السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ ،
میرا ایک آن لائن وال فریمز کا کاروبار ہے۔ ہم مختلف قسم کے فریمز فروخت کرتے ہیں۔ بعض اوقات کسٹمر اپنی ذاتی تصاویر (اپنی، فیملی یا بچوں کی) ہمیں بھیجتے ہیں اور کہتے ہیں کہ انہی تصاویر کو فریم میں پرنٹ کرکے بھیجا جائے۔
اس حوالے سے میری چند شرعی رہنمائی درکار ہے:
1. کیا زندہ انسانوں کی تصاویر فریم میں پرنٹ کرکے کسٹمر کو دینا جائز ہے یا ناجائز؟
2. اگر تصویر کسٹمر نے خود بھیجی ہو اور صرف پرنٹنگ و فریمنگ کی سروس دی جا رہی ہو، تو کیا اس میں بھی گناہ ہوگا؟
3. کن قسم کی تصاویر سے مکمل اجتناب کرنا ضروری ہے؟ (مثلاً بے پردگی، غیر شرعی تصاویر، یا دیگر ممنوع مواد)
4. اگر میں صرف قدرتی مناظر، اسلامی خطاطی، قرآنی آیات، یا ایسے ڈیزائن فروخت کروں جن میں جاندار کی تصویر نہ ہو، تو کیا یہ بہتر اور شرعاً محفوظ طریقہ ہے؟
5. اس کاروبار کو مکمل طور پر حلال رکھنے کے لیے کن شرعی اصولوں کی پابندی ضروری ہے؟
براہِ کرم قرآن و سنت اور فقہ کی روشنی میں رہنمائی فرما دیں تاکہ میں اپنے کاروبار کو حلال طریقے سے چلا سکوں۔
جزاکم اللہ خیراً۔
واضح ہوکہ کسی جاندار کی تصاویر پرنٹ کرکے فریم میں فروخت کرنا(خواہ تصویرخودبنائی ہو یاکسٹمرکی فراہم کردہ تصویرکوپرنٹ کرکے فریمنگ کی گئی ہو )، اسی طرح بے پردگی، فحاشی اور دیگر غیر شرعی مواد پر مشتمل تصاویر بنانا یا فروخت کرنا شرعاً ناجائزوحرام ہے ، کیونکہ احادیثِ مبارکہ میں تصویر سازی پربڑی سخت وعید وارد ہوئی ہے، چنانچہ تصویرسازی اورفریمنگ کے مذکورکام کوذریعہ معاش بنانے سے اجتناب لازم ہے۔البتہ قدرتی مناظر، غیر جاندار اشیاء، اسلامی خطاطی اور قرآنی آیات پر مشتمل فریمز کا کاروبار(اگراس میں کوئی خلافِ شرع بات نہ ہو )اختیارکرنے کی شرعاًگنجائش ہے، لہذاسائل کواپناکاروباراسی قسم کی فریمنگ کے کاروبارتک محدودرکھنےکااہتمام کرنا چاہیے۔
کما فی مشکاۃ المصابیح: عن عائشة رضی اللہ عنھا ان النبی ﷺ قال:اشد الناس عذابا یوم القیٰمة الذین یضاھون بخلق اللہ. متفق علیه.الحدیث( باب التصاویر ج:2، ص: 385، مط: قدیمی کتب خانه)۔
وفی مرقاۃ المفاتیح: قال اصحابنا وغیرھم من العلماء: تصویر الحیوان حرام شدید التحریم وھو من الکبائر لانه متوعد علیه بھذا الوعید الشدید المذکور فی الاحادیث، سواء صنعه فی ثوب، او بساط، او درھم، او دینار، او غیر ذلک الخ( باب التصاویر ج:8، ص: 266 ، مط: حقانیة)۔
وفی تکملة فتح الملھم: قال المرداوی فی الإنصاف "یحرم تصویر مافیه روح، ولایحرم تصویر الشجر، ونحوہ، والتمثال مما لایشابه مافیه روح، علی الصحیح من المذھب، ۔۔۔۔یحرم تعلیق مافیه صورۃ حیوان، وستر الجدار به، وتصویرہ علی صحیح المذھب" وبمثله قال: ابن قدامة فی المغنی کتاب الولیمة الخ ( کتاب اللباس والزینة، باب تحریم تصویر صورۃ الحیوان ج:4، ص: 159، مط: دارالعلوم کراتشی)۔