السلام علیکم مفتی صاحب !
مجھے امید ہے کہ میری ای میل آپ بخیریت پائیں گے ، آپ سے نیشنل بینک آف پاکستان کے " ا عتماد ماہانہ بچت اکاونٹ " کے بارے میں پوچھنا ہے ، ان کی ویب سائٹ کہتی ہے کہ یہ مضاربہ اور مرابحہ کے اصول کے تحت کام کرتا ہے ، کیونکہ ماہانہ منافع مقرر نہیں ہے ، مزید یہ کہ ان کے شریعہ بورڈ کے ممبران کے طور پر مفتی ساجد اشرف عثمانی اور مفتی احسان وقار ہیں اور انہوں نے ایک فتویٰ جاری کیا ہے جس میں اسے سود سے پاک اور حلال قرار دیا گیا ہے۔ جس کی کاپی اس ای میل کے ساتھ چسپاں ہے ۔ کیا آپ اس سلسلے میں ہماری رہنمائی کرسکتے ہیں ؟ اور اس فتوٰی کی تصدیق کرسکتے ہیں؟
سوال میں مذکور نیشنل بینک آف پاکستان کا " اعتماد ماہانہ بچت اکاونٹ " کا شعبہ اگر مستند مفتیانِ کرام پر مشتمل شریعہ بورڈ کے زیرِ نگرانی , شرعی اصولوں کے مطابق اپنے معاملات سر انجام دیتا ہو ، تو اس ادارے میں ڈپازٹ کروانا اور بچت اکاونٹ سے منافع حاصل کرنا جائز ہوگا ، ورنہ نہیں ،جبکہ ان کاغذات کی تصدیق متعلقہ مفتیانِ کرام سے رابطہ کر کے کی جاسکتی ہے ۔ واللہ اعلم