السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔
میرا ایک سوال پردیس میں رہنے والے مسلمان نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کے بارے میں ہے۔
آج کل بہت سے مسلمان لڑکے اور لڑکیاں تعلیم یا روزگار کی وجہ سے اپنے ملک سے باہر اکیلے رہتے ہیں۔ بعض اوقات نہ ان کے والدین ان کے ساتھ ہوتے ہیں، نہ بھائی، نہ کوئی قریبی رشتہ دار اور نہ کوئی ایسا سرپرست موجود ہوتا ہے جو ان کی رہنمائی یا نگرانی کرے۔ لڑکی بھی اکیلی ہوتی ہے اور لڑکا بھی اکیلا ہوتا ہے۔
ایسے ماحول میں بعض اوقات ایک غیر محرم لڑکا اور لڑکی ایک دوسرے کا سہارا بن جاتے ہیں۔ شروع میں شاید تعلق صرف دوستی یا مدد تک ہوتا ہے، لیکن وقت کے ساتھ وہ ایک دوسرے کے بہت قریب آ جاتے ہیں، ساتھ وقت گزارتے ہیں اور جذباتی طور پر ایک دوسرے پر dependent ہو جاتے ہیں۔ پھر بعض صورتوں میں تعلق اتنا قریب پہنچ جاتا ہے کہ انسان کے لیے اپنے جذبات اور خواہشات کو control کرنا مشکل ہو جاتا ہے اور زنا جیسے بڑے گناہ میں پڑنے کا شدید خطرہ پیدا ہو جاتا ہے۔
میرا سوال یہ ہے کہ اگر دو بالغ مسلمان لڑکا اور لڑکی ایسی صورتِ حال میں ہوں، دونوں ایک دوسرے کو پسند کرتے ہوں، اور دونوں کو یہ خوف ہو کہ اگر وہ اسی طرح قریب رہے تو حرام تعلق یا زنا میں مبتلا ہو سکتے ہیں، تو کیا وہ اس گناہ سے بچنے کے لیے شرعی نکاح کر سکتے ہیں؟
خاص طور پر اگر وہ پردیس میں ہوں اور لڑکی کے ساتھ اس کا کوئی ولی، والد، بھائی یا قریبی سرپرست موجود نہ ہو، اور لڑکے کا بھی کوئی سرپرست یا خاندان کا فرد وہاں موجود نہ ہو، تو ایسی صورت میں شریعت ان کے لیے کیا راستہ بتاتی ہے؟
میں نے بعض بیانات میں یہ بھی سنا ہے کہ اگر لڑکا اور لڑکی ایک دوسرے کو قبول کر لیں اور کہیں کہ ہم نے ایک دوسرے کو نکاح میں قبول کیا، تو نکاح ہو جاتا ہے۔ کیا یہ بات درست ہے؟ کیا صرف دونوں کا آپس میں "قبول ہے" کہنا کافی ہے، یا نکاح کے لیے گواہ، ولی، مہر اور دوسری شرعی شرائط بھی ضروری ہیں؟
اور اگر لڑکی کا ولی یا سرپرست موجود ہی نہ ہو، تو ایسی صورت میں نکاح کیسے ہوگا؟ کیا کوئی دوسرا شرعی طریقہ موجود ہے، مثلاً کسی معتبر عالم، قاضی یا اسلامی ادارے کے ذریعے؟
براہِ کرم قرآن و سنت اور فقہ کی روشنی میں واضح فرمائیں کہ پردیس میں ایسی صورتِ حال سے گزرنے والے لڑکے اور لڑکی کے لیے حلال اور شرعی راستہ کیا ہے، تاکہ وہ ایک طرف زنا اور حرام تعلق سے بچ سکیں اور دوسری طرف ایسا نام نہاد نکاح بھی نہ کریں جو شرعاً نکاح ہی نہ ہو۔
جزاکم اللہ خیراً۔
واضح ہو کہ نکاح کے صحیح طور پر منعقد ہونے کے لیے لڑکے اور لڑکی کے اولیاء کا مجلسِ نکاح میں موجود ہونا ضروری نہیں، بلکہ اگر اولیاء کو مطلع کرکے ان کی اجازت ورضامندی سے نکاح کیا جائے تو بھی شرعاً نکاح درست منعقد ہوجاتا ہے۔ اسی طرح اگر لڑکا اور لڑکی کفو ہوں تو عندالاحناف عاقلہ وبالغہ لڑکی کے نکاح کے انعقاد کے لیے اولیاء کی اجازت ورضامندی بھی ضروری نہیں، بلکہ ان کی اجازت کے بغیر بھی اس کا نکاح منعقد ہوجاتا ہے۔لہٰذا بیرونِ ممالک روزگار یا تعلیم کے سلسلے میں مقیم مسلمان لڑکے اور لڑکیوں پر لازم ہے کہ وہ شرعی احکامات کی پابندی کریں اور ایسے اقدامات سے اجتناب کریں جو گناہ اور حرام کاری کا سبب بن سکتے ہوں۔ البتہ اگر نکاح کے بغیر ایک ساتھ رہنے کی صورت میں ان کے گناہ میں مبتلا ہونے کا اندیشہ ہو تو انہیں چاہیے کہ اولیاء کے علم میں لاکر ان کی اجازت ورضامندی سے نکاح کریں۔ چنانچہ اس صورت میں اگر باقاعدہ گواہوں کی موجودگی میں حقِ مہر مقرر کرکے نکاح کیا جائے تو شرعاً نکاح درست منعقد ہوجائے گا۔البتہ اولیاء کی اجازت ورضامندی کے بغیر خفیہ طور پر نکاح کرنا بہرحال مناسب نہیں، اس لیے ایسے نکاح سے اجتناب کرنا چاہیے۔
کما فی الھدایۃ: ولا ينعقد نكاح المسلمين إلا بحضور شاهدين حرين عاقلين بالغين مسلمين رجلين أو رجل وامرأتين الخ. (کتاب النکاح،2/5)
وفی بدائع الصنائع: الحرة البالغة العاقلة إذا زوجت نفسها من رجل أو وكلت رجلاً بالتزويج فتزوجها أو زوجها فضولي فأجازت جاز في قول أبي حنيفة وزفر وأبي يوسف الأول سواء زوجت نفسها من كفء أو غير كفء بمهر وافر أو قاصر غير أنها إذا زوجت نفسها من غير كفء فللأولياء حق الاعتراض. (فصل ولایة الندب والاستحباب فی النکاح، 247/2، ط: سعید)
وفی الدر المختار: (فنفذ نكاح حرة مكلفة بلا) رضا (ولي) والأصل أن كل من تصرف في ماله تصرف في نفسه وما لا فلا. (باب الولی، 55/3، ط: سعید)