"ایک عورت ہے جس کو پیشاب کے قطروں کی بیماری لاحق ہو گئی ہے جس کی وجہ سے وہ بڑی تکلیف میں ہے، ۲ ماہ سے یہ مسئلہ چل رہا ہے۔
اب گزشتہ دو روز قبل عصر کے وقت اس کو نماز کا بالکل وقت نہیں ملا کہ وہ وضو کر کے نماز پڑھ لیتی، ۲ دن اسی حال میں گزرے۔ پھر کل یعنی جمعہ کی رات تک عشاء کے آخری وقت میں بھی اس کو عذر لاحق تھا۔ اسی حال میں اس نے نماز پڑھی۔
پھر آج فجر کے وقت اس کو پورے ٹائم میں (جس میں ۱۵ منٹ وہ سوئی) پیشاب کا قطرہ نہیں نکلا، تو قاعدے کے اعتبار سے وہ اب معذور نہ رہی، مگر اشراق سے پھر وہی عذر آتا رہا وقفوں کے بعد۔ ظہر اسی عذر میں پڑھی، ظہر کے اول و آخر وقت میں بھی عذر موجود تھا۔ عصر اور مغرب میں اس کو اتنا وقت ملا کہ فرائض ادا کر لیں تو وہ نمازیں اس نے پڑھ لیں۔
اب عشاء میں پھر مسلسل عذر لاحق ہے، ۴۵ منٹ مسلسل باوجو کوشش کے وہ نماز نہیں پڑھ پا رہی۔ دو مہینوں سے یہی حالت ہے، معذور کی فہرست میں وہ داخل ہوتی ہے، پھر کچھ دنوں بعد ایک ٹائم نکل جاتی ہے، پھر وہی عذر جاری ہو جاتا ہے۔
ایسی عورت کی نمازوں اور کپڑوں کی پاکی کا کیا حکم ہے؟ شدید تکلیف میں مبتلا ہے، نمازیں پڑھنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ عذر کے ساتھ ۴۵، ۴۵ منٹ واش روم میں رہ کر جب آتی ہے تو وضو ءسے قبل ہی قطرے ظاہر ہو جاتے ہیں۔
کیا اس مشقت کے وقت میں ضرورت کے تحت امام مالک کے مذہب پر عمل کر سکتے ہیں کہ پورے دن میں ایک بار بھی قطرہ آئے تو معذور شمار ہوں؟ کیونکہ اب بہت بری حالت ہو گئی ہے، بار بار کپڑے دھونا، بار بار وضو کرنا اور اس وجہ سے سر درد بھی مسلسل رہنے لگا ہے، دین و دنیا کا ہر کام بری طرح متاثر ہورہا ہے۔
سوال میں درج تفصیل کے مطابق مذکور خاتون جب تک باقاعدہ معذور کے حکم میں داخل نہ ہوتو اسے وضوء کرکے پاک کپڑوں میں طہارت کے ساتھ نماز کی ادئیگی کرنا لازم ہے، اگرچہ فرائض کی حد تک ہو، لیکن وضوء کے برقرار نہ رہنے یا کپڑوں پر قدر درہم سے زائد نجاست لگے رہنے کی صورت میں نماز درست ادا نہ ہوگی۔ البتہ اس بیماری کے علاج معالجہ کے لئے کسی ماہر ڈاکٹر کی طرف رجوع کرنے کے ساتھ ساتھ وضوء سے قبل خوب اطمینان کے بعد اگر عضو مخصوص کے خارجی حصہ میں کوئی روئی یا ٹشو وغیرہ اس طرح رکھ لیا جائے کہ نماز مکمل کرنے تک خارجی حصہ (جہاں ناپاکی آنے سے وضوء ٹوٹ جاتا ہے) تک پیشاب کے قطرے آنے کا سلسلہ روکا جاسکے، تو اس کی بھی گنجائش ہے۔
کما فی الشامیۃ: تحت قوله: (ويختلف إلخ) هذا هو الصحيح فمن وقع (الی قولہ) قلت: ومن كان بطيء الاستبراء فليفتل نحو ورقة مثل الشعيرة ويحتشي بها في الإحليل فإنها تتشرب ما بقي من أثر الرطوبة التي يخاف خروجها، وينبغي أن يغيبها في المحل لئلا تذهب الرطوبة إلى طرفها الخارج، وللخروج من خلاف الشافعي. وقد جرب ذلك فوجد أنفع من ربط المحل لكن الربط أولى الخ (باب الانجاس، فروع فی الاستبراء، ج:1، ص:345، مط:ایچ ایم سعید)
و فی التاتارخانیۃ: یجب ان یعلم بان القلیل من النجاسۃ عفو عندنا (الی قولہ) فالغلیظۃ اذا کانت قدر الدرھم او اقل فھی قلیلۃ لاتمنع جواز الصلاۃ، و ان کانت اکثر من الدرھم منعت جواز الصلاۃ الخ (کتاب الطھارۃ، فصل معرفۃ النجاسات و احکامھا، ج:1، ص:440، مط: مکتبۃ رشیدیۃ کوئٹہ)