نکاح

لڑکے کا جو اس نے شادی کے موقع پر ناچ گانے وغیرہ رسومات پر رقم خرچ کی ہے طلاق کے بعد لڑکی والوں سے مطالبہ کرنا کیسا ہے؟

فتوی نمبر :
100169
| تاریخ :
معاملات / احکام نکاح / نکاح

لڑکے کا جو اس نے شادی کے موقع پر ناچ گانے وغیرہ رسومات پر رقم خرچ کی ہے طلاق کے بعد لڑکی والوں سے مطالبہ کرنا کیسا ہے؟

السلام علیکم، جنابِ عالی!
آن جناب سے گزارش ہے کہ میرے ایک مسئلے میں رہنمائی فرمائی جائے، جو درجِ ذیل ہے:
(1) بیرونِ ملک سے واٹس ایپ پر وائس ریکارڈنگ کرکے بھیجنا اور اس میں ساس اور سسر کا نام لے کر یہ کہنا کہ ’’ان کی بیٹی مجھ پر طلاق ہے، طلاق ہے، طلاق ہے‘‘، کہنے سے طلاق ہو جاتی ہے یا نہیں؟ جس کی ریکارڈنگ ابھی بھی موجود ہے۔
(2) طلاق اگر ہو جاتی ہے تو حقِ مہر ادا کرنے کا شریعت کے مطابق کتنا وقت ہوتا ہے؟
(3) طلاق سے پہلے لڑکی کو تحائف ملے ہوں، جو ساس یا سسر یا رشتہ داروں کی طرف سے ہوں، جیسے سونا، رقم وغیرہ، اور 9 سونے کی انگوٹھیاں ملی ہوں تو اس پر طلاق کے بعد کس کا حق ہے؟ یہ کہ لڑکے والوں کی طرف سے ایک رسم ہے کہ وہ لڑکی کو تحائف کے طور پر سونے کی انگوٹھیاں پہناتے ہیں۔
(4) لڑکے کا کہنا ہے کہ میں نے شادی میں 16,00,000 روپے (سولہ لاکھ روپے) خرچ کیے تھے، جو مجھے میرا سسر طلاق کے بعد ادا کرے۔ جو اس نے ناچ، گانا، گاڑیوں اور کھانے میں خرچ کیے تھے۔ مسئلے کی اس بات کی وضاحت فرمائیں کہ کیا یہ رقم لڑکی والے ادا کریں گے یا نہیں؟
(5) حقِ مہر میں چار تولہ سونا تھا، جو کہ لڑکے نے شادی کے بعد فروخت کر دیا تھا۔ مسئلہ: چار تولہ سونے کی رقم نکاح کے وقت کے حساب سے لڑکی کو ادا کی جائے گی یا طلاق والے دن کے حساب سے رقم ادا کی جائے گی، اور چار تولہ سونا کس کیرٹ میں شمار کیا جائے گا؟ ثبوت کے طور پر نکاح نامے کی کاپی منسلک ہے۔
(6) طلاق سے پہلے لڑکی کو لڑکے نے اپنے والدین کے گھر اپنی مرضی سے بٹھایا اور بچے کی پیدائش، لڑکی کے خرچے اور نان و نفقہ کی ذمہ داری کس کی ہے؟

