عرض یہ ہے کہ نفلی صدقہ کا گوشت کن لوگوں کو دینا چاہیے؟ ہمارے ہاں عموماً جب صدقہ کیا جاتا ہے تو اس کا گوشت قریبی رشتہ داروں، محلے داروں کو دے دیا جاتا ہے، حالانکہ اکثر یہ سب خوشحال اور صاحبِ حیثیت لوگ ہوتے ہیں۔ عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ صدقے کا گوشت صرف غریب، مسکین اور محتاج لوگوں کا حق ہے۔ بعض علماء کا کہنا ہے کہ بطور ہدیہ رشتہ داروں کو بھی دیا جا سکتا ہے، تو کیا یہ درست ہے کہ پورا صدقے کا گوشت انہی خوشحال رشتہ داروں اور اہلِ محلہ میں بانٹ دیا جائے؟ اس بارے میں شریعت کی رہنمائی کیا ہے؟
واضح ہوکہ نفلی صدقہ کا مصرف عام ہے ، مالدار ، غریب ، قریبی رشتہ دار ہوں ،سید، غیر سید سب کو نفلی صدقہ دینا جائز ہے۔ البتہ صدقات واجبہ (زکوٰۃ،نذر، کفارہ) صرف مستحق و ضرورت مند فقراء و مساکین پر خرچ کرنا ضروری ہے۔لہذا اگرکوئی شخص محلہ دار، قریبی رشتہ دار اور صاحبِ حیثیت (مالدار) افراد کو نفلی صدقہ کا گوشت دیناچاہے تو شرعاً اس میں کوئی مضائقہ نہیں ۔ تاہم سارا گوشت محض رشتہ دار وں یا صاحب حیثیت افراد میں ہی تقسیم کردینا اور غرباء اور ضرورتمندوں کو اس سے بالکلیہ محروم رکھنا بھی کوئی مناسب عمل نہیں، بلکہ ان پر دیگر کے مقابلہ میں خرچ کرنا زیادہ اجر و ثواب کا باعث ہے۔
کما فی البدائع : و أما صدقة التطوع فيجوز صرفها إلى الغني ؛ لأنها تجري مجرى الهبة الخ۔ (فصل و أما الذی یرجع الی المودی الیہ، ج: 2، ص: 47، ط: سعید)۔
وفی المبسوط للسرخسي: ثم التصدق علی الغني یکون قربةً یستحق بھا الثواب، فقد یکون غنیاً یملک نصاباً، ولہ عیال کثیرة، والناس یتصدقون علی مثل ہذا لنیل الثواب الخ۔ (باب الصدقۃ، ج: 12،ص:92، ط: دار الکتب العلمیہ)۔
وفی الفقہ الاسلامی و ادلتہ: وتجوز صدقة التطوع للأغنياء والكفار، ولھم أخذها، وفيه أجر، لقوله تعالى: ويطعمون الطعام على حبه مسكيناً ويتيماً وأسيراً الخ( المبحث السادس مصارف الزکاۃ، ج3،ص1970،ط: مکتبہ الرشیدیہ)۔