کیا فرماتے ہیں علماءِ کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ جس چیز پر لفظ (NIKE) لکھا ہوا ہو ، اس کا استعمال حرام ہے یا حلال؟ اور لفظ (Nike) کس زبان کا لفظ ہے؟ اور کیا معنیٰ ہے؟
لغوی اعتبار سے ، لفظ (Nike) کا معنیٰ کسی گروہ یا جماعت کا چیف اور سردار کے ہیں، اگر واقعۃً مذکور کمپنی کے مالکان نے یہی معنیٰ مراد لیا ہو تو اس معنی کے اعتبار سے اس کا مطلب یہ ہوگا کہ کھیل وغیرہ کے سامان میں ہماری کمپنی کی مصنوعات اپنی عمدگی کی بناء پر سردار کی حیثیت رکھتی ہیں وغیرہ، اس اعتبار سے لفظ (Nike) کے استعمال میں کوئی خرابی اور ضرر نہیں بلکہ اس کا استعمال مباح ہے۔
اور اگر اس سے کوئی باطل معنیٰ مراد ہو جیسا کہ کچھ عرصہ پہلے ، ہمارے یہاں دار الافتاء میں سعودیہ سے، ایک تحریر اور بچوں کے لباس سے متعلق کچھ نقوش اور مکتوب عبارتیں بھی بھیجی گئی تھیں اس تحریر میں لفظ (Nike) کو ’’الٰہُ الحب‘‘ سے تعبیر کیا گیا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ مشرکین (جو لا تعداد معبودانِ باطلہ کے معتقد ہیں) اس سے محبت کا ’’الٰہ اور معبود‘‘ مراد لیتے ہیں اگر واقعۃً اسی معنیٰ کی بناء پر اس لفظ کو عام کیا جارہا ہے تو اس صورت میں مذکور نشان والے لباس وغیرہ کا استعمال ، کفار و مشرکین کے ساتھ ، ان کے اس باطل عقیدے میں ہم خیال ہونے کے مترادف ہے، لہٰذا اس صورت میں مذکور نشان والے لباس وغیرہ کے استعمال سے احتراز لازم ہے اور ویسے بھی احتراز بہر حال بہتر ہے۔ واﷲ اعلم