میں نے پرفیوم کی ڈسٹری بیوشن لی ہے۔ اس کاروبار میں، میں نے اللہ سبحانہ وتعالیٰ کے ساتھ شراکت کی ہے۔ اللہ سبحانہ وتعالیٰ کا حصہ 51 فیصد ہے۔ میں اپنے حصے کو، ان شاء اللہ تعالیٰ، کچھ اس طرح تقسیم کروں گا کہ اپنے مال کو تین حصوں میں تقسیم کروں گا: ایک تہائی فی سبیل اللہ، ایک تہائی دوبارہ کاروبار میں لگاؤں گا اور باقی ایک تہائی گھر والوں پر خرچ کروں گا۔فی سبیل اللہ والے حصے کو آٹھ حصوں میں تقسیم کرکے درج ذیل آیت میں مذکور مصارف کے مطابق، بالترتیب، ادا کروں گا:
﴿إِنَّمَا الصَّدَقَاتُ لِلْفُقَرَاءِ وَالْمَسَاكِينِ وَالْعَامِلِينَ عَلَيْهَا وَالْمُؤَلَّفَةِ قُلُوبُهُمْ وَفِي الرِّقَابِ وَالْغَارِمِينَ وَفِي سَبِيلِ اللَّهِ وَابْنِ السَّبِيلِ فَرِيضَةً مِنَ اللَّهِ﴾
آپ سے معلوم کرنا ہے کہ:
1. کیا مذکورہ بالا تقسیم میں کوئی ترمیم کروں یا یہ درست ہے؟
2. کیا اللہ سبحانہ وتعالیٰ کے حصے کو بھی اسی طرح خود تقسیم کر دوں؟
3. سارا مال کسی ایک ہی مصرف میں دے دوں یا تمام مصارف میں برابر تقسیم کروں؟ کون سا طریقہ افضل ہے؟
4. میں خود شدید مقروض ہوں، نیز فروخت کرنے کے لیے بہت کم مال قرض لے کر خریدا ہے۔ تو مذکورہ تقسیم میں سے کون سا مال اپنے قرضوں کی ادائیگی کے لیے استعمال کر سکتا ہوں؟
امید ہے کہ جواب دے کر عند اللہ ماجور ہوں گے۔
مذکورہ اموال میں سائل اپنی سہولت کے مطابق کوئی بھی ترتیب مرتب کر سکتا ہے، جبکہ ضرورت پڑنے پر اس میں ترمیم کی بھی گنجائش ہوگی۔تاہم صورتِ مسئولہ میں اگر سائل فی سبیل اللہ کی مد میں مختص تہائی مال سے پہلے اپنا قرض اتارنے کا اہتمام کرے اور ذاتِ باری تعالیٰ کے لیے مختص حصے سے بھی بقدرِ ضرورت اس مقصد کے لیے رقم وصول کرے، تاکہ قرض کی ادائیگی کو جلد از جلد ممکن بنایا جا سکے، اور اس کے بعد سائل مذکورہ ترتیب پر باقاعدہ عمل درآمد شروع کرے، تو یہ بظاہر زیادہ بہتر معلوم ہوتا ہے۔