السلام علیکم مفتی صاحب،
میں ایک کاروباری / ادائیگی کے انتظام کے بارے میں شرعی رہنمائی چاہتا ہوں کہ آیا یہ ربا کے زمرے میں آتا ہے یا بطور سروس فیس جائز ہے۔
صورتحال درج ذیل ہے:
1۔ کمپنی A مختلف وینڈرز سے خدمات یا سامان حاصل کرتی ہے۔
2۔ میری کمپنی، کمپنی A کی طرف سے ان وینڈرز کو ادائیگیاں کرتی ہے کیونکہ کمپنی A خود متعدد الگ الگ ادائیگیاں یا کیش ٹرانزیکشنز ہینڈل نہیں کرنا چاہتی۔
3۔ ادائیگی کرنے کے بعد میری کمپنی، کمپنی A کو انوائس جاری کرتی ہے جس میں:
* وینڈرز کو ادا کی گئی اصل رقم، اور
* تقریباً 8٪ فکس سروس فیس / مارجن شامل ہوتا ہے۔
مزید وضاحت:
* کمپنی A مالی طور پر مضبوط ہے اور اسے ہماری طرف سے کسی فنانسنگ یا قرض کی ضرورت نہیں۔
* 8٪ فیس پہلے سے طے شدہ اور فکس ہے، اور ادائیگی میں تاخیر یا اوورڈیو ہونے کی صورت میں اس میں اضافہ نہیں ہوتا۔
* یہ فیس ادائیگیوں کے انتظام، کوآرڈینیشن، آپریشنل مینجمنٹ، اور ایڈمنسٹریٹو سہولت فراہم کرنے کے عوض لی جاتی ہے۔
* اس میں کوئی کمپاؤنڈنگ، لیٹ پیمنٹ انٹرسٹ، یا وقت کے ساتھ بڑھنے والا چارج شامل نہیں۔
میرا سوال یہ ہے:
کیا یہ معاملہ بطور سروس / انتظامی فیس (وکالہ یا سروس ماڈل) جائز شمار ہوگا، یا چونکہ ادائیگی ابتدا میں ہماری کمپنی کی طرف سے کی جاتی ہے، اس لیے یہ ربا کے زمرے میں آ سکتا ہے؟
جزاکم اللہ خیراً۔
صورتِ مسئولہ میں اگر سائل کی کمپنی صرف ادائیگیوں کے انتظام، کوآرڈینیشن، حساب کتاب، دستاویزی کارروائی اور دیگر انتظامی خدمات انجام دیتی ہو اور انہی خدمات کے معاوضہ کے طور پر٪8رقم اضافی چارج کرتی ہو،جبکہ وینڈرزکو اداکی جانے والی اصل رقم پہلےسے ہی کمپنی Aکی طرف سے ہی فراہم کی جاتی ہو، تو اس صورت میں سائل کی کمپنی کامذکورخدمات کے عوض کمپنی Aسے٪8کے حساب سے فکس اجرت لینا جائز ہے۔
البتہ اگر حقیقت یہ ہو کہ سائل کی کمپنی پہلے اپنی جیب سے وینڈرز کو رقم ادا کرتی ہو، پھراس رقم کی واپسی کے ساتھ اضافی ٪8وصول کرتی ہو،تویہ صورت شرعاًجائزنہ ہوگی کیونکہ دراصل سائل کی کمپنی کےوینڈرزکوکمپنیAکی جانب سے رقم اداکرنےسےکمپنی Aسائل کی کمپنی کی مقروض ہوگئی ، پھراس کے بعدسائل کی کمپنی کااپنے قرض کے ساتھ اصل رقم سے زائد٪ 8 وصول کرنا قرض پر مشروط نفع ہونے کی وجہ سے سود (ربا) کے حکم میں داخل ہوگا، جوناجائزاورحرام ہے۔
کمافی حاشية ابن عابدين = رد المحتار - ط الحلبي» :[مطلب كل قرض جر نفعا حرام]
(قوله كل قرض جر نفعا حرام) أي إذا كان مشروطا كما علم مما نقله عن البحر، وعن الخلاصة وفي الذخيرة وإن لم يكن النفع مشروطا في القرض، فعلى قول الكرخي لا بأس به ويأتي تمامه»(5/ 166)
سونا قرض دے کر بعد میں کچھ کی ادائیگی کے لئے سونے اور بقیہ کی ادائیگی کے لئے نقد رقم کی شرط لگانا
یونیکوڈ سود 1