السلام علیکم!
میرے والد صاحب کی عمر 68 سال ہے۔ وہ پانچ وقت کے نمازی ہیں، پڑھے لکھے ہیں اور دین کو سمجھتے بھی ہیں، مگر میں نے انہیں کئی مرتبہ دیکھا ہے کہ وہ چھوٹے بچوں (لڑکوں) کو اپنے آپ سے اکیلے میں چمٹاتے ہیں اور انہیں پیار کرتے ہیں، جس کی شکایت ایک دو مرتبہ بچوں نے بھی کی ہے۔ اس کے ساتھ وہ ماسی کے ساتھ بھی کبھی کوئی غلط حرکت کر چکے ہیں، جس کی شکایت بھی کی گئی ہے۔یہ سب چیزیں مجھے بہت پریشان کرتی ہیں اور ان کی دینی باتیں مجھے محض دکھاوا محسوس ہوتی ہیں۔ دنیا انہیں بہت دیندار سمجھتی ہے۔ ہمارا کام بھی ایک ساتھ ہے اور رہائش بھی ایک ساتھ ہے۔ وہ مجھے یہ سمجھاتے ہیں کہ میں ان کی باتیں سننا نہیں چاہتا اور اپنے باپ سے دور ہونا چاہتا ہوں، جبکہ ان کی باتوں سے میرے دل میں آگ لگتی ہے۔اس پوری صورتِ حال میں شریعت کے لحاظ سے مجھے انہیں کہنا چاہیے کہ آپ یہ سب غلط کر رہے ہیں؟ یا مجھے خاموش رہنا چاہیے؟دعاؤں میں یاد رکھیں۔
سوال میں درج کردہ تفصیل واقعۃً درست اور مبنی بر حقیقت ہو، اس طور پر کہ سائل کا والد چھوٹے بچوں اور گھر کی ماسی کے ساتھ غلط حرکات میں ملوث ہو، محض کسی کا الزام یا سائل کا وہم نہ ہو، تو اس کی وجہ سےسائل کا والد سخت گناہ گار ہورہاہے۔ اس پر لازم ہے کہ اپنے مذکورہ افعال سے بصدقِ دل توبہ و استغفار کرے اور آئندہ کے لیے ان گناہوں سے بچنے کا عزم کرے۔ جبکہ ازخود سمجھانا اگر فتنے فساد کا باعث ہو سائل کو چاہیے کہ اپنے والد کو از خود سمجھانے اور مذکورہ افعال سے روکنے کے بجائے خاندان یا اہلِ محلہ میں سے کسی نیک، دیندار اور سمجھدار شخص کے ذریعے مذکورہ افعال سے باز رکھنے کی کوشش کرے۔