مباحات

رشتہ داروں سے ناراضگی کی وجہ سے ان کی شادی کے پروگرام میں شرکت نہ کرنے کا حکم

فتوی نمبر :
97070
| تاریخ :
2026-07-03
حظر و اباحت / جائز و ناجائز / مباحات

رشتہ داروں سے ناراضگی کی وجہ سے ان کی شادی کے پروگرام میں شرکت نہ کرنے کا حکم

شادی کو 17 سال ہو گئے، سسرال کے مسئلے ختم نہیں ہوئے۔ ساس پسند نہیں کرتی ہیں، نندوں کو ہمیشہ پرابلم رہتی ہے۔ گزارا چلتا رہا، پھر بات الزام تراشی تک آ گئی۔ الزاموں کی نوعیت بڑھتی چلی گئی؛ ساس کو گھر سے باہر نکال دینے کا الزام، کالا جادو کرنے کا الزام۔ اس کے بعد ساس، نندوں کے ساتھ ساتھ نندوں کے بچوں اور بچیوں نے بھی بدتمیزیاں شروع کر دیں، حد تو گالی دینے تک چلی گئی۔ سگے ماموں کو نامرد بولنا، مامی کو شیطان عورت بولنا اور ایک کا گھر پر آ کر جان سے مارنے کی دھمکی دینا۔ اس سب کے بعد 17 سال کے بعد میں نے کنارہ کرنا شروع کر دیا۔
اب مسئلہ یہ ہے کہ ان کے یہاں شادی ہے،جس نے جان سے مارنے کی دھمکی دی، میں وہاں جانے کو تیار نہیں۔ میرے شوہر کہتے ہیں کہ رشتہ نبھانے کے لیے چلو۔ میرا کہنا یہ ہے کہ جہاں عزت نہیں، وہاں جا جا کر عزت ڈھونڈنی نہیں چاہیے۔ میری ساس اب بھی یہ کہتی ہیں کہ میری شکل دیکھ کر ان کا بی پی بڑھ جاتا ہے اور ان کی طبیعت خراب ہو جاتی ہے، اس لیے وہ میرے گھر آنے پر راضی نہیں، بلکہ اپنی بیٹی کے یہاں رہ رہی ہیں جو مجھ پر اور میرے شوہر کو برا بھلا بولتے ہیں اور انہی کا بیٹا مجھے جان سے مارنے کی دھمکی دے کر بھی گیا ہے۔ ایسے سلسلے میں ان رشتوں کو نبھانے کا کیا طریقہ ہے دین کی روشنی میں، اور کیا میرا اس شادی یا ولیمہ میں جانے سے انکار کرنا جائز ہے؟

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

سوال میں ذکر کردہ بیان اگر واقعتاً درست اور مبنی بر حقیقت ہو اس طور پر کہ سائلہ کو سسرال والوں کی طرف سے مختلف قسم کی تکالیف اور مشکلات کا سامنا رہا ہو، تو سائلہ کے سسرال والوں کا یہ سلوک گناہ پر مبنی عمل ہے، جس پر ان سب کو توبہ و معافی اور آئندہ کے لیے اس طرح کے رویے سے اجتناب کرنا چاہیے۔البتہ سائلہ کو چاہیے کہ وہ اللہ کی رضا کے لیے ان سب زیادتیوں سے درگزر کر کے گھر میں باہمی محبت کی فضا قائم رکھے، نیز شوہر کی اطاعت کی خاطر اس شادی و ولیمہ میں شرکت کرے۔ امید ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کے بدلے میں سکون، راحت اور اطمینان والی زندگی سے نوازیں گے۔

مأخَذُ الفَتوی

كما كما في قول الله تعالي: فَمَنْ عَفا وَأَصْلَحَ فَأَجْرُهُ عَلَى اللَّهِ، إِنَّهُ لا يُحِبُّ الظَّالِمِينَ. قال طنطاوي في التفسير الوسيط: اي فمن عفا عمن أساء إليه، وأصلح فيما بينه وبين غيره فأجره كائن على الله- تعالى- وحده، وسيعطيه- سبحانه- من الثواب مالا يعلمه إلا هو- عز وجل.( ج:٧، ص:١٤، ط: مطبعة السعادة - مصر ).
و في الترمزي: عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ، عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ: «لَوْ كُنْتُ آمِرًا أَحَدًا أَنْ يَسْجُدَ لِأَحَدٍ» لَأَمَرْتُ الْمَرْأَةَ أَنْ تَسْجُدَ لِزَوْجِهَا. (باب ما جاء في حق الزوج على المرأة: ج:٢، ص:٤٥٣، رقم: ١١٥٩، ط: دار الغرب الإسلامي - بيروت).
وفي المشكاة المصابيح: وَعَنْ أَنَسٍ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم: «الْمَرْأَةُ إِذَا صَلَّتْ خَمْسَهَا وَصَامَتْ شَهْرَهَا وَأَحْصَنَتْ فَرْجَهَا وَأَطَاعَتْ بَعْلَهَا فَلْتَدْخُلْ مِنْ أَيِّ أَبْوَابِ الْجَنَّةِ شَاءَتْ» (باب عشرة النساء: ج:٢، ص: ٩٧١، رقم: ٣٢٥٤، ط: المكتب الإسلامي - بيروت ).
وفي البدايع الصنايع: لها المهر والنفقة، وعليها أن تطيعه في نفسها، وتحفظ غيبته؛ ولأن الله عز وجل أمر بتأديبهن بالهجر والضرب عند عدم طاعتهن، ونهى عن طاعتهن بقوله عز وجل {فإن أطعنكم فلا تبغوا عليهن سبيلا} [النساء: 34] ، فدل أن التأديب كان لترك الطاعة، فيدل على لزوم طاعتهن الأزواج. (فصل المعاشرة بالمعروف: ج:٢، ص:٣٣٤، ط:دار الكتب العلمية ).
وفي جامع الاصول: عبد الله بن عمر رضي الله عنهما: أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: «على المرء المسلم السمع والطاعة فيما أحب أو كره، إلا أن يؤمر بمعصية، فإن أمر بمعصية، فلا سمع، ولا طاعة» (الفصل الخامس: في وجوب طاعة الإمام والأمير: ج:٤، ص:٦٥، رقم: ٢٠٤٦، ط: مكتبة الحلواني )
وفي الترمزي: عن عائشة قالت: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «خيركم خيركم لأهله،» وأنا خيركم لأهلي (باب في فضل أزواج النبي صلى الله عليه وسلم: ج:٦، ص: ١٩٨، رقم:٣٨٩٥ ).

واللہ تعالی اعلم بالصواب
وحید اللہ صافی عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 97070کی تصدیق کریں
0     13
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات