شریعت اسلام کی روشنی میں مندر جازیل معاہدے کا جائزہ لیجیے گا معاہدۂ مشارکت برائے کاشتِ پیاز یہ معاہدہ زید اور بکر کے درمیان طے پایا، جس کے تحت دونوں فریق باہمی رضامندی سے مشترکہ طور پر پیاز کی فصل کاشت کریں گے، اگرچہ دونوں کی زمینیں اور ذمہ داریاں الگ الگ ہوں گی؟زید کی ذمہ داریاں: زید درج ذیل امور کا پابند ہوگا: پیاز کا بیج خریدنا اپنی زمین میں بیج بونا اور پنیری (نرسری) تیار کرنا کھاد، ادویات، ٹریکٹر اور دیگر زرعی اخراجات برداشت کرنا خود جسمانی محنت کرنا تمام اخراجات کا باقاعدہ ریکارڈ رکھنا ۔ بکر کی ذمہ داریاں: بکر درج ذیل امور انجام دے گا: تیار شدہ پنیری کو اپنی زمین میں منتقل کرنا اپنی زمین میں پیاز کی فصل کی مکمل نگہداشت اور تیاری کرنا تمام متعلقہ اخراجات (کھاد، ادویات، پانی، مزدوری وغیرہ) برداشت کرنا خود جسمانی محنت کرنا تمام اخراجات کا مکمل ریکارڈ رکھنا ؟ حساب اور تقسیم: فصل تیار ہونے کے بعد زید اور بکر کے تمام اخراجات کو یکجا کیا جائے گا۔ کل پیداوار (آمدنی) میں سے مجموعی اخراجات منہا کیے جائیں گے۔ باقی ماندہ منافع کو باہمی رضامندی سے طے شدہ فیصد کے مطابق تقسیم کیا جائے گا۔ نفع اور نقصان کی تقسیم: منافع کی صورت میں ہر فریق کو اس کے مقررہ فیصد کے مطابق حصہ دیا جائے گا۔ نقصان کی صورت میں ہر فریق اپنے اپنے سرمایہ (اخراجات) کے تناسب سے نقصان برداشت کرے گا۔ کیا اسی طرح کا معاہدہ جائز ہے ؟ اگر جائز نہیں تو جائز صورتحال بیان فرمائیے
صورتِ مسئولہ میں مذکور معاہدہ شرعاً شرکت نہیں بلکہ مزارعت کی ایک صورت بنتا ہے، کیونکہ پیاز کی نرسری (پنیری) فراہم کرنے والاشخص درحقیقت بیج فراہم کر رہا ہے؛ اس لیےکہ نرسری بیج کا ہی حاصل اور قائم مقام ہوتی ہے۔ لہٰذا مذکورہ معاملہ اس صورت کے مشابہ ہے کہ بیج ایک فریق کی طرف سے ہو اور زمین، عمل، آلۂ کاشت (ٹریکٹر وغیرہ) اور دیگر اخراجات دوسرے فریق کی طرف سے ہوں، اورمزارعت کی مذکورصورت ، مزارعتِ فاسدہ کے زمرے میں آتی ہے جوکہ شرعاً جائزنہیں ۔
البتہ اگرفریقین چاہتے ہوں کہ معاملہ شرعی لحاظ سےبھی درست ہو تواس کے لیے مزارعت کی جائزصورتوں میں سے کوئی متبادل صورت اختیارکی جاسکتی ہے۔
مزارعت کی جائز صورتیں درج ذیل ہیں:
1۔ زمین اور بیج ایک فریق کی طرف سے ہوں اور بیل (یا ٹریکٹر) اور محنت دوسرے فریق کی طرف سے ہو۔
2۔ زمین ایک فریق کی طرف سے ہو اور بیج، بیل (یا ٹریکٹر) اور محنت دوسرے فریق کی طرف سے ہو۔
3۔ زمین، بیج اور بیل (یا ٹریکٹر) ایک فریق کی طرف سے ہوں اور محنت دوسرے فریق کی طرف سے ہو۔
لہٰذا فریقین اگر باہمی تعاون سے پیاز کی کاشت کرنا چاہتے ہوں تو مذکورہ جائز صورتوں میں سے کسی صورت کے مطابق معاملہ طے کریں، تاکہ مذکور معاہدہ شرعاً بھی درست اور جائز ہو۔
کمافی حاشية ابن عابدين = رد المحتار - ط الحلبي»: (وكذا) صحت (لو كان الأرض والبذر لزيد والبقر والعمل للآخر) أو الأرض له والباقي للآخر (أو العمل له والباقي للآخر) فهذه الثلاثة جائزة (وبطلت) في أربعة أوجه (لو كان الأرض والبقر لزيد، أو البقر والبذر له والآخران للآخر) أو البقر أو البذر له (والباقي للآخر) ، فهي بالتقسيم العقلي سبعة أوجه؛ لأنه إذا كان من أحدهما أحدها والثلاثة من الآخر، فهي أربعة، وإذا كان من أحدهما اثنان واثنان من الآخر فهي ثلاثة، ومتى دخل ثالث، فأكثر بحصة فسدت، وإذا صحت، فالخارج على الشرط ولا شيء للعامل إن لم يخرج شيء»(6/ 278)
وفیھاایضاً:«(قوله وبطلت في أربعة أوجه إلخ) أما الأول؛ فلأن رب البذر استأجر الأرض، واشتراط البقر على صاحبها مفسد للإجارة، إذ لا يمكن جعل البقر تبعا للأرض لاختلاف المنفعة؛ لأن الأرض للإنبات والبقر للشق، وأما الثاني؛ فلأن الأرض لا يمكن جعلها تبعا لعمله كذلك.
وأما الثالث فقالوا هو فاسد وينبغي أن يجوز قياسا على العامل وحده أو الأرض وحدها.
والجواب أن القياس أن لا تجوز المزارعة لما فيها من الاستئجار ببعض الخارج، وإنما ترك بالأثر وهو ورد في استئجار العامل أو الأرض فيقتصر عليه.
وأما الرابع فلما ذكرنا في الثاني زيلعي ملخصا.» (6/ 278)
ایک شریک کا کمپنی سے قرض سے لیکر اس پر اسی کمپنی سے فلیٹ خریدکر شرکت ختم ہونے کے بعد باقی شرکاء کا اس فلیٹ کی موجودہ مارکیٹ ویلیو کے اعتبار سے قرض کی وصولی کا مطالبہ کرنا
یونیکوڈ شرکت و مضاربت 0جس کی آمدنی کا معلوم نہ ہو کہ حلال یا حرام, اس کے ساتھ کاروباری معاملات کرنا
یونیکوڈ شرکت و مضاربت 1شرکاء کا مشترکہ چیز , کسی ایک شریکِ کو حوالے کیے بغیر گفٹ کر کے اس کے نام کردینے کا حکم
یونیکوڈ شرکت و مضاربت 0سرمایہ دار کا، کاروبار کے اختتام پر سامان فروخت کرکے سرمایہ وصول کرنے کی شرط لگانا
یونیکوڈ شرکت و مضاربت 0کاروباری بندے کو رقم دی لیکن کوئی معاہدہ , شراکت یا مضاربت کی تصریح و تعیین نہ ہوئی
یونیکوڈ شرکت و مضاربت 0والد نے بیٹے کو زندگی میں کاروبار کے لیے جو رقم دی تھی وہ والد کے ترکے میں شامل ہوگی؟
یونیکوڈ شرکت و مضاربت 0