گناہ و ناجائز

اسنوکر گیم کی فیس لینے اور اس سے انعام دینے کا حکم

فتوی نمبر :
100087
| تاریخ :
2026-10-06
حظر و اباحت / جائز و ناجائز / گناہ و ناجائز

اسنوکر گیم کی فیس لینے اور اس سے انعام دینے کا حکم

السلام علیکم مفتی صاحب! میں نے آپ سے پہلے سنوکر کے بارے میں پوچھا تھا۔ میں نے قرض لے کر سنوکر کی دکان شروع کی ہے۔ مجھے پہلے کسی نے نہیں بتایا تھا کہ اس طرح ٹوکن یا انعام والا طریقہ جوا بن سکتا ہے۔ میرا خیال یہی تھا کہ یہ بچوں کا عام کھیل ہے، اسی لیے میں نے دکان کھول لی۔
پانچ بچے کھیلتے ہیں اور ہر بچہ 20 روپے کھیلنے کی فیس دیتا ہے۔ پہلے ہم جیتنے والے بچے کو کبھی 50، کبھی 60 یا 70 روپے انعام دیتے تھے، لیکن آپ کے فتویٰ کے بعد میں نے ٹوکن والا طریقہ مکمل طور پر بند کر دیا ہے۔ اب کوئی بچہ میرے پاس کھیلنے نہیں آ رہا۔ آس پاس کی دوسری دکانوں پر بچے جا رہے ہیں کیونکہ وہاں ٹوکن اور انعام والا طریقہ چل رہا ہے۔
بچے اب مجھ سے کہتے ہیں کہ آپ جوا نہ کروائیں، لیکن جیتنے والے بچے کو انعام تو دیں۔ جیسے کھیلوں کے مقابلوں، کرکٹ وغیرہ میں جیتنے والوں کو ٹرافی یا انعامی رقم دی جاتی ہے، اور پڑھائی میں پہلی پوزیشن لینے والے بچے کو بھی انعام یا ٹرافی ملتی ہے۔ اسی طرح بچے کھیل میں انعام کی وجہ سے دلچسپی لیتے ہیں۔
میرا سوال یہ ہے کہ اگر میں بچوں سے صرف کھیلنے کی مقررہ فیس (20 روپے فی بچہ) لوں، اور جیتنے والے کو انعام بچوں سے جمع کی گئی فیس میں سے نہ دوں، بلکہ اپنی دکان کے خرچ/اپنی الگ رقم میں سے انعام دوں، تو کیا یہ بھی جوا یا حرام ہوگا؟ کیا بچوں سے صرف کھیلنے کی فیس لینا جائز ہوگا؟
میں اس وقت بہت پریشان ہوں کیونکہ میں نے قرض لے کر یہ دکان شروع کی ہے اور مجھے پہلے اس مسئلے کا علم نہیں تھا۔ براہِ کرم میری اسی مکمل صورت کا واضح شرعی حکم بتا دیں کہ کیا میں اس طریقے سے دکان چلا سکتی ہوں یا نہیں؟ جزاکم اللہ خیراً۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

سوال ميں ذكر كرده صورت ميں اگر واقعتاً شرکاءسے مذکورہ رقم فیس کی مد میں لی جائے اور شرکاءکو اس کے عوض اسنوكر کھیلنے کا موقع فراہم کیا جائےاور انعام نہ ملنے کی صورت میں مذکورہ رقم شرکاء کو منتظم سے واپس لینے کا کسی طور حق نہ ہو تو ایسی صورت میں اگر منتظم فرد اپنی رضا و رغبت سے کچھ رقم بطور انعام کسی کھلاڑی کو دے دے تو شرعاً یہ صورت درست ہے، البتہ اسنوکر کھیلنے کی گنجائش صرف اس صورت میں ہے کہ اس میں جوے کی شرط نہ لگائی جائے اور نہ ہی اس کی وجہ سے فرض نماز یا حقوق واجبہ کی ادائیگی میں کوتاہی ہو ، ورنہ اس سے اجتناب لازم ہے۔ چونکہ عموماً اس طرح کے گیموں میں اشتغال کی وجہ سے کھیلنے والے اور منتظم افراد کی فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی ہوتی ہے، اس لیے سائل کو چاہئیے کہ اسنوکر کلب کے علاوہ کوئی اور شکوک و شبہات سے پاک حلال ذریعہ معاش اپنائے، تاہم جب تک کوئی اور حلال ذریعہ معاش نہ ملے تب تک مذکور کام جاری رکھنے کی گنجائش ہے۔

مأخَذُ الفَتوی

الدر المختار مع رد المحتار:(ولا بأس بالمسابقة في الرمي والفرس)…(والإبل و) على (الأقدام) لأنه من أسباب الجهاد فكان مندوبا وعند الثلاثة لا يجوز في الأقدام أي بالجعل أما بدونه فيباح في كل الملاعب كما يأتي (حل الجعل) … (إن شرط المال) في المسابقة (من جانب واحد وحرم لو شرط) فيها (من الجانبين) لأنه يصير قمارا (إلا إذا أدخلا ثالثا) محللا (بينهما) بفرس كفء لفرسيهما يتوهم أن يسبقهما وإلا لم يجز ثم إذا سبقهما أخذ منهما وإن سبقاه لم يعطهما وفيما بينهما أيهما سبق أخذ من صاحبه (قوله من جانب واحد) أو من ثالث بأن يقول أحدهما لصاحبه إن سبقتني أعطيتك كذا، وإن سبقتك لا آخذ منك شيئا أو يقول الأمير لفارسين أو راميين من سبق منكما فله كذا، وإن سبق فلا شيء له اختيار وغرر الأفكار (قوله من الجانبين) بأن يقول إن سبق فرسك فلك علي كذا، وإن سبق فرسي فلي عليك كذا زيلعي وكذا إن قال إن سبق إبلك أو سهمك إلخ تتارخانية (قوله لأنه يصير قمارا) لأن القمار من القمر الذي يزداد تارة وينقص أخرى، وسمي القمار قمارا لأن كل واحد من المقامرين ممن يجوز أن يذهب ماله إلى صاحبه، ويجوز أن يستفيد مال صاحبه وهو حرام بالنص، ولا كذلك إذا شرط من جانب واحد لأن الزيادة والنقصان لا تمكن فيهما بل في أحدهما تمكن الزيادة، وفي الآخر الانتقاص فقط فلا تكون مقامرة لأنها مفاعلة منه زيلعي. (6/403، ط: دار الفكر)
كما في تكملة فتح الملھم: وعلى هذا الأصل فالألعاب التي يقصد بها رياضة الأبدان أو الأذهان جائزه في نفسها ما لم تشتمل على معصيه أخرى ،وما لم يؤدي الانهماك فيها إلى الاخلال بواجب الإنسان في دينه ودنياه،والله سبحانه أعلم (257/4، ط: دار العلوم كراتشي)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد الیاس آفریدی عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 100087کی تصدیق کریں
0     23
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات