کیا فرماتےہیں علماءِ کرام و مفتیانِ عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ پہلے تو میں اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگتی ہوں اور ایمان کی سلامتی، اللہ مجھے ایمان کی سلامتی عطا فرمائیں۔
1. ایک سوال ہے، جو مجھے اکثر خیال آتا ہے کہ اللہ کے ہاتھ اور قدرت میں ہے کہ وہ جسے چاہے عزت دیتا ہے اور جسے چاہے ذلت دیتا ہے۔اور جسے چاہے راہِ ہدایت دیتا ہے اور جسے نہیں چاہتا، ہدایت نہیں ملتی۔ جناب مفتی صاحب! مجھے یہ وضاحت سے بتادیں کہ جب اللہ کی طرف سے ہدایت نہیں ملتی ہے کسی بندےکو تو کسی بھی طرح راہِ ہدایت پر نہیں آسکے گا، پھر اس میں اس بندے کا کیا قصور ہے، کیونکہ اس کی قسمت میں ہدایت پانا اللہ کی طرف سے ہے ہی نہیں؟
2. اسی طرح یورپ کے ممالک میں عیسیٰ علیہ السلام کے ماننے والے ہیں، ایک بچہ عیسائی خاندن اور عیسائی معاشرے میں اور عیسائی ملک پیدا ہوتا ہے، وہیں مرتا ہے اور وہ اپنے ہی مذہب کو جانتا ہے، اس کو آخری نبیﷺ کے بارے میں تصدیق شدہ کوئی بات نہیں پہنچتی ہے توکیا وہ گنہگار ہے؟(آج کے میڈیا کے دور سے ہٹ کر پرانے دور کے بارے میں پوچھ رہی ہوں) حضرت آدم علیہ السلام کی پیدائش کے بعد آپ علیہ السلام کی زرّیت سے اللہ تعالیٰ نے اپنی وحدانیت کی گواہی لی، لیکن کسی انسان کو اپنی پیدائش سے پہلے کی گواہی یاد نہیں ہے، تو عیسائی بچوں کی گمرائی کا ذمہ دار کون ہوگا؟
1. اللہ تعالیٰ نے ہدایت و گمراہی دونوں کے اسباب اپنی کتاب میں اور رسول اللہﷺ کی زبانی واضح فرما دیئے ہیں اور ان میں کسی قسم کا ابہام نہیں چھوڑا ،یہی اللہ کی ہدایت ہے اور پھر انسان کو عقل وہوش اور اختیار دے دیا کہ وہ انجام دیکھ کر جسے چاہے اختیار کرے، اب اگر کوئی آدمی اپنا اختیار استعمال کر کے ہدایت والے کام نہیں کرتا تو یہ خود اسی کی غلطی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے تو ہدایت فرمادی ہے اور انسان کا مواخذہ اس کے اپنے اختیار کو غلط استعمال کی بناء پر ہوتا ہے، جبکہ ہدایت اور ضلالت کی نسبت اللہ تعالیٰ کی طرف محض خالق ہونے کی وجہ سے ہے نہ اس وجہ سے کہ اللہ تعالیٰ ضلالت کے داعی ہیں یا تقدیر لکھ دینے کی وجہ سے اس کو گمراہ کرنے پر مجبور کیا گیا ہے۔
2. ایسے بچے اگر اللہ پرایمان لائیں اور حضورﷺ کے آنے کا انہیں علم ہی نہ ہو سکا تو ان کا معاملہ اللہ تعالیٰ کے سپرد ہے وہ اس کے ساتھ جیسا چاہے معاملہ فرمائیں، اس سلسلے میں فکرمند ہونے کے بجائے آدمی کو اپنی طاقت بھر کوشش سے غیرمسلموں تک دعوتِ اسلام پہنچانے کی سعی کرنی چاہیے، البتہ ایسے بچوں کے والدین اگر اسلام سے واقف رہےہوں اور وہ انہیں دینِ اسلام سے بے خبر رکھ کر کفر پر قائم رکھنے میں ساعی رہے ہوں تو وہی عنداللہ ماخوذ ہونگے۔
قال اللہ تعالیٰ: ﴿وَقُلِ الْحَقُّ مِنْ رَبِّكُمْ فَمَنْ شَاءَ فَلْيُؤْمِنْ وَمَنْ شَاءَ فَلْيَكْفُرْ﴾ (الكهف: 29)
وقال اللہ تعالیٰ: ﴿وَهَدَيْنَاهُ النَّجْدَيْنِ﴾ (البلد: 10)
و فی تفسير القرطبي:كقوله تعالى: وهديناه النجدين (البلد: 10). وقال مجاهد: أي بينا له السبيل إلى الشقاء والسعادة. (19/ 122)
ففی مشكاة المصابيح: عن أبي هريرة - رضي الله عنه - كان يحدث قال: قال النبي - صلى الله عليه وسلم - : «ما من مولود إلا يولد على الفطرة فأبواه يهودانه أو ينصرانه أو يمجسانه اھ(1/ 33) واللہ أعلم بالصواب!
غصہ میں قرآنِ کریم زمین پر پٹخنے کا حکم، اور حالت حیض زبردستی پیچھے کے راستہ صحبت کرنے کا حکم
یونیکوڈ ایمان 6امام ابو حنیفہ کے نظریے کہ" ایمان تصدیقِ قلبی کا نام ہے"کی وجہ سے ان پر فرقہ مرجئہ میں سے ہونے کا الزام
یونیکوڈ ایمان 1اگر کسی شخص تک نبی آخر الزمان کی خبر نہ پہنچی ہو تو کیا وہ گناہ گار ہوگا؟اور جس کی قسمت میں ہدایت نہ ہو وہ کیوں گناہ گار ہوگا؟
یونیکوڈ ایمان 1اللہ تعالیٰ ہربندہ مؤمن کے دل میں موجود ہیں کا مطلب اور اچھی یا بری سوچ اللہ کی طرف سے ہونے کا مطلب
یونیکوڈ ایمان 1