محترم! میں امریکہ میں رہتا ہوں، بنگلادیش میں قربانی کے وقت قربانی دیتا ہوں، اس صورت میں بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ بنگلادیش میں عید ایک دن پہلے اور امریکہ میں ایک دن بعد ہوتی ہے، کیا میری طرف سے قربانی کی جائے گی؟ براہ کرم مجھے تفصیلی حوالہ کے ساتھ بتائیں۔
واضح ہو کہ جس آدمی پر قربانی واجب ہے ، اگر وہ قربانی کےلئے رقم کسی اور ملک میں بھیج دے ، اور کسی کو قربانی کرنے کےلئے کہہ دے تو اس طرح رقم بھیج کر دوسرے ممالک میں قربانی کرانا درست ہے ، البتہ اس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ قربانی دونوں ممالک کے مشترکہ ایام میں ہو ، یعنی جس دن قربانی کی جائےگی وہ دن دونوں ممالک میں قربانی کا مشترکہ دن ہو ، ورنہ قربانی درست نہیں ہوگی ، لہٰذا سائل کی طرف سے اگر بنگلادیش میں قربانی کی جائے تو اس کےلئے ایسے دن کا انتخاب ضروری ہے جس دن امریکہ اور بنگلادیش دونوں ممالک میں عید (قربانی) کا دن ہو ۔
کمافی بدائع الصنائع: لأن الذبح هو القربة فيعتبر مكان فعلها لا مكان المفعول عنه وإن كان الرجل في مصر وأهله في مصر آخر فكتب إليهم أن يضحوا عنه روي عن أبي يوسف أنه اعتبر مكان الذبيحة فقال: ينبغي لهم أن لا يضحوا عنه حتى يصلي الإمام الذي فيه أهله، وإن ضحوا عنه قبل أن يصلي لم يجزه، وهو قول محمد اھ (ج5، صـــ74، ط:سعید)۔