السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
میں پاکستان ایوی ایشن آرمی سے متعلق ایک پائلٹ ہوں۔ سوال پوچھنے سے پہلے چند اہم باتیں بتانا چاہتا ہوں۔پوری دنیا میں پائلٹ دورانِ پرواز روزہ نہیں رکھ سکتے، کچھ وجوہات کی بنا پر، جیسے شوگر کی کمی، ردِ عمل وغیرہ، کیونکہ جہاز اڑانا ایک خطرناک کام ہے اور پائلٹ کی پوری توجہ کی ضرورت ہوتی ہے، وغیرہ، خاص طور پر ایمرجنسی لینڈنگ کے دوران۔ لہٰذا دنیا میں روزے کی حالت میں جہاز اڑانے سے منع کیا جاتا ہے۔یہ عرض کرنے کے بعد، ہمارے ملک کے دونوں ملٹری ایوی ایشن اداروں (PAF اور نیول ایوی ایشن) اور سول ایوی ایشن نے رمضان میں بحالتِ روزہ فلائنگ سے منع کیا ہے۔میرا سوال یہ ہے کہ کیا پائلٹ اس طرح چھوڑے ہوئے روزے رمضان کے بعد رکھ سکتے ہیں؟ اور کیا اس پر کوئی گناہ ہوگا؟ سعودی عرب جیسے ممالک میں رمضان میں فلائنگ ایکٹیویٹیز کم رکھی جاتی ہیں، لیکن ہمارے ملک میں اسے ایسی اہمیت نہیں دی گئی۔ مہربانی فرما کر اس کے مطابق فتویٰ دے دیں۔
پرواز کے دوران چونکہ پائلٹ بھی مسافر ہوتا ہے اور اس دوران اسے روزہ رکھنے یا نہ رکھنے کا شرعاً اختیار ہوتا ہے، اس لیے اگر اس دوران قانوناً بھی روزہ رکھنا منع ہو اور پروازیں بھی کرنی پڑتی ہوں تو سائل کے لیے دورانِ پرواز روزہ ترک کرنا جائز ہے۔ اسے چاہیے کہ رمضان کے بعد اس دن کی قضا رکھ لے۔ جبکہ قانوناً مجبور ہونے کی صورت میں روزہ نہ رکھنے کی وجہ سے وہ گناہ گار بھی نہ ہوگا۔ہاں، اگر پرواز والے دن روزہ رکھ لیا ہو تو محض جہاز چلانے کے لیے روزہ توڑنے سے احتراز کرنا چاہیے۔