السلام علیکم و رحمتہ اللہ و برکاتہ مفتی صاحب!
میرا ایک شرعی اور اصلاحی سوال ہے، براہِ کرم میری رہنمائی فرمائیں۔
میری شادی کو ابھی صرف ایک مہینہ ہی ہوا تھا کہ میری والدہ اچانک انتقال کر گئیں، جبکہ وہ بالکل صحت مند اور تندرست تھیں۔ اس اچانک صدمے کو اب سات سے آٹھ مہینے گزر چکے ہیں، لیکن میری ذہنی اور دلی کیفیت اب تک بہت زیادہ خراب ہے۔
1. نہ میرا دنیاوی کاموں میں دل لگتا ہے، نہ اپنی نئی نویلی بیوی سے بات کرنے یا وقت گزارنے میں کوئی دلچسپی باقی رہی ہے۔
2. میرے والد صاحب بیمار رہتے ہیں، اس لیے ہر وقت بس ان کی فکر کھائی جاتی ہے کہ والدہ کے بعد اب ان کا کیا ہوگا۔
3. عبادت کا حال یہ ہے کہ صرف جمعہ کی نماز پڑھ پاتا ہوں۔ باقی نمازوں کے لیے جب بھی نیت باندھتا ہوں، تو نیت باندھتے ہی زار و قطار رونا شروع ہو جاتا ہے اور نماز پوری نہیں کر پاتا۔
لوگ کہتے ہیں کہ ماں کے جانے پر اللہ صبر دے دیتا ہے، لیکن میرے اندر اب تک وہ صبر پیدا نہیں ہو سکا۔ مجھے بس دو باتیں معلوم کرنی ہیں:
• کیا نمازوں کی اس غفلت اور مجبوری کی وجہ سے میں گنہگار ہو رہا ہوں اور اللہ سے دور ہو رہا ہوں؟
• میں اس کیفیت سے کیسے نکلوں، اپنے آپ کو کیسے سنبھالوں اور شریعت کی روشنی میں مجھے اب کیا کرنا چاہیے؟
اور مجھے کچھ پڑھنے کے لیے بتا دیں کہ اللہ تعالی مجھے صبر دے صبر مجھ پہ ابھی تک نہیں ا رہا۔
واضح ہوکہ مصیبت اور پریشانی اللہ تعالی کی طرف سے مومن بندوں کی آزمائش کے لیے ہوتی ہے، اور اس میں صبر کرنے سے اجر عظیم بھی ملتا ہے ، اپنے اعزہ و اقارب کی وفات خصوصا والدین میں سے کسی کے فوت ہونے پر انسان کے دل ميں بہت چوٹ لگنا اور غم زدہ ہونا ایک طبعی امرہے، مگر یہ غم اور پریشانی اگر حد سے بڑھ کر عبادت اور زندگی کے دیگر امور ضروریہ کو بھی متاثر کرنے لگے تو یہ شرعا مذموم اور ناپسندیدہ ہے۔ لہذا سائل کو چاہیے کہ اس کو امر خداوندی سمجھ کر صبر کرنے کی کوشش کرے اور نماز کی نیت بندھنے کے بعد الفاظ کو اس انداز سے پڑھے کہ دھیان دائیں بائیں منتشر ہونے کے بجائے الفاظ کی ادائیگی پر مرکوز رہیں۔ نیز جمعہ کی نماز کی طرح دیگر پنچ وقتہ نمازوں کی ہر وقت ادائیگی بھی شرعا لازم اور ضروری ہے۔ اس لیے سائل کا اس دکھ کی وجہ سے فرض نمازوں میں کوتاہی کرنا شرعا نہ جائز اور حرام ہے۔ اسی طرح دوران نماز آواز کے ساتھ رونے کی وجہ سے نماز فاسد ہو جاتی ہے، اس لئے نماز کے دوران اس طرح رونا کہ آواز نکلنے لگے شرعا درست نہیں۔ اس لئے اب تک فوت شدہ یا رونے کی وجہ سے فاسد شدہ نمازوں کی قضا اور آئندہ کے لئے اس میں کوتاہی سے اجتناب لازم ہے۔ اسی طرح والد کی دیکھ بھال کی فکر کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی بیوی کو مناسب وقت دینے اور ان کی حقوق کی ادائیگی کا بھی اہتمام بھی ضروری ہے تاکہ ان کی حق تلفی نہ ہو ۔جبکہ اس کیفیت سے نکلنے کے لیے پنج وقتہ نمازوں کے بعد دعا کا اہتمام اور روزمرہ معمول کی تمام ذمہ دار یوں میں مشغول رہنے کی کوشش کریں، امید ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ بہتری آ جائیگی۔
كما في الدر المختار: (يفسدها التكلم) (إلى قوله) (والبكاء بصوت) يحصل به حروف. إلخ (كتاب الصلاة، باب ما يفسد الصلاة، ج: 1، ص: 613-619، ط: ايج ايم سعيد)
وفيه: (وقضاء الفرض والواجب والسنة فرض وواجب وسنة) لف ونشر مرتب. إلخ
وفي حاشية ابن عابدين: قوله "والسنة" يوهم العموم كالفرض والواجب وليس كذلك، فلو قال "وما يقضى من السنة" لرفع هذا الوهم. إلخ (كتاب الصلاة، باب ما يفسد الصلاة، ج: 1، ص: 619، ط: ايج ايم سعيد)