کیا فرماتے ہیں علمائے کرام ومفتیان عظام کہ بندہ گردوں کا مریض ہے، ایک گردہ خراب ہونے کی وجہ سے نکال بھی دیا ہے ابھی ایک گردہ باقی ہے بندہ کو پیاس بھی سخت لگتی ہے، اب مطلوب یہ ہےکہ بندہ روزے کے سلسلہ میں کیا کریں، جبکہ روزہ رکھنے کی صورت میں مرض کے بڑھنے کا اندیشہ بھی ہے اور ڈاکٹر حضرات نے منع بھی کیا ہے اب بندہ اس صورت میں کیا کریں روزہ رکھے یا فدیہ دے دے اگر فدیہ دینا ہو تو ا س کی رقم کتنی ہے؟
برائے مہربانی بندہ کی راہ نمائی فرمائیں قرآن و حدیث اور فقہ کی روشنی میں اللہ آپ کو جزائے خیر دے! آمین۔
اگر سائل سال کے چھوٹے اور ٹھنڈے ایام میں ان روزوں کی قضاء رکھنے پر قادر ہو تو ابھی روزے نہ رکھے بلکہ بعد میں قضاء رکھ لے اور اب ان کا فدیہ دینا بھی لازم نہیں، ہاں اگر چھوٹے ایام میں بھی روزہ رکھنے کی قدرت نہ ہو اور مرض بڑھنے کا قوی اندیشہ ہو تو اس صورت میں ہر روزہ کے عوض ایک صدقہ فطر یعنی پونے دوسیر سے کچھ زائد بلکہ احتیاطاً پورے دو سیر گندم یا اس کی قیمت کسی مستحق کو دیدیا کرے۔
کمافي حاشية ابن عابدين (رد المحتار): (قوله وللشيخ الفاني) أي الذي فنيت قوته أو أشرف على الفناء، ولذا عرفوه بأنه الذي كل يوم في نقص إلى أن يموت نهر، ومثله ما في القهستاني عن الكرماني: المريض إذا تحقق اليأس من الصحة فعليه الفدية لكل يوم من المرض اهـ وكذا ما في البحر لو نذر صوم الأبد فضعف عن الصوم لاشتغاله بالمعيشة له أن يطعم ويفطر لأنه استيقن أنه لا يقدر على القضاء (قوله العاجز عن الصوم) أي عجزا مستمرا كما يأتي، أما لو لم يقدر عليه لشدة الحر كان له أن يفطر ويقضيه في الشتاء فتح اھ (2/ 427)
و في الدر المختار: (وفدية كل صلاة ولو وترا) كما مر في قضاء الفوائت (كصوم يوم) على المذهب وكذا الفطرة والاعتكاف الواجب يطعم عنه لكل يوم كالفطرة والولوالجية. اھ (2/ 426) والله اعلم