محترم مفتی صاحب، السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔
امید ہے آپ بخیریت ہوں گے اور اللہ تعالی آپ کو صحت و سلامتی کے ساتھ اپنے حفظ و امان میں رکھے۔
مفتی صاحب! سب سے پہلے تو میں دل کی گہرائیوں سے معذرت خواہ ہوں کہ ایک طویل عرصے سے آپ سے رابطہ نہیں کر پایا۔ سچ یہ ہے کہ اس دوران جب بھی مجھے زندگی کے معاملات میں رہنمائی کی ضرورت محسوس ہوئی، مجھے ہمیشہ آپ کی یاد آتی رہی، لیکن اپنی مصروفیات یا غفلت کی وجہ سے حاضری نہ ہو سکی، جس کے لیے میں دل سے معافی کا طلب گار ہوں۔
الحمدللہ، اللہ کا بے انتہا شکر اور احسان ہے کہ ماضی میں آپ کی دعاؤں اور قیمتی رہنمائی کی برکت سے مجھے اپنی زندگی کے بہت سے معاملات میں بے شمار فائدے حاصل ہوئے اور اللہ پاک نے مجھے میری اوقات سے بڑھ کر نوازا ہے۔ جتنا بھی شکر ادا کروں کم ہے۔ جیسا کہ آپ کے علم میں ہے کہ میں اس وقت کویت میں اپنی فیملی (اہلیہ اور ایک بچے) کے ساتھ اچھے سے سیٹل ہوں، اور والدین کو بھی یہاں بلاتا رہتا ہوں اور وہ آتے جاتے رہتے ہیں۔
آج ایک بار پھر زندگی کے کچھ ایسے موڑ پر کھڑا ہوں جہاں مجھے آپ کی مخلصانہ اور شرعی رہنمائی کی اشد ضرورت ہے۔ کچھ خاندانی اور ذاتی مسائل ہیں جن کی وجہ سے دل شدید پریشان اور بے چین رہتا ہے۔ مسائل درج ذیل ہیں:
**۱۔ والدین کی دیکھ بھال اور خدمت کا مسئلہ:**
میرے والدین اس وقت انڈیا میں ہیں۔ بڑے بھائی کا انتقال ہو چکا ہے اور ان کی اہلیہ (بڑی بھابھی) الگ رہتی ہیں۔ دوسرے نمبر والے بھائی سعودی عرب میں مقیم ہیں، ان کی اہلیہ (مجھ سے چھوٹی بھابھی) ماشاءاللہ جتنا ہو سکے ممی ڈیڈی کا خیال رکھتی ہیں، لیکن والدین وہاں مکمل طور پر خوش نہیں ہیں۔ میری بہن نے بھی والدین کی ذمہ داری اٹھانے سے صاف ہاتھ اٹھا لیے ہیں۔
میں دل سے چاہتا ہوں کہ ممی ڈیڈی مستقل میرے پاس کویت میں رہیں، لیکن انہیں یہاں کا ماحول پسند نہیں آتا۔ انڈیا میں کھلا ماحول ہے، گھومنے پھرنے کی آزادی ہے، جبکہ یہاں وہ محصور ہو کر رہ جاتے ہیں۔ امی کو تو پھر بھی یہاں اچھا لگتا ہے، لیکن ابا جان کا دل یہاں بالکل نہیں لگتا اور وہ انڈیا میں ہی رہنا پسند کرتے ہیں۔ اس صورتحال میں، میں نے سوچا تھا کہ اپنی اہلیہ کو والدین کی خدمت کے لیے انڈیا بھیج دوں، لیکن وہ دل سے اس بات پر راضی نہیں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہاں اکیلے رہنے سے خاندانی جھگڑے اور دیگر مسائل کھڑے ہوں گے۔ میں کسی پر زبردستی بھی نہیں کرنا چاہتا۔
الحمدللہ، مالی طور پر میں والدین کا پورا خیال رکھتا ہوں؛ پیسے، دوا، کھانے پینے یا جس چیز کی بھی انہیں ضرورت ہو، میں فورا فراہم کرتا ہوں، لیکن دل میں ہر وقت یہ گلٹ (افسوس) رہتا ہے کہ میں جسمانی طور پر ان کے پاس موجود نہیں ہوں۔ کل کو کوئی بات ہو گئی تو مجھے عمر بھر افسوس رہے گا۔
اس سلسلے میں ایک اور الجھن بھی ہے:
انڈیا میں ہمارا جو اپنا گھر ہے، والدین وہاں رہنا چاہتے ہیں لیکن وہاں ان کی دیکھ بھال کے لیے کوئی ساتھ رہنے کو تیار نہیں ہے۔ دوسری طرف، چھوٹی بھابھی چاہتی ہیں کہ والدین ان کے گھر (جو کہ ان کا ذاتی یا مائکے کا گھر ہے) میں رہیں، لیکن وہ گھر کافی چھوٹا ہے اور ابا جان کو وہاں رہنا پسند نہیں ہے۔
مفتی صاحب! میں شدید الجھن میں ہوں کہ کیا کروں؟ کیا اپنی بیوی کو مجبور کر کے انڈیا بھیجوں؟ یا والدین کو ان کی مرضی کے خلاف یہاں کویت آنے پر اصرار کروں؟ میں کس طرح ان کی بہترین خدمت کر سکتا ہوں کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ بھی راضی ہوں اور میرا دل بھی مطمئن ہو جائے؟
۲۔ نمازوں میں سستی اور گناہوں سے بچنے کی تدبیر:
دوسرا مسئلہ میری روحانی زندگی کا ہے۔ افسوس کے ساتھ عرض کرنا پڑ رہا ہے کہ میری نمازوں میں وہ پابندی اور تسلسل نہیں رہا جو ہونا چاہیے، اکثر سستی ہو جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی، انسان ہونے کے ناطے کچھ غلطیاں اور گناہ بھی سرزد ہو جاتے ہیں جن پر دل بہت نادم ہے۔ اللہ مجھے معاف فرمائے۔ میں ان گناہوں کی دلدل سے نکلنا چاہتا ہوں اور نمازوں کا پکا پابند بننا چاہتا ہوں۔ مجھے اس کا کوئی حل یا وظیفہ بتائیں۔
۳۔ آخرت اور قبر کی تیاری:
میں اپنی آخرت اور قبر کی تیاری دل وجان سے کرنا چاہتا ہوں اور خود کو اللہ کے حضور سرخرو دیکھنا چاہتا ہوں۔ اس مقصد کے لیے مجھے کن کتابوں کا مطالعہ کرنا چاہیے؟ اور اپنی روزمرہ کی زندگی میں کیا تبدیلیاں لانی چاہئیں؟
4۔ دوسری اولاد کی خواہش اور طبی مسائل:
ہم اپنی دوسری اولاد کے لیے کوشش کر رہے ہیں، لیکن کافی وقت سے کامیابی نہیں مل رہی۔ حال ہی میں جب مَیں نے ڈاکٹر سے رجوع کیا اور اپنے طبی ٹیسٹ کروائے، تو رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ میرے جراثیم (Spam/Sperm Count) کی تعداد کافی کم ہے، اور جو جراثیم موجود ہیں ان کی حرکت (Motility/Movement) بھی بہت کمزور ہے، یعنی وہ حرکت نہیں کر پا رہے ہیں۔
میں ڈاکٹر کی بتائی ہوئی دوائیں باقاعدگی سے کھا رہا ہوں، لیکن ابھی تک کوئی خاص اثر یا بہتری نظر نہیں آ رہی ہے، جس کی وجہ سے دل میں ایک ناامیدی اور مایوسی سی بیٹھتی جا رہی ہے۔
۵۔ دل کے اطمینان اور رزق و اولاد میں برکت کے لیے رہنمائی:
