السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
مفتی صاحب! ہمارا کپڑوں کا ایک برانڈ ہے۔ برانڈ کی تشہیر اور مارکیٹنگ کے لیے فوٹوگرافی اور ویڈیوگرافی کی ضرورت پیش آتی ہے۔ اس سلسلے میں درج ذیل امور میں شرعی رہنمائی مطلوب ہے:
سوال نمبر 1: مردوں کی تصاویر کا حکم
ہمارے برانڈ میں مردوں کے ملبوسات بھی ہیں۔ کیا مرد ماڈلز کی تصاویر ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پر ڈیجیٹل صورت میں استعمال کی جاسکتی ہیں؟ نیز، کیا ان تصاویر کو چہرے سمیت پرنٹ کرکے دکانوں میں پوسٹرز کی صورت میں لگانا جائز ہے؟
سوال نمبر 2: خواتین کے لباس کی تصاویر کا حکم
خواتین کے ملبوسات کی تشہیر کے لیے خواتین کی تصاویر استعمال کرنے کا کیا حکم ہے؟ کیا ایسی تصاویر ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پر ڈیجیٹل صورت میں یا دکانوں میں پوسٹرز کی صورت میں استعمال کی جاسکتی ہیں؟ نیز، چہرہ اور بال ظاہر ہونے یا چھپے ہونے کی صورت میں شرعی حکم کیا ہوگا؟
سوال نمبر 3: نقاب پوش خواتین کی تصاویر کا حکم
اگر کسی لڑکی کو اسکارف پہنا کر نقاب کروایا جائے، جس میں صرف آنکھیں نظر آرہی ہوں اور باقی چہرہ اور بال وغیرہ چھپے ہوئے ہوں، جیسا کہ عام طور پر خواتین نقاب کرتی ہیں، تو کیا ایسی نقاب پوش لڑکی کی تصویر کپڑوں کی تشہیر کے لیے سوشل میڈیا یا ویب سائٹ پر پوسٹ کرنا جائز ہے؟
سوال نمبر 4: مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ تصاویر کا حکم
اگر مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے فرضی مرد یا خواتین ماڈلز کی تصاویر تیار کی جائیں تو کیا انہیں کپڑوں کی تشہیر کے لیے ڈیجیٹل صورت میں ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پر استعمال کیا جاسکتا ہے؟ نیز، کیا ایسی تصاویر کو پرنٹ کرکے دکانوں میں پوسٹرز کی صورت میں لگانے کی اجازت ہے؟
سوال نمبر 5: ولاگرز اور پیڈ ماڈلز سے کام لینے کا حکم
آج کل سوشل میڈیا پر خواتین ولاگرز اور ماڈلز کو معاوضہ دے کر کپڑوں کی تشہیر کروائی جاتی ہے۔ اس سلسلے میں درج ذیل امور کا حکم بیان فرمائیں:
(الف) کیا خواتین کو معاوضہ دے کر اپنے کپڑوں کی تشہیر کے لیے ویڈیوز اور تصاویر بنوانا جائز ہے، خواہ وہ ویڈیوز اپنے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر نشر کریں یا ہمارے برانڈ کے پلیٹ فارمز پر؟
(ب) کیا ایسی خواتین کی بنائی ہوئی ویڈیوز اور تصاویر کو اپنے آفیشل سوشل میڈیا پیج، ویب سائٹ یا دیگر تشہیری پلیٹ فارمز پر استعمال کرنا جائز ہے؟
(ج) اگر مذکورہ تشہیری کام شرعاً ناجائز ہو تو اس کے عوض معاوضہ لینا اور دینا کیسا ہے؟
برائے کرم مذکورہ تمام امور میں شرعی رہنمائی فرما کر ممنون فرمائیں۔
جواب سے قبل بطورِ تمہید یہ بات سمجھنی چاہیے کہ ڈیجیٹل تصویر کو جب تک پرنٹ آؤٹ کی صورت میں نہ نکالا جائے، اس وقت تک اس کے حرام تصویر کے حکم میں داخل ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے معاصر اہلِ علم کی آراء میں اختلاف ہے۔ بعض اہلِ علم ڈیجیٹل تصویر کو بھی پرنٹ شدہ تصویر کی طرح حرام سمجھتے ہیں، جبکہ محققین اہلِ علم کے نزدیک ڈیجیٹل تصویر حرام تصویر کے حکم میں داخل نہیں، بلکہ اس کے استعمال کی گنجائش ہے۔ نیز، خواتین کے متعلق شریعتِ مطہرہ کا عمومی مزاج یہ ہے کہ انہیں عام لوگوں کی نظروں سے اوجھل رکھا جائے اور کسی سخت ضرورت کے بغیر مردوں کے سامنے نہ لایا جائے۔
اس مختصر تمہید کے بعد تمام سوالات کے جوابات بالترتیب درج ذیل ہیں:
1۔ مردوں کے ملبوسات کی تشہیر کے لیے مردوں کی تصاویر ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پر ڈیجیٹل صورت میں استعمال کرنے کی گنجائش ہے، بشرطیکہ تصاویر اسکرین تک محدود رہیں اور ان میں کوئی غیر شرعی امر نہ ہو۔ البتہ، ایسی تصاویر کو پرنٹ کرکے دکانوں یا سائن بورڈز پر پوسٹرز کی صورت میں آویزاں کرنا جائز نہیں۔
2، 3۔ خواتین کے لیے بوقتِ ضرورت نقاب کرکے گھر سے باہر نکلنے کی اگرچہ اجازت ہے، لیکن خواتین (خواہ وہ نقاب کی حالت میں ہی کیوں نہ ہوں) کی تصاویر لے کر انہیں کاروباری مقاصد کے لیے استعمال کرنا مناسب نہیں۔ لہٰذا، سائل کو چاہیے کہ خواتین کے ملبوسات کی تشہیر کے لیے خواتین کی تصاویر (خواہ وہ نقاب میں ہوں اور ڈیجیٹل صورت میں ہی کیوں نہ ہوں) استعمال کرنے کے بجائے کوئی متبادل طریقہ اختیار کرے۔
4۔ مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تیار کردہ فرضی مرد ماڈلز کی تصاویر مذکورہ بالا شرائط کے ساتھ ڈیجیٹل صورت میں استعمال کرنے کی گنجائش ہے، البتہ انہیں پرنٹ کرکے استعمال کرنا جائز نہیں۔ دوسری طرف، حقیقی خواتین کی تصاویر کے بجائے مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تیار کردہ فرضی خواتین کی تصاویر کو کپڑوں کی تشہیر کے لیے استعمال کرنے میں بھی متعدد مفاسد پائے جاتے ہیں، اس لیے کپڑوں کی تشہیر کے لیے مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کردہ خواتین کی تصاویر استعمال کرنے سے بھی اجتناب کرنا چاہیے۔
5۔ خواتین ولاگرز یا ماڈلز سے ملبوسات کی تشہیر کے لیے ویڈیوز اور تصاویر بنوانا اور ان کے ذریعے کپڑوں کی تشہیر کروانا، خواہ وہ انہیں اپنے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر نشر کریں یا برانڈ کے پلیٹ فارمز پر، مناسب نہیں۔ اسی طرح، ان کی تیار کردہ ایسی تصاویر اور ویڈیوز کو اپنے آفیشل پیج، ویب سائٹ یا دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تشہیر کے لیے استعمال کرنے اوراس کے عوض اجرت کا لین دین کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