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

(1) سوال میں ذکر کردہ وضاحت کے مطابق اگر شخصِ مذکور نے اپنی بیوی کو وائس میسج کے ذریعے اس کے والدین کے نام کے ساتھ یوں کہا کہ: ’’فلاں کی بیٹی مجھ پر طلاق ہے، طلاق ہے، طلاق ہے‘‘ تو اس سے اس کی بیوی پر تینوں طلاقیں واقع ہو کر حرمتِ مغلّظہ ثابت ہو چکی ہے۔ اب رجوع نہیں ہو سکتا اور حلالۂ شرعیہ کے بغیر دوبارہ باہم عقدِ نکاح بھی نہیں ہو سکتا۔ لہٰذا دونوں پر لازم ہے کہ فوراً ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کریں اور میاں بیوی والے تعلقات ہرگز قائم نہ کریں، ورنہ دونوں سخت گناہ گار ہوں گے۔ جبکہ عورت عدت مکمل کرنے کے بعد کسی دوسری جگہ نکاح کرنے میں بھی آزاد ہوگی۔
(2) عقدِ نکاح میں طے شدہ حقِ مہر اگر فی الفور ادا نہ کیا گیا ہو تو وہ شوہر کے ذمہ دَین ہوتا ہے، اور طلاق کی صورت میں مطلقہ بیوی کے مطالبے پر فی الفور ادا کرنا لازم و ضروری ہوتا ہے۔
(3) لڑکی کو شادی کے موقع پر جو کپڑے اور جوتے وغیرہ دیے جاتے ہیں، یہ عام طور پر اسے مالک بنا کر دیے جاتے ہیں اور دلہن ان تمام تحائف کی تنہا مالک ہوتی ہے، جس کی بنا پر شوہر یا کسی اور کو طلاق کے بعد بھی ان کے واپس لینے کا اختیار نہیں۔ جبکہ تحفہ دے کر واپسی کا مطالبہ کرنے والے کے لیے احادیثِ مبارکہ میں سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا ہے۔ ایک حدیثِ مبارک میں ایسے شخص کو ایسے کتے کے ساتھ تشبیہ دی گئی ہے جو (زمین پر) قے کرنے کے بعد دوبارہ اسے چاٹتا ہے، جو بلا شبہ قبیح اور رذیل حرکت ہے۔ اس لیے ان تحائف کو واپس لینے سے احتراز لازم ہے۔
جبکہ بوقتِ نکاح دیے جانے والے سونے چاندی کے زیورات کا حکم یہ ہے کہ جو زیورات بطورِ حقِ مہر بیوی کو دیے گئے تھے، وہ اس کا شرعی حق ہے، جس کی واپسی کا مطالبہ کرنا درست نہیں۔ البتہ جو زیورات محض استعمال کے لیے بطورِ رواج شادی کے موقع پر پہننے کے لیے دیے گئے ہوں، باقاعدہ مالکانہ حقوق و قبضہ کے ساتھ نہ دیے گئے ہوں، تو بوقتِ علیحدگی شوہر یا اس کے گھر والوں کے لیے ان کی واپسی کا مطالبہ کرنا درست ہوگا۔
(4) لڑکے کی طرف سے اپنی شادی کے موقع پر کیے جانے والے تمام اخراجات کا لڑکا بذاتِ خود ذمہ دار ہے، ان اخراجات کا لڑکی والوں سے مطالبہ کرنا شرعاً جائز نہیں۔
(5) سائل نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ اس نے اپنی بیوی سے چار تولہ سونا کس حیثیت سے لیا تھا، آیا بطورِ قرض تھا یا بطورِ تبرع، تاکہ اس کے مطابق جواب دیا جاتا۔ تاہم اگر بیوی نے اس کو سونا دیتے وقت قرض وغیرہ کی صراحت کی تھی تو مذکور مقدارِ سونا اس کے ذمہ قرض (دَین) ہے۔ اب سائل کے لیے حکمِ شرعی یہ ہے کہ وہ اپنی مطلقہ بیوی کو چار تولہ سونا اسی کیرٹ کا ادا کرے جس کیرٹ کا لیا تھا، یا اس کے برابر کی قیمت موجودہ مارکیٹ ویلیو کے حساب سے ادا کرے۔
(6) طلاق سے پہلے بیوی اگر شوہر کی اجازت و مرضی سے والدین کے گھر آئی ہو تو اس صورت میں اس کے نان و نفقہ اور طلاق کی صورت میں عدت کے خرچے اور بچے کی ولادت پر آنے والے اخراجات وغیرہ سب شوہر پر لازم ہیں۔ اور اگر وہ شوہر سے ناراض ہو کر اپنی مرضی سے، اس کی اجازت کے بغیر، والدین کے گھر رہائش پذیر تھی تو اس صورت میں صرف بچے کی پیدائش اور پرورش پر آنے والے حقیقی اخراجات ہی بچے کے والد کے ذمہ لازم ہوں گے، دیگر اخراجات سے وہ بری الذمہ ہوگا۔

مأخَذُ الفَتوی

(1)کمافی الھندیۃ: (وأما البدعی) فنوعان بدعی لمعنى يعود إلى العدد، و بدع لمعنى يعود إلى الوقت (فالذی) يعود إلى العدد أن يطلقها ثلاثا فی طهر واحد بکلمۃ واحدۃ أو بكلمات متفرقة أو يجمع بين التطليقتين فی طهر واحد بكلمة واحدة أو بكلمتين متفرقتين فإذا فعل ذلك وقع الطلاق و كان عاصيا، الخ (كتاب الطلاق، الباب الأول فی تفسير الطلاق و ركنه و شرطه و حكمه و وصفه و تقسيمه، الطلاق البدعی، ج 1، ص 349، ط: مکتبۃ ماجدیۃ)-
وفیھا ایضاً: و إن كان الطلاق ثلاثا فی الحرة و ثنتين فی الأمة لم تحل له حتى تنكح زوجا غيره نكاحا صحيحا و يدخل بها ثم يطلقها أو يموت عنها كذا فی الهداية، الخ (كتاب الطلاق، الباب السادس: فی الرجعة و فيما تحل به المطلقة و ما يتصل به، فصل فيما تحل به المطلقة و ما يتصل به، ج 1، ص 473، ط: مکتبۃ ماجدیۃ)-
(2)وفیھا ایضاً: لا خلاف لأحد أن تأجيل المهر إلى غاية معلومة نحو شهر أو سنة صحيح، وإن كان لا إلى غاية معلومة فقد اختلف المشايخ فيه قال بعضهم يصح وهو الصحيح وهذا؛ لأن الغاية معلومة فی نفسها وهو الطلاق أو الموت، الخ (کتاب النکاح، الباب السابع فی المهر، الفصل الحادی عشر فی منع المرأة نفسها بمهرها والتأجيل فی المهر، ج 1، ص 318، ط: مکتبۃ ماجدیۃ)-
(3)وفی الشامیۃ: تحت (قوله: لأن الظاهر يكذبه) قال فی الفتح: والذی يجب اعتباره فی ديارنا أن جميع ما ذكر من الحنطة واللوز والدقيق والسكر والشاة الحية وباقيها يكون القول فيها قول المرأة لأن المتعارف فی ذلك كله أن يرسله هدية والظاهر معها لا معه، ولا يكون القول إلا فی نحو الثياب والجارية اھ (إلی قولہ) قال فی النهر: وأقول وينبغی أن لا يقبل قوله أيضا فی الثياب المحمولة مع السكر ونحوه للعرف، اھ قلت: ومن ذلك ما يبعثه إليها قبل الزفاف فی الأعياد والمواسم من نحو ثياب وحلی، وكذا ما يعطيها من ذلك أو من دراهم أو دنانير صبيحة ليلة العرس ويسمى فی العرف صبحة، فإن كل ذلك تعورف فی زماننا كونه هدية لا من المهر ولا سيما المسمى صبحة، فإن الزوجة تعوضه عنها ثيابها ونحوها صبيحة العرس أيضا، الخ (کتاب النکاح، باب المھر، مطلب فيما يرسله إلى الزوجة، ج 3، ص 153، ط: ایچ ایم سعید)-
(5)وفی الدر: (استقرض من الفلوس الرائجة والعدالی فكسدت فعليه مثلها كاسدة) و (لا) يغرم (قيمتها) وكذا كل ما يكال ويوزن لما مر أنه مضمون بمثله فلا عبرة بغلائه ورخصه ذكره فی المبسوط من غير خلاف وجعله فی البزازية وغيرها قول الإمام وعند الثانی عليه قيمتها يوم القبض وعند الثالث قيمتها فی آخر يوم رواجها وعليه الفتوى، الخ (کتاب البیوع، ‌‌باب المرابحة والتولية، ‌‌فصل فی القرض، ج 5، ص 162، ط: ایچ ایم سعید)-
(6)وفی الھندیۃ: المعتدة عن الطلاق تستحق النفقة والسكنى كان الطلاق رجعيا أو بائنا، أو ثلاثا حاملا كانت المرأة، أو لم تكن كذا فی فتاوى قاضی خان، الخ (کتاب الطلاق، الباب السابع عشر فی النفقات، الفصل الثالث فی نفقة المعتدة، ج 1، ص 557، مکتبۃ ماجدیۃ)-
وفیھا ایضاً: نفقة الأولاد الصغار على الأب لا يشاركه فيها أحد كذا فی الجوهرة النيرة، الخ (کتاب الطلاق، الباب السابع عشر فی النفقات، الفصل الرابع فی نفقة الأولاد، ج 1، ص 560، مکتبۃ ماجدیۃ)-
وفیھا ایضاً: وإن نشزت فلا نفقة لها حتى تعود إلى منزله، والناشزة هی الخارجة عن منزل زوجها المانعة نفسها منه، الخ (کتاب الطلاق، الباب السابع عشر فی النفقات، الفصل الأول فی نفقة الزوجة، ج 1، ص 545، ط: مکتبۃ ماجدیۃ)-

واللہ تعالی اعلم بالصواب
عبداللہ اسد عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 100169کی تصدیق کریں
0     92
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات