب وقبول کے وقت اسی مجلس میں گواہوں کا ہونا ضروری ہے، اس کے بغیر نکاح منعقد ہی نہیں ہوتا۔جبکہ سائلہ نے سابقہ نکاحوں کی تفصیل ذکرنہیں کی تاکہ اس کےحکم بتایا جاتا، تاہم ہمارے سامنے سؤال میں ذکر کردہ طریقے سے کئےگئے نکاح میں بنیادی رکن "ایجاب وقبول "موجود نہیں، اس لئے کہ سؤال اور استفہام کے انداز میں کہ "کیا اس لڑکے سے نکاح قبول ہے؟" شرعی ضابطوں کے مطابق ایجاب وقبول نہیں بنتا کہ جس کے بعد "قبول" کی نوبت آ سکے۔ چنانچہ رکن نکاح کے نہ پائے جانے کی وجہ سے یہ نکاح منعقد ہی نہیں ہوا اور اس کے بعد دی جانے والی طلاقوں کی بھی عورت محل طلاق نہ ہونے کی بناء پر شرعا کوئی حیثیت نہیں۔ جہاں تک سائلہ کی موجودہ شرعی حیثیت کہ آیا وہ منکوحہ ہے یا نہیں تو اس کی تعیین تب ممکن ہو سکے گی کہ سائلہ اس سے پہلےکئے گئے نکاحوں کی تفصیل لکھ کر دوبارہ ای میل کرلے جس کے بعد حکم شرعی سے بھی آگاہ کرد یا جائےگا۔
لما في الدر: ومن شرائط الايجاب والقبول: اتحاد المجلس. (كتاب النكاح،ج: ٢،ص: ١٩٨، ط: دار السراج)
وفي البحر: فلو اختلف المجلس لم ينعقد. (كتاب النكاح، ج: ٣، ص: ١٤٨، ط: دار الكتب العلمية)
وفي النهر: أن للإيجاب والقبول شرائط اتحاد المجلس فلو اختلف لم ينعقد. (كتاب النكاح، ج: ٢، ص: ١٧٨، ط: دار الكتب العلمية)
وفي الدر: وشرط سماع كل من العاقدين لفظ الآخر ليتحقق رضاهما وشرط حضور شاهدين حرين أو حر وحرتين مكلفين سامعين قولهما معا على الاصح فاهمين أنه نكاح على المذهب. (كتاب الصلاة،ج: ٢، ص: ١٩٩، ط: دار السراج)