السلام علیکم! حضرت! مجھے ٹریڈنگ کے حوالے سے سوال کرنا ہے، میں ٹریڈنگ کرنا چاہ رہا تھاتو سوچا پہلے آپ سے فتوٰی لے لوں، اچھا تو بات یہ ہے کہ ایک ایپ ہے جس پر سونے پر ٹریڈنگ ہوتی ہےاور چاندی پر، اس میں پیسے ڈالنے ہوتےہیں، اگر وہ سیل پر لگاؤں میں اور مارکیٹ سیل پر ہی جائے تو مجھے نفع ہوتاہے، اگر وہ (Buy) پر جائے اور میں نے سیل پر لگا دیا تو نقصان بھی ہوتاہے ، میں یہ پوچھنا چاہ رہا تھا کیا یہ کام جائز ہے یا ناجائز ہے؟ اِس سے کمایا ہوا پیسہ حلال ہے یا حرام؟ میرے علم میں اضافہ فرمائیں ۔اللہ آپ کو خوش رکھے! آمین!
سوال میں ذکر کردہ صورت بائنری ٹریڈنگ کی معلوم ہوتی ہے، اور اس میں چونکہ کسی چیز کے متعلق پیش گوئی کر کے اس پر پیسے لگانے ہوتے ہیں کہ فلاں چیز فلاں تاریخ کو مہنگی ہوگی یا سستی ہوگی، پھر اگر وہ پیش گوئی درست ثابت ہوجائے، تو پیش گوئی کرنے والے کو مزید رقم مل جاتی ہے، جبکہ پیش گوئی غلط ثابت ہونے کی صورت میں اصل رقم بھی ڈوب جاتی ہے، لہذا یہ قمار اور جوے کی ایک صورت ہے جو شرعاً ناجائز اور حرام ہے ، لہذا اس قسم کی تجارت میں حصہ لینا جائز نہیں، جس سے احتراز لازم ہے۔