اس تمام صورتحال نے مجھے اندر سے بہت زیادہ پریشان کر دیا ہے، جس کا اثر میری ذہنی اور ازدواجی زندگی پر بھی پڑ رہا ہے۔ مَیں آپ سے درج ذیل امور پر رہنمائی کا طالب ہوں:
اس طبی و جسمانی کمزوری کو دور کرنے اور نیک و صالح اولاد کے حصول کے لیے کوئی خاص قرآنی وظیفہ یا دعا ارشاد فرما دیں۔
ہمارے اس رشتے میں محبت، سکون اور برکت برقرار رہے اور مَیں اس آزمائش میں ناامید نہ ہوں، اس کے لیے دل کے اطمینان کا کوئی حل بتائیں۔
کیا کوئی ایسی مستند دینی کتابیں یا بزرگوں کے ملفوظات ہیں جن کے مطالعے سے ایمان مضبوط ہو اور ایسے حالات میں اللہ کی رضا پر راضی رہنے کا حوصلہ ملے؟
مفتی صاحب! اولاد اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے، اور میں اس نعمت کے لیے اللہ کے حضور گڑگڑاتا ہوں۔ آپ سے عاجزانہ درخواست ہے کہ میرے تمام مسائل، خاص طور پر اس پوشیدہ بیماری سے شفا اور دوسری اولاد کی خوشی کے لیے اپنے مصلے پر میرے لیے خصوصی دعا فرمائیں۔
مفتی صاحب! آپ کی رہنمائی میرے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہی ہے۔ برائے مہربانی میری اس پریشانی کے حل کے لیے اپنے قیمتی وقت میں سے چند لمحے نکال کر تفصیلی رہنمائی فرمائیں اور میرے اور میری فیملی کے لیے خصوصی دعا بھی فرمائیں۔
اللہ آپ کا سایہ ہمارے سروں پر سلامت رکھے۔
طالبِ دعا و رہنمائی،
واضح ہوکہ والدین کی خدمت اور ان کے ساتھ حسنِ سلوک اولاد کے اہم ترین فرائض میں شامل ہے، تاہم بیوی شوہر کے والدین کی خدمت کی شرعاً مکلف نہیں، لہٰذا اسے اس مقصد کے لیے اس کی رضامندی کے بغیر انڈیاجانے پر مجبور کرنا درست نہیں۔
چنانچہ اگرسائل کے والدین اس کے پاس شہرمیں رہنے کی بجائے گاؤں میں رہناپسندکرتے ہواورانھیں کسی قسم کی جسمانی مددکی ضرورت نہ ہوتوان سےمسلسل رابطہ رکھتے ہوئےحسب استطاعت مالی تعاون کےذریعے ان کی راحت و آسائش کے اسباب فراہم کرنے سے بھی خدمت کے فریضہ کی ذمہ داری اداہوجائے گی ۔
جبکہ اصلاح اعمال اورسابقہ کوتاہیوں کی معافی اورازالے کےلیے نمازوں کی پابندی، توبہ و استغفار کی کثرت، تلاوتِ قرآنِ کریم اور نیک لوگوں کی صحبت اختیار کرنے کااہتمام چاہیے۔
نیز اولاد کے حصول کے لیےسائل کو مایوسی سے اجتناب کرتےہوئےجائز طبی علاج جاری رکھنا چاہیے اور ساتھ ہی کثرت سے ﴿رَبِّ هَبْ لِي مِنَ الصَّالِحِينَ﴾ اور ﴿رَبِّ لَا تَذَرْنِي فَرْدًا وَأَنْتَ خَيْرُ الْوَارِثِينَ﴾ کا ورد کرتا رہے۔ ، کیونکہ اولاد، صحت اور رزق سب اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہیں، وہ جب چاہے اور جس طرح چاہے عطا فرماتا ہے۔