السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
محترم مفتی صاحب!
ایک شخص قسطوں پر لوگوں کو ان کی ضروریات کا سامان فراہم کرنے کا کاروبار کرتا ہے۔ اس کا طریقۂ کار یہ ہے کہ وہ سامان کی اصل قیمت پر 34 فیصد منافع مقرر کرتا ہے اور یہ منافع خریدار سے ابتدا ہی میں ایڈوانس کے طور پر وصول کر لیتا ہے، جبکہ سامان کی پوری اصل قیمت ماہانہ اقساط کی صورت میں وصول کرتا ہے۔
مثال کے طور پر، اگر کسی سامان کی اصل قیمت ایک لاکھ روپے ہو تو وہ اس پر 34 فیصد منافع، یعنی 34 ہزار روپے مقرر کرتا ہے۔ یہ 34 ہزار روپے خریدار سے شروع میں ہی پیشگی وصول کر لیتا ہے، جبکہ سامان کی اصل قیمت یعنی ایک لاکھ روپے ماہانہ اقساط میں وصول کرتا ہے۔
میرا سوال یہ ہے کہ کیا اس طریقۂ کاروبار کی شرعی طور پر اجازت ہے؟ خصوصاً سامان کی اصل قیمت کے علاوہ 34 فیصد منافع ابتدا ہی میں پیشگی وصول کرنا جائز ہے یا یہ سود (ربا) کے زمرے میں آئے گا ؟
یہ بھی واضح فرمائیں کہ اس طرح کے کاروبار کو شرعی طور پر جائز بنانے کے لیے کن شرائط کی پابندی ضروری ہے اور کیا 34 فیصد منافع کی یہ پیشگی وصولی حلال تجارتی منافع ہے یا ناجائز سود؟
براہِ کرم قرآن و حدیث کے دلائل اور مستند فقہی حوالہ جات کے ساتھ تحریری فتویٰ عطا فرمائیں۔
جزاکم اللہ خیراً۔
واضح ہو کہ سامان کو نقد قیمت کے مقابلے میں زائد قیمت پر ادھار فروخت کرنا درج ذیل چار شرطوں کے ساتھ شرعاً جائز ہے
(1): مجلس عقد میں یہ طے کر لیا جائے کہ یہ معاملہ ادھار اور قسطوں پر ہوگا۔
( 2): ہر قسط کی مالیت طے کر لی جائے ۔
(3): یہ بھی طے کر لیا جائے کہ کل کتنی قسطیں ہو نگی ۔
( 4): کسی قسط کی تاخیر کی وجہ سے کوئی جرمانہ وغیرہ مشروط نہ ہو .
لہٰذا صورت مسئولہ میں اگر مذکورہ شخص عقد بیع کے وقت ہی سامان کی مجموعی قیمت(مثلا ایک لاکھ چونتیس ہزار روپے) مقرر کرتا ہو، جس میں سےنفع کی رقم ( چونتیس ہزار روپے) اسی وقت وصول کرلیتا ہو اور بقیہ رقم ایک لاکھ روپے ماہانہ اقساط کی صورت میں وصول کرتا ہو تو ایسی صورت میں محض چارج کردہ نفع کے بقدر متعین رقم پیشگی وصول کرنے کی وجہ سے یہ معاملہ ناجائز نہیں ہوگا۔ تاہم اگر کاروبار کی نوعیت مختلف ہو تو اس کی مکمل تفصیل فراہم کرکے مکرر معلوم کیا جاسکتا ہے ۔
و فی بحوث في قضايا فقهية معاصرة : أما الأئمة الأربعة وجمهور الفقهاء والمحدثون، فقد أجازوا البيع المؤجل بأكثر من سعر النقد، بشرط أن يبت العاقدان بأنه بيع مؤجل بأجل معلوم، وبثمن متفق عيه عند العقد،(أحكام البيع بالتقسيط، ص: 12 ط:دار القلم - دمشق)
وفیہ ایضاً : ومما يجب التنبيه عليه هنا: أن ما ذكر من جواز هذا البيع إنما هو منصرف إلى زيادة في الثمن نفسه، أما ما يفعله بعض الناس من تحديد ثمن البضاعة على أساس سعر النقد، وذكر القدر الزائد على أساس أنه جزء من فوائد التأخير في الأداء، فإنه ربا صراح (أحكام البيع بالتقسيط، ص:14 ط:دار القلم - دمشق)
سونا قرض دے کر بعد میں کچھ کی ادائیگی کے لئے سونے اور بقیہ کی ادائیگی کے لئے نقد رقم کی شرط لگانا
یونیکوڈ سود 1