السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علماءِ دین و مفتیانِ شرعِ متین اس مسئلے کے بارے میں کہ میری عنقریب شادی ہونے والی ہے۔ جس گھر میں میری شادی ہو رہی ہے، وہاں جوائنٹ فیملی (مشترکہ خاندانی نظام) ہے اور میرے ہونے والے دیور اور جیٹھ بھی اسی گھر میں ساتھ رہتے ہیں۔گھر کے ماحول اور مشترکہ نظامِ زندگی کی وجہ سے میرے لیے گھر کے اندر 24 گھنٹے دیور اور جیٹھ سے چہرے کا مکمل نقاب کرنا انتہائی مشکل نظر آتا ہے۔ میں گھر کے اندر چہرے کا نقاب تو نہیں کرنا چاہتی، لیکن بڑا دوپٹہ یا چادر سر اور جسم پر اچھی طرح اوڑھنے کا ارادہ رکھتی ہوں تا کہ ستر اور پردہ قائم رہے۔شرع شریف کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں:کیا اس طرح کے جوائنٹ فیملی نظام میں چہرے کا نقاب کیے بغیر صرف بڑے دوپٹے یا چادر سے سر اور جسم ڈھانکنا شرعاً کافی ہوگا؟دیور اور جیٹھ کے ساتھ ایک ہی گھر میں رہتے ہوئے مجھے کن شرعی حدود اور احتیاطی تدابیر کا خیال رکھنا لازمی ہوگا؟
واضح ہو کہ دیور اور جیٹھ شرعاً غیر محرم ہیں، لہٰذا ان سے پردہ کرنا لازم ہے۔ جوائنٹ فیملی سسٹم میں رہنے کی وجہ سے پردے کا حکم ساقط نہیں ہوتا۔ البتہ گھر کے اندر ہر وقت برقع پہننا ضروری نہیں، بلکہ گھر کے کام کاج کے وقت بڑی چادر سے سر، بال اور پورا جسم ڈھانپ کر چہرے پر ہلکا سا گھونگھٹ ڈالنے کا اہتمام کیا جائے۔ نیز بلا ضرورت ان کے سامنے آنے، بے تکلفی اختیار کرنے اور ان کے ساتھ تنہائی میں بیٹھنے سے احتراز لازم ہے۔ اسی طرح گھر میں داخل ہوتے وقت غیر محرم مردوں کو اپنے آنے کی اطلاع دینی چاہیئے، تاکہ خواتین پردے کا اہتمام کرسکیں۔اگر ان احتیاطوں کے باوجود اتفاقاً آمنا سامنا ہوجائے یا اچانک نظر پڑ جائے تو اس پر مؤاخذہ نہ ہوگا،لہذا سائلہ کو بھی مذکورہ بالا تفصیل کے مطابق عمل کرنا چاہئیے۔
كما في صحيح البخاري: عن عقبة بن عامر: أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: «إياكم والدخول على النساء» فقال رجل من الأنصار: يا رسول الله، أفرأيت الحمو؟ قال: «الحمو الموت» اھ (7/ 37)
وفي الهامش تحتہ: (إياكم والدخول على النساء) احذروا من الدخول على النساء غير المحارم ومنع الدخول يستلزم منع الخلوة من باب أولى. (أفرأيت الحمو) أخبرني عن دخول الحمو على المرأة والمراد بالحمو أقارب الزوج من غير المحارم كالأخ والعم والخال وأبنائهم. (الحمو الموت) لقاؤه الهلاك لأن دخوله أخطر من دخول الأجنبي وأقرب إلى وقوع الجريمة لأن الناس يتساهلون بخلطة الرجل بزوجة أخيه والخلوة بها فيدخل بدون نكير فيكون الشر منه أكثر والفتنة به أمكن] (7/ 37)
و في عمدة القاري شرح صحيح البخاري: (الحمو الموت) (إلی قوله) قال النووي: المراد من الحمو في الحديث أقارب الزوج غير آبائه وأبنائه لأنهم محارم للزوجة يجوز لهم الخلوة بها، ولا يوصفون بالموت. قال: وإنما المراد: الأخ وابن الأخ والعم وابن العم وابن الأخت ونحوهم (20/ 213)
جوائنٹ فیملی میں حجاب و پردے کا حکم- انتقال کے بعد میاں بیوی کے رشتہ کا حکم
یونیکوڈ حجاب کے آداب و احکام 0مرد ڈاکٹر کا مریض عورتوں کو دیکھنے ،چھونے اور طالبات کو نرسنگ سیکھانے کا حکم
یونیکوڈ حجاب کے آداب و احکام 1غیر محرم کے سامنے بغیر پردہ اور ننگے سر پھرنا گناہ کبیرہ ہے یا صغیرہ؟
یونیکوڈ حجاب کے آداب و احکام 0