کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام اس مسئلے کے بارے میں:
کہ الف کو ایک بندہ دبئی میں اپنی گاڑی دیتا ہے کہ آپ اسے چلائیں اور جو کمائی ہوگی وہ ہم دونوں آدھی آدھی کریں گے، لیکن اس نے الف کے ساتھ یہ شرط رکھی ہے کہ آپ ہر مہینے مجھے 5800 درہم ادا کریں گے ڈیزل کی مد میں، اور کل کمائی میں سے باقی رقم آدھی آدھی ہوگی، لیکن اس بندے نے جب گاڑی لی تو اس کی ڈیزل کی ٹینکی میں ایک آٹومیٹک اکاؤنٹ لگا ہوا تھا۔ جب بھی ڈیزل ڈلواتے تو اس اکاؤنٹ سے اتنی رقم کٹ جاتی ہے، لیکن یہ رقم اس اکاؤنٹ سے کٹتی ہے جس نے یہ اکاؤنٹ لگوایا تھا، اور الف نہیں جانتا کہ یہ اکاؤنٹ سسٹم کس نے لگوایا تھا۔اب الف 5800 درہم اس بندے کو دیتا ہے، لیکن وہ بندہ آگے کسی کو پیسے نہیں دیتا بلکہ خود استعمال کرتا ہے تو کیا الف کے لیے یہ گاڑی ان شرائط پر چلانا شرعی اعتبار سے کیسا ہے جبکہ الف یہ سارا معاملہ جانتا ہے۔ لیکن صرف مزدوری کی غرض سے وہ یہ گاڑی چلا رہا ہے۔شکریہ۔
محترم آپ کا سوال واضح نہیں ہے۔ برائے مہربانی مندرجہ ذیل امور کی وضاحت فرمائیں:
مذکورہ صورت میں گاڑی کا اصل مالک کون ہے؟ الف کو گاڑی دینے والا یا کوئی تیسرا شخص؟
" آپ ہر مہینے مجھے 5800 درہم ادا کریں گے ڈیزل کی مد میں" مذکورہ الفاظ کی وضاحت کریں۔
سوال میں مذکورہ الفاظ "اب الف 5800 درہم اس بندے کو دیتا ہے، لیکن وہ بندہ آگے کسی کو پیسے نہیں دیتا بلکہ خود استعمال کرتا ہے" میں بندہ سے کون مراد ہے؟ الغرض سوال کو اچھی طرح واضح کریں تاکہ سوال سمجھنے میں کوئی ابہام باقی نہ رہے۔ جزاک اللہ خیرا
گاڑی کا اصل مالک وہ شخص ہے جو الف کو گاڑی دے رہا ہے۔ لیکن ڈیزل کے جو پیسے کٹتے ہیں وہ معلوم نہیں کہ کس کے اکاؤنٹ سے کٹتے ہیں، کیونکہ گاڑی پہلے 10–12 افراد کے پاس رہنے کے بعد اب اس شخص کے پاس ہے جو الف کو دے رہا ہے۔ کس نے یہ اکاؤنٹ لگوایا تھا، یہ بات موجودہ مالک کو بھی معلوم نہیں۔
5800 درہم کا مطالبہ موجودہ مالک کر رہا ہے، کیونکہ اس کی گاڑی کی ٹینکی میں جو اکاؤنٹ لگا ہوا ہے اس سے الف ہر ماہ 5800 درہم کا ڈیزل ڈلوا سکتا ہے۔ یہ 5800 درہم اسی ڈیزل کے ہیں۔
5800 درہم الف جس شخص کو دیتا ہے وہ موجودہ مالک ہے۔ لیکن چونکہ یہ معلوم نہیں کہ یہ رقم کس کے اکاؤنٹ سے کٹ رہی ہے، اس لیے موجودہ مالک صرف یہ کہتا ہے کہ آپ مجھے ہر ماہ 5800 درہم دیں کیونکہ میں آپ کو اپنی گاڑی دے رہا ہوں، اور باقی آمدنی آدھی آدھی ہوگی۔ اصل مسئلہ یہ ہے کہ جس اکاؤنٹ سے ڈیزل کے پیسے کٹتے ہیں، اس شخص کو نہ الف جانتا ہے اور نہ ہی موجودہ مالک۔
سوال ميں درج کردہ تفصیل کے مطابق اگر سائل کا گاڑی کے مالک کو ماہانہ بنیاد پر پانچ ہزار آٹھ سو (5800) ریال دینا طے ہوا ہو اور باقی آمدنی کے متعلق یہ معاہدہ ہوا ہو کہ وہ دونوں کے درمیان آدھو آدھ تقسیم ہوگی تو اگر سائل کے ذمہ بہر صورت (خواہ سائل گاڑی چلائے یا نہ چلائے، کم چلائے یا زیادہ ) ماہانہ مذکور متعین رقم دینا لازم ہوتو ایسی صورت میں چونکہ ایک گونہ اجرت طے ہوچکی ہے، اس لیے شرعاً مذکور طریقہ کار کے مطابق معاملہ کرنے کی گنجائش ہے، تاہم گاڑی کے مالک کیلئے ٹینکی میں آٹو میٹک اکاؤنٹ کو بحال رکھنا اور گاڑی میں استعمال شدہ ڈیزل کی قیمت کسی اور شخص کے اکاؤنٹ سے ادا کرنا جائز نہیں، اس پر جلد از جلد سابقہ اکاؤنٹ کی تبدیلی اور اب تک کسی اور کے اکاؤنٹ سے جس قدر کٹوتی ہوئی اتنی رقم کی ادائیگی لازم اور ضروری ہے۔
لما في الفتاوى الهندية: وأما شرائط الصحة فمنها رضا المتعاقدين... ومنها أن تكون الأجرة معلومة. (4/ 411، ط: دار الفكر)
ولما في الاختيار لتعليل المختار: اعلم أن الإجارة تفسد بالشروط كما يفسد البيع، وكل جهالة تفسد البيع تفسد الإجارة من جهالة المعقود عليه أو الأجرة أو المدة؛ لما عرف أن الجهالة مفضية إلى المنازعة. والأصل قوله - عليه الصلاة والسلام -: «من استأجر أجيرا فليعلمه أجره» شرط أن تكون الأجرة معلومة كما شرطه في البيع.(2/ 57، ط: دار الكتب العلمية)
ولما في فقه البيوع: المال المغصوب وما في حكمه مثل ما قبضه الإنسان رشوة أو سرقة أو بعقد باطل شرعا، لا يحل له الانتفاع به، ولا بيعه، ولا ھبته، ولا يجوز لأحد يعلم ذلك أن يأخذه منه شراء أو ھبة أو ارثا ويجب عليه أن يرده إلى مالكه، فإن تعذر ذلك وجب عليه أن يتصدق به عنه. (1052/2، ط: مکتبه معارف القرآن)