اگر گاؤں کا کوئی بڑا بندہ یہ مقرر کر دے کہ مسجد میں چندہ دینا ہے ،مگر ہزار 1000سے کم نہیں ہوگا ۔معلوم کرنا ہے کہ اسطرح کرنا جائز ہے یا نہیں ؟
واضح ہو کہ مسجد اللہ تعالیٰ کا گھر ہے اور اس کی تعمیر وترقی اور ضرویات میں رقم خر چ کرنا نفلی صدقہ اور باعث ِاجر و ثواب عمل ہے۔لہذا ہر مسلمان کو حسبِ استطاعت مسجد کی ضرویات میں خرچ کرنے کو باعثِ سعادت سمجھنا چاہیئے،البتہ کسی سے جبراً چندہ وصول کرنا یا اس کی وسعت سے زائد مقدار کی ادئیگی کا پابند بنانا شرعاً جائز نہیں ۔لہذا صورتِ مسئولہ میں کسی بندے سے مسجد کی چندہ کےلئے ایک رقم متعین کرکے ہر فرد کو اس کی ادائیگی کا پابند بنانا جائز نہیں ،بلکہ ہر فرد کو اس کے وسعت کے مطابق تعاون کرنے کا اختیار دینا چاہیئے تاکہ ہر بندہ اس کارِ خیر اور صدقہ جاریہ میں اپنا حصہ ڈال سکے۔تاہم مسجد کی ضرویات کو ملحوظ رکھتے ہوئے اہل ِمحلہ میں سے صاحبِ استطاعت لوگوں کو بھی چاہیئے کہ وہ دیگر عام لوگوں کے مقابلہ میں اپنی حیثیت کے مطابق تعاون کا اہتمام کریں تاکہ مسجد کی ضروریات احسن طریقے سے پوری کی جاسکیں۔
فی مشکوٰۃ المصابیح: عن ابی حرۃ الرقاشی عن عمہ قال قال رسول اللہ ﷺ الا لا تظلموا الا لا یحل مال امرئ الا بطیب نفسٍ منہ رواہ البھیقی فی شعب الایمان و الدار قطنی فی المجتبیٰ الخ (باب الغصب والعاریۃ،ج: 2،ص: 255، ط: قدیمی کتب خانہ)۔
و فی مسند احمد : عن عدی بن حاتم عن نبی ﷺ قال من استطاع منکم أن یتقی النار فلیتصدق و لو بشق تمرۃ فمن لم یجد فبکلمۃ طیبۃ الخ (الجزء الثاثون ،ج: 2 ص: 184)۔