السلام علیکم و رحمت اللہ
میری بیٹی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور میں ایم بی بی ایس کی طالبہ ہے۔اسکے ساتھ ساتھ وہ پیر ذوالفقار صاحب کےلاہور ہی میں واقع طالبات کے مدرسہ میں کچھ دیگر بچیوں کے ساتھ چھ سالہ عا لمہ کا کورس بھی کررہی ہے ۔کسی کی تعصب پر مبنی شکایت پر کہ یہ طالبات میڈیکل کی تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم /درس نظامی کی تعلیم کیوں حاصل کر رہی ہیں۔لہذا میڈیکل یونیورسٹی نے ایسی طالبات سے ایک حلف نامہ" کہ میری کسی دینی ادارہ میں دینی تعلیم کے حصول کے لئے کوئی رجسٹریشن نہیں مانگ لیاہے، استفسار طلب معاملہ یہ ہے کہ حلف نامہ دیا جائے یا انکار کردیا جائے۔حلف نامہ دینے کی صورت میں دینی تعلیم منقطع ہوجائے گی اور بعد میں تعلیم کا حصول ممکن نہ رہے گا۔فوری جواب دے کر ممنون فرمائیں
صورتِ مسئولہ میں اگرسائل کی بیٹی کا واقعۃً کسی دینی ادارے میں باقاعدہ رجسٹریشن موجود ہو ، تو اس کے باوجود یہ حلف نامہ دینا کہ "میری کسی دینی ادارے میں رجسٹریشن نہیں ہے" خلافِ واقع بیان اور جھوٹ پر مشتمل ہوگا، جبکہ شریعتِ مطہرہ میں جھوٹ بولنا اور جھوٹ پر مبنی حلف یا اقرارنامہ جمع کروانا جائز نہیں، خواہ اس سے کوئی دینی و دنیوی مصلحت ہی کیوں نہ حاصل ہوتی ہو۔
لہٰذا ایسی صورت میں غلط بیانی پرمبنی حلف نامہ دینےکی بجائے متعلقہ یونیورسٹی انتظامیہ سے حقیقتِ حال واضح کرکے، یا قانونی وانتظامی حدود کے اندر رہتے ہوئے کسی جائز متبادل طریقۂ کار کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی جائے۔