السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ ہماری مسجد کے امام صاحب نے ایک دن نمازِ ظہر پڑھائی۔ نماز مکمل ہونے اور سلام پھیرنے کے بعد امام صاحب کو یاد آیا کہ آج ان کی نمازِ فجر رہ گئی تھی، اور وہ صاحبِ ترتیب بھی ہیں۔
یاد آنے کے بعد امام صاحب نے پہلے نمازِ فجر کی قضا ادا کی، پھر مقتدیوں کو بتایا کہ چونکہ میں صاحبِ ترتیب ہوں اور میری فجر کی نماز رہ گئی تھی، اس لیے میں نے فجر کی قضا ادا کیے بغیر آپ لوگوں کو ظہر پڑھائی، لہٰذا آپ سب کی ظہر کی نماز نہیں ہوئی۔ چنانچہ امام صاحب نے فجر کی قضا ادا کرنے کے بعد دوبارہ تمام مقتدیوں کو نمازِ ظہر پڑھائی۔
دریافت طلب امر یہ ہے کہ:
1. کیا مذکورہ صورت میں امام صاحب کا پہلی نمازِ ظہر کے بعد فجر کی قضا ادا کرکے دوبارہ ظہر پڑھانا شرعاً درست تھا؟
2. کیا پہلی ظہر کی نماز امام اور مقتدیوں کی صحیح ہوگئی تھی یا دوبارہ پڑھنا ضروری تھا؟
3. اگر آئندہ ایسی صورت پیش آئے کہ امام صاحب کو فجر کی نماز کے فوت ہونے کا علم ظہر کی نماز مکمل کرنے اور سلام پھیرنے کے بعد ہو، تو حنفی مذہب کے مطابق کیا حکم ہوگا؟
4. نیز امام شافعی رحمہ اللہ اور امام ابو ثور رحمہ اللہ سے جو قول منقول ہے کہ فوت شدہ نماز اور موجودہ نماز کے درمیان ترتیب واجب نہیں بلکہ مستحب ہے، کیا نسیان اور جماعت کی مشقت کی صورت میں اس قول پر عمل کیا جاسکتا ہے؟
براہِ کرم اس مسئلے کا تفصیلی اور مدلل جواب عنایت فرمائیں۔
جزاکم اللہ خیراً
واضح ہوکہ صاحبِ ترتیب شخص کے لیے اگرچہ فوت شدہ اور وقتی نماز کے درمیان ترتیب کا لحاظ رکھنا لازم ہوتا ہے، البتہ اگر اسے فوت شدہ نماز یاد نہ رہے اور وہ بھولے سے وقتی نماز ادا کر لے، تو اس کی وقتی نماز ادا ہو جاتی ہے۔ نماز سے فارغ ہونے کے بعد فوت شدہ نماز یاد آنے کی صورت میں، وقتِی نماز کا اعادہ لازم نہیں ہوتا۔لہٰذا، صورتِ مسئولہ میں مذکورامام کو ظہر کی نماز کا اعادہ کرنے کی ضرورت نہیں تھی، بلکہ امام اور مقتدی دونوں کی ظہر کی نماز ادا ہو چکی تھی، اور امام کے لیے صرف بعد میں اپنی فجر کی قضا کر لینا کافی تھا۔ جبکہ مذہبِ غیر پر عمل کرنے کی منجملہ شرائط میں سے ایک شرط عمومِ بلویٰ اور حرجِ شدید کا ہونا بھی ہے، جو یہاں اور اس قسم کے کبھی کبھار پیش آنے والے جزئی مسائل میں نہیں پائی جاتیں۔ اس لیے ایسے مسائل میں کسی حنفی شخص کا کسی دوسرے امام مسلک پر عمل کرنا درست نہیں ہے۔
کما فی حاشية الطحطاوي: والأصل في لزوم الترتيب قوله صلى الله عليه وسلم: من نام عن صلاة أو نسيها فلم يذكرها إلا وهو يصلي مع الإمام فليصل التي هو فيها ثم ليقض التي تذكرها ثم ليعد التي صلى مع الإمام وهو خبر مشهور وتلقنه العلماء بالقبول فيثبت به الفرض العملي ورتب النبي صلى الله عليه وسلم قضاء الفوائت يوم الخندق ويسقط الترتيب بأحد ثلاثة أشياء الأول ضيق الوقت عن قضاء كل الفوائت وأداء الحاضرة للزوم العمل بالمتواتر حينئذ لأن العمل بالمشهور يستلزم إبطال. (باب قضاء الفوائت: ص: ٤٤١، ط: دار الكتب العلمية بيروت)
و في الفتاوي الهندية: ثم الترتيب يسقط بالنسيان وبما هو في معنى النسيان، كذا في المضمرات ولو تذكر صلاة قد نسيها بعد ما أدى وقتيه جازت الوقتية، كذا في فتاوى قاضي خان. (الباب الحادي عشر في قضاء الفوائت: ج: ١، ص: ١٢٢، ط: المطبعة الكبرى الأميرية ببولاق مصر)
وفي تبيين الحقائق: قال رحمه الله ويسقط أي الترتيب بضيق الوقت والنسيان وصيرورتها ستا أي بصيرورة الفوائت ستا وبكل واحد من هذه الثلاثة يسقط الترتيب أما سقوطه بضيق الوقت؛ فلأنه ليس من الحكمة تفويت الوقتية لتدارك الفائتة الخ. (باب قضاء الفوائت: الترتيب في الصلاة، ج: ١، ص: ١٨٦، ط: المطبعة الكبرى الأميرية)