مباحات

راستے میں تنگ کرنے والے کتوں کو زہر دے کر مارنا جائز ہے؟

فتوی نمبر :
98760
| تاریخ :
2026-08-25
حظر و اباحت / جائز و ناجائز / مباحات

راستے میں تنگ کرنے والے کتوں کو زہر دے کر مارنا جائز ہے؟

مفتی صاحب! میں شیر شاہ کا رہائشی ہوں۔ ہمارے علاقے میں خواتین، مرد اور بچے روزانہ اسکول اور مدرسے آتے جاتے ہیں۔ اس راستے میں بڑی تعداد میں آوارہ کتے موجود ہیں، جو راہ گیروں کو تنگ کرتے ہیں، خصوصاً برقعہ پوش خواتین اور مدرسے کی بچیوں کے پیچھے پڑ جاتے ہیں اور بعض اوقات ان کے برقعے تک پکڑ لیتے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مدرسے کی بچیاں اس صورتِ حال کی وجہ سے خوف زدہ رہتی ہیں اور اپنے والدین سے شکایت کرتی ہیں۔علاقے کے بعض لوگ غربت اور مجبوری کی وجہ سے اس سلسلے میں کوئی اقدام نہیں کر سکتے۔ میں خود بھی روزانہ یہ صورتِ حال دیکھتا ہوں اور چاہتا ہوں کہ ان آوارہ کتوں سے لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لیے کوئی اقدام کیا جائے۔لہٰذا دریافت طلب امر یہ ہے کہ کیا میرے لیے ایسے آوارہ کتوں کو ہلاک کرنے کے لیے زہریلی یا مہلک دوا دینا شرعاً جائز ہے، تاکہ خواتین، بچوں اور دیگر راہ گیروں کو ان کے ضرر سے نجات مل سکے؟جزاکم اللہ خیراً!

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہو کہ بلاوجہ کسی کتے کو ہلاک کرنا شرعاً جائز نہیں، البتہ اگر کتا ضرر رساں ہو اور اس کے ضرر سے بچنے کا کوئی دوسرا مؤثر راستہ نہ ہو ،تو ضرورت کے بقدر اسے ہلاک کرنے کی گنجائش ہے، تاہم ایسا طریقہ اختیار کیا جائے جس سے اسے کم سے کم اذیت ہو،لہٰذا صورتِ مسئولہ میں اگر آوارہ کتے خواتین، بچوں اور دیگر راہ گیروں کو ضرر اور تکلیف پہنچاتے ہوں، اور متعلقہ ذمہ داران کو شکایت کے باوجود ان کے ضرر کو دور کرنے کا کوئی مؤثر انتظام نہ کیا گیا ہو تو سائل کے لیے ضرورت کے بقدر ایسے کتوں کو زہر دے کر ہلاک کرنے کی گنجائش ہے، البتہ غیر ضرر رساں کتوں کو محض آوارہ ہونے کی وجہ سے ہلاک کرنا جائز نہیں۔

مأخَذُ الفَتوی

كما في مشكاة المصابيح: وعن عائشة عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: خمس فواسق يقتلن في الحل والحرم: الحية والغراب الأبقع والفأرة والكلب العقور والحديا (‌‌باب المحرم يجتنب الصيد،الفصل الاوّل، رقم الحديث: ٢٦٩٩، مط: مكتب الاسلامي بيروت)
وفي الهندية: ولو كان لرجل ‌كلب عقور يؤذي من مر به، فلأهل البلد أن يقتلوه، وإن أتلف يجب على صاحبه الضمان اھ (كتاب الجنايات، الباب الثاني عشر في جنايات البهائم،ج: ٦،ص: ٥٣، مط: ماجدية)
وفي الدرالمختار مع التنوير الابصار: يجوز (فصد البهائم وكيها وكل علاج فيه منفعة لها وجاز قتل ما يضر منها ككلب عقور وهرة) تضر اھ(مسائل شتى، ج: ٦، ص: ٧٥٢، مط: سعيد)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
جنید الرحمن سکھروی عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 98760کی تصدیق کریں
0     47
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات