السلام علیکم! میرا ایک نہایت اہم اور سنجیدہ سوال ہے جس کا تعلق امت کی پہچان اور عقیدے سے ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں واضح طور پر ہمیں ایک نام عطا فرمایا ہے: "هُوَ سَمَّاكُمُ الْمُسْلِمِينَ" (سورۃ الحج: 78) اسی (اللہ) نے تمہارا نام 'مسلمان' رکھا ہے۔ اسی طرح تفرقہ بازی سے بچنے کے لیے اللہ کا فرمان ہے: "وَاعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللَّهِ جَمِيعًا وَلَا تَفَرَّقُوا" (سورۃ آل عمران: 103) اور اللہ کی رسی کو سب مل کر مضبوطی سے تھام لو اور تفرقے میں نہ پڑو۔"
موقف: ان واضح احکامات کی روشنی میں، اگر کوئی شخص خود کو کسی خاص فرقے (دیوبندی، بریلوی، اہلحدیث، شیعہ وغیرہ) سے منسوب نہیں کرنا چاہتا اور صرف 'مسلمان' کہلانا پسند کرتا ہے، تو کیا یہ شرعی طور پر درست ہے؟ یہ بات ظاہر ہے کہ ایک عام انسان کے لیے دین کی بنیادی باتیں (جیسے نماز کا طریقہ یا دیگر احکامات) سیکھنے کے لیے کسی نہ کسی مکتبہ فکر کے طے شدہ طریقوں اور کتب سے استفادہ کرنا ناگزیر ہے، کیونکہ علم کہیں نہ کہیں سے حاصل کرنا ہی ہوتا ہے۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہ شخص خود بھی قرآن، ترجمہ، تفسیر، احادیث اور سیرتِ طیبہ کا مطالعہ کرتا ہے تاکہ حق کو پہچان سکے۔
کیا ایسا شخص محض ان ذرائع سے سیکھنے کی بنیاد پر کسی فرقے کا پابند کہلائے گا، یا وہ خود کو صرف 'مسلمان' کہنے کا حق رکھتا ہے؟ خدشہ: سوال یہ ہے کہ کیا کل قیامت کے دن جب وہ شخص حوضِ کوثر پر رسول اللہ ﷺ کے سامنے حاضر ہوگا، تو کیا وہ وہاں کسی فرقے کا نام لے کر ان کا سامنا کرنا پسند کرے گا؟ کیا نبی کریم ﷺ اپنی امت کو گروہوں میں بٹا ہوا دیکھ کر خوش ہوں گے یا اس شخص سے جو صرف 'مسلمان' ہونے کی شناخت کے ساتھ ان کے سامنے آئے؟ براہ کرم اس پر تفصیلی اور مدلل جواب عنایت فرمائیں تاکہ سائل کے دل کو اطمینان نصیب ہو۔
واضح ہو کہ نبی کریم ﷺ اللہ تعالیٰ کی طرف سے جو ہدایات و احکام لے کر آئے ہیں، ان پر دل و جان سے عمل پیرا ہونے والے شخص کی اصل اور حقیقی شناخت مسلمان ہونا ہے۔ البتہ اگر کوئی عام شخص دینی احکامات میں کسی مکتبِ فکر (حنفی، شافعی، حنبلی وغیرہ) کی تشریحات کے مطابق عمل کرتے ہوئے اپنے آپ کو اس مکتبِ فکر کی طرف منسوب کرے تو یہ اس کے مسلمان ہونے کے منافی نہیں، بلکہ اس کی اصل شناخت کے ساتھ ایک ذیلی اور ضمنی شناخت شمار ہوتی ہے۔اس کی مثال ایسی ہے جیسے کسی ملک کا شہری اپنے آپ کو اس ملک کے کسی مخصوص علاقے کی طرف منسوب کرے تو یہ نسبت محض مزید تعارف اور پہچان کے لیے ہوتی ہے،اس سے مقصود اس ملک کا باشندہ ہونے سے انکار کرنا نہیں ہوتا۔لہٰذا اگر کوئی شخص اپنے آپ کو صرف مسلمان کہہ کر اپنی پہچان کرائے تو یہ بھی درست ہے، اور اگر دینی احکامات میں کسی مکتبِ فکر کی تشریحات پر عمل کرتے ہوئے اپنے آپ کو حنفی، شافعی، حنبلی یا مالکی کہے تو اس میں بھی کوئی مضائقہ نہیں۔ البتہ مسلمانوں کے لیے نفسانی خواہشات کی بنیاد پر بدعات و رسومات میں مبتلا ہو کر فرقوں میں بٹنا قطعاً درست نہیں، بلکہ یہ وحدتِ امت کے منافی اور شریعت کی نظر میں مذموم عمل ہے، جس سے اجتناب لازم ہے۔
کما فی التنزیل العزیز: ﴿هُوَ سَمَّاكُمُ الْمُسْلِمِينَ مِنْ قَبْلُ وَفِي هَٰذَا﴾ (سورۃ الحج: 78)
وفیه أیضاً: ﴿وَاعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللَّهِ جَمِيعًا وَلَا تَفَرَّقُوا﴾ (سورۃ آل عمران: 103)
وفیه أیضاً: ﴿وَلَا تَكُونُوا كَالَّذِينَ تَفَرَّقُوا وَاخْتَلَفُوا مِنْ بَعْدِ مَا جَاءَهُمُ الْبَيِّنَاتُ﴾ (سورۃ آل عمران: 105)
وفی فتاویٰ ابن باز: فلا بأس أن ينتسب إليه، لكن لا يجوز له أن يتعصب ويقول: إن الحق معهم لا مع غيرهم، ولو خالفوا الدليل لا، ما يتعصب، عليه أن يتبع الدليل. (عبد العزيز بن باز، حكم التمذهب بمذهب من المذاهب الأربعة)
وفی رد المحتار: ولو أن رجلا برئ من مذهبه باجتهاد وضح له كان محمودًا مأجورًا. أما انتقال غيره من غير دليل بل لما يرغب من عرض الدنيا وشهوتها فهو المذموم الآثم المستوجب للتأديب والتعزير لارتكابه المنكر في الدين واستخفافه بدينه ومذهبه. (رد المحتار على الدر المختار شرح تنوير الأبصار، ابن عابدين، الناشر دار الفكر للطباعة والنشر،4/80)
علماءِ دیوبند کی طرف ،اللہ تعالی سے متعلق عقیدۂ کذب کی نسبت کی وضاحت اور حقیقت
یونیکوڈ دینی جماعتیں 0تبلیغی جماعت کا صرف ایک معروف طریقے پر کام کرنا ۲۔مصنوعی دانت لگانے سے وضو کا حکم ۳۔خودکش حملہ کا حکم
یونیکوڈ دینی جماعتیں 0مروجہ تبلیغی جماعت کا حکم ۲۔بغیر وضو کے قرآنِ کریم چھونا ۳۔عصر کے بعد سجدۂ تلاوت کا حکم
یونیکوڈ دینی جماعتیں 0