"سوٖفٹ وئیر ہاؤسز "یا " فری لانسنگ " میں لوگ اپنی ٹیم بناکر کام کرتے ہیں ، جبکہ جس کے لۓ کام کرتے ہیں ، ان کو پتہ نہیں ہوتا ، اسے لگتاہے ، کہ فردِ واحد یہ کام کر رہاہے ، اس طرح کافی بے روزگاری ختم ہوئی ہے ، کیا اس طرح کام کرنا جائز ہے؟
صورتِ مسئولہ میں اگرکسٹمر کا اصل مقصد مطلوبہ کام کی تکمیل ہو ، (اور عام طورپر ایسا ہی ہوتاہے) تو کام کرنے والے افراد یہ کام ، ٹیم ورک کی شکل میں کریں یا انفرادی طورپر کریں ، اس سے شرعاً کوئی فرق نہیں پڑتا ، بلکہ کام مکمل ہونے پر ٹیم ممبران طے شدہ معاہدہ کے مطابق یہ رقم باہم تقسیم کر سکتے ہیں ، تاہم ٹیم ورک کی شکل میں کام کرنے کی صورت میں ٹیم ممبران کا آپس میں طے پانے والا معاہدہ (Agrement) شرعی اصولوں کے مطابق ہونا ضروری ہے ، اسی طرح کام لیتے وقت ، اگر کسٹمر کام کرنے والوں کی تفصیلات کے بارے میں معلوم کرنا چاہے ، تو ان کے ساتھ حقیقت پر مبنی معلومات شیئر کرنا چاہیۓ، غلط بیانی کرنے سے اجتناب لازم ہے۔