نکاح

سنی دیوبندی لڑکی کا بریلوی لڑکے سے کئےہوئے نکاح کا حکم

فتوی نمبر :
100313
| تاریخ :
2026-10-12
معاملات / احکام نکاح / نکاح

سنی دیوبندی لڑکی کا بریلوی لڑکے سے کئےہوئے نکاح کا حکم

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
محترم مفتی صاحب!گزارش ہے کہ میرا مسلک دیوبندی، اہلِ سنت والجماعت ہے۔ میں نماز اور روزے کی پابند ہوں۔ میرا نکاح ایسے خاندان میں ہوا ہے جو اپنے آپ کو اہلِ سنت بریلوی کہتے ہیں اور میلاد شریف اور عرس کے موقع پر لنگر و نیاز کرتے ہیں۔ وہ سجدہ وغیرہ نہیں کرتے، بلکہ کلمہ، نماز اور روزے کو بھی مانتے ہیں۔میرے دل میں بار بار وسوسہ اور خلل آتا ہے کہ کیا مسلک کے اختلاف کی وجہ سے میرے نکاح پر کوئی اثر پڑتا ہے؟ کیا میرا نکاح قائم ہے؟براہِ کرم قرآن و سنت کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں، تاکہ میرے دل کو تسلی ہو جائے۔جزاکم اللہ خیراً!

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہو کہ محض بریلوی مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے اور سوال میں مذکور بدعات کے ارتکاب کی وجہ سے کوئی شخص دائرہ اسلام سے خارج نہیں ہوتا ، اس لیے سائلہ کا اپنے شوہر کے ساتھ کیا گیا نکاح درست منعقدہوچکا ہے،اور مسلک کے اختلاف کی وجہ سے اس نکاح پر کوئی اثر نہیں پڑا ، تاہم سائلہ کا شوہر و سسرال والے اگر عرس اور نیاز وغیرہ جیسے بدعات میں شریک ہوتے ہوں اوراس کا اہتما م بھی کرتے ہوں ،توسائلہ کو چاہیے کہ خود ایسے امور میں شرکت سے اجتناب کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں بھی وقتافوقتا نرمی و مصلحت سے سمجھاتی رہے ، اگر وہ نہیں مانتے، تو ان موضوعات پر ان سے الجھنے اور اس کے ترک پر اصرار کے بجائے خاموش رہنے کو ترجیح دے ، اس خاموشی کے ساتھ ان کے حق میں دعائیں بھی کرتی رہا کرے ، امید ہے س کہ ائلہ کی اس جدوجہد اور دعاؤں کے نتیجہ میں اللہ تبارک و تعالی اس کے اچھے اثرات گھر پر مرتب کریں گے ۔

مأخَذُ الفَتوی

کما فی رد المحتار تحت: (قوله: وحسبا) هو ما تعده من مفاخر آبائك ح عن القاموس أي بأن يكون الأصول أصحاب شرف وكرم وديانة (الی قولہ)والمرأة تختار الزوج الدين الحسن الخلق الجواد الموسر، ولا تتزوج فاسقا، ولا يزوج ابنته الشابة شيخا كبيرا ولا رجلا دميما ويزوجها كفؤا، فإن خطبها الكفء لا يؤخرها وهو كل مسلم تقي اھ(کتاب النکاح ج:3 ص:9 ناشر: الحلبی)
و فی فتح القدیر: وأما المعتزلة فمقتضى الوجه حل مناكحتهم لأن الحق عدم تكفير أهل القبلة وإن وقع إلزاما في المباحث، بخلاف من خالف القواطع المعلومة بالضرورة من الدين مثل القائل بقدم العالم ونفي العلم بالجزئيات على ما صرح به المحققون اھ (فصل فی بیان المحرمات ج:3 ص:231 ناشر:الحلبی)
وفی البنایۃ شرح الھدایۃ: وقال الكاكي فيما يتعلق بمحلية النكاح: إن المناكحة بين أهل السنة والاعتزال، قال الإمام الرسعني: لا يجوز، وقال الإمام الفضل: من قال: أنا مؤمن إن شاء الله فهو كافر لا يجوز نكاح نسائهم.وقال أبو حفص الكردي: لا ينبغي أن يزوج الحنفي بنته من الشفعوي ولكن يتزوج بنتهم وفي " فتاوى الصغرى " قال بعض المشايخ: يجوز أن يزوج بنته من الشفعوي اھ(کتاب النکاح ج:5 ص:66 ناشر: دار الكتب العلمية)
وفی بدائع الصنائع فی ترتیب الشرائع: ومنها ولاية التأديب للزوج إذا لم تطعه فيما يلزم طاعته بأن كانت ناشزة، فله أن يؤدبها لكن على الترتيب، فيعظها أولا على الرفق واللين (الی قولہ)لأن ذلك حق مشترك بينهما، فيكون في ذلك عليه من الضرر ما عليها، فلا يؤدبها بما يضر بنفسه، ويبطل حقه اھ (فصل ولاية التأديب للزوج ج:2 ص:334 ناشر:مطبعة شركة المطبوعات العلمية بمصر)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد کامران صادق عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 100313کی تصدیق کریں
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات