براہ مہربانی مجھے غسل کے طریقے کے بارے میں مکمل تفصیل سے آگاہ فرمائیں؟
غسل کرنے والے کو چاہیے کہ پہلے ہاتھ دھوئے اور استنجا کرے، پھر بدن کے جس حصہ پر نجاست لگی ہو تواُسے دھو ڈالے پھر وضو کرے ،اگر جگہ ایسی ہے کہ پانی وہاں جمع ہوجاتاہے تو سارا وضو کرے، مگر پاؤں نہ دھوئے پھر وضو کے بعد تین مرتبہ اپنے سر پر پانی ڈالے، پھر تین مرتبہ داہنے کندھے پر، پھر تین مرتبہ بائیں کندھے پر پانی ڈالے، پھر سارے جسم پر پانی بہائے کہ جسم کا کوئی حصہ خشک نہ رہے، پھر اس جگہ سے ہٹ کر پاک جگہ میں آئے اور پھر پاؤں دھوئے اگر وضو کرتے وقت پاؤں دھو لیے تھے، تو اب دھونے کی حاجت نہیں، یہ غسل کا مسنون طریقہ ہے، اس میں بعض چیزیں فرض ہیں، ان کے بغیر غسل درست نہیں ہوتا، آدمی ناپاک رہتاہے وہ فقط تین ہیں:
(۱)۔ اس طرح کلی کرنا کہ سارے منہ میں پانی پہنچ جائے۔
(۲)۔ ناک کے نرم حصے تک پانی پہنچانا۔
(۳)۔ سارے بدن پر پانی بہانا۔
(ماخوذ از بہشتی زیور)