نجاسات اور پاکی

جسے تسلسل ریح کا مستقل عارضہ ہو ، وہ نماز جیسی عبادات کیسے ادا کریں؟

فتوی نمبر :
96266
| تاریخ :
2026-06-10
طہارت و نجاست / پاکی و ناپاکی کے احکام / نجاسات اور پاکی

جسے تسلسل ریح کا مستقل عارضہ ہو ، وہ نماز جیسی عبادات کیسے ادا کریں؟

السلام علیکم ! مفتیان کرام !میں ایک معذور بندہ ہوں ،میرا نیچے والا دھڑ مکمل طور پر کام نہیں کرتا جس کی وجہ سے جب ہوا خارج ہوتی ہے تو میں اس کو روک نہیں سکتا اور اس وجہ سے مجھے نمازوں کے لیے بار بار وضو کرنا پڑتا ہے اور جب میں مسجد میں جا کے جمعہ کی نماز اور دوسری نماز ادا کرتا ہوں تو وضو ٹوٹ جاتا ہے ،ہوا خارج ہو جاتی ہے جس کو میں کنٹرول نہیں کر سکتا، اس وجہ سے جمعہ کی نماز اور باقی پانچ نمازیں اور عیدین اور جنازہ کی نماز میں نہیں پڑھ سکتا ،کیونکہ وضو میرا ہوا خارج ہونے کی وجہ سے ٹوٹ جاتا ہے اور بار بار وضو ٹوٹنے کی وجہ سے میری باجماعت نمازیں رہ جاتی ہیں تو براہ مہربانی میری رہنمائی فرمائیں میں ایک معذور شخص ہوں، ہوا کو کنٹرول نہیں کر سکتا اور یہ ہمیشہ مستقل کی معذوری ہے جو ختم نہیں ہو سکتی ،یہ عذر ہمیشہ کے لئے ہے ختم نہیں ہو سکتا اور کبھی کبھار ایسا ہوتا ہے کہ گھر میں نماز پڑھوں تو ایک وضو میں ایک نماز میں پڑھ لیتا ہوں ،لیکن ایسا کبھی کبھار ہی ہوتا ہے، گھر میں بھی بار بار وضو کرنا پڑتا ہے ،لیکن اکثر و بیشتر گھر میں بھی اور مسجد میں بھی یہی مسئلہ ہوتا ہے کہ مجھے بار بار وضو کرنا پڑتا ہے، کیونکہ میں ہوا خارج ہونے کو روک نہیں سکتا، براہ مہربانی میری رہنمائی فرمائیں، میں بہت پریشان ہوں میری عبادات متاثر ہو رہی ہیں۔ جب ہوا خارج ہو جاتی ہے تو پھر سنتیں بھی ادا نہیں ہوتی۔ اس پریشانی کی وجہ سے سنتیں اور نوافل رہ جاتے ہیں۔میرے بس میں نہیں اور نہ ہی جسمانی معذوری کی وجہ سے وضو قائم رکھنے کی طاقت ہے۔ یہ معذوری اور ہوا خارج کا عذر ہمیشہ کے لیے ہے جس کا کوئی علاج نہیں، ہمیشہ رہے گا۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

اگر سائل کو خروجِ ریح کا عارضہ اس تسلسل سے ہو کہ پوری ایک نماز کے وقت میں اتنا وقفہ ایک دفعہ بھی نہ ملا ہوکہ جس میں وضو کر کے فرض نماز ادا کر سکے، تو وہ شرعاً معذور ہے، لہٰذا سائل پر ہر فرض نماز کے وقت کے لیے نیا وضو کرنا لازم ہے، چنانچہ اس وضو سے اس وقت میں جتنے فرض اور نوافل وغیرہ ادا کرنا چاہے، تو کر سکتا ہے، خروجِ ریح کی وجہ سے سائل کا وضو نہیں ٹوٹے گا، البتہ اس کے علاوہ کوئی اور ناقضِ وضو پایا گیا تو اس کا وضو ٹوٹ جائے گا، اسی طرح نماز کا وقت ختم ہونے پر بھی اس کا وضو خود بخود ٹوٹ جائے گا، اب اگلی نماز کے لیے نیا وضو کرنا لازم ہوگا، لیکن اگر مذکور عارضہ اتناتسلسل کیساتھ نہ ہو، بلکہ درمیان میں اتنا وقفہ مل جاتا ہے کہ جس میں وضو کر کےسائل صرف فرض نماز ادا کرسکے، تو اس صورت میں سائل شرعاً معذور نہیں کہلائے گا۔ اس کو انتظار کر کے باقاعدہ وضو کی حالت میں ہی نماز ادا کرنا لازم ہوگا،ایسی صورت میں اگر سائل صرف فرائض کی ادائیگی پر اکتفاء کرلے اور سنن و نوافل چھوڑ دے تو امید واثق ہے کہ وہ اس بیماری کے عذر کی وجہ سے عنداللہ قابل مؤاخذہ نہ ہوگا۔ان شاءاللہ!

مأخَذُ الفَتوی

كمافى الدر المختار: (وصاحب عذر من به سلس) بول لا يمكنه إمساكه (أو استطلاق بطن أو انفلات ريح أو استحاضة) أو بعينه رمد أو عمش أو غرب، وكذا كل ما يخرج بوجع ولو من أذن وثدي وسرة (إن استوعب عذره تمام وقت صلاة مفروضة) (إلي قوله) (وحكمه الوضوء) لا غسل ثوبه ونحوه (لكل فرض) اللام للوقت كما في - {لدلوك الشمس} [الإسراء: 78]- (ثم يصلي) به (فيه فرضا ونفلا) فدخل الواجب بالأولى (فإذا خرج الوقت بطل) أي: ظهر حدثه السابق، حتى لو توضأ على الانقطاع ودام إلى خروجه لم يبطل بالخروج ما لم يطرأ حدث آخر أو يسيل كمسألة مسح خفه.وأفاد أنه لو توضأ بعد الطلوع ولو لعيد أو ضحى لم يبطل إلا بخروج وقت الظهر الخ( مطلب في أحكام المعذور،ج ١، ص ٣٠٥ /٣٠٦،ط دار الفكر - بيروت،)
وفي العناية: والانفلات خروج الشيء فلتة: أي بغتة (؛ لأن الضرورة بهذا) أي بما ذكرنا من الأحداث (تتحقق وهي) أي الضرورة (تعم الكل) فيكون حكم الكل حكم المستحاضة، ولو أريد تعريف المعذور، قيل هو من حصل به العذر بدوام الحدث وقت صلاة كاملا ثم لا يخلو عنه منذ توضأ فيه إن دام والقيود تعرف مما تقدم.( فصل في الاستحاضة،ج ١ ،ص ١٨٦،دار الفكر، بيروت)
وفي الهندية: ومن به سلس البول أو استطلاق البطن أو انفلات الريح أو رعاف دائم أو جرح لا يرقأ يتوضئون لوقت كل صلاة ويصلون بذلك الوضوء في الوقت ما شاءوا من الفرائض والنوافل هكذا في البحر الرائق الخ( كتاب الطهارة ،الفصل الأول في تطهير الأنجاس،ج ١ص ١٤ ،دار الفكر بيروت )
وفي البحرالرائق: قوله: وتتوضأ المستحاضة ومن به سلس بول أو استطلاق بطن أو انفلات ريح أو رعاف دائم أو جرح لا يرقأ لوقت كل فرض (إلي قوله) ويصلون به فرضا ونفلا) أي يصلي أرباب الأعذار بوضوئهم ما شاءوا فرضا كان أو واجبا أو نفلا فالمراد بالنفل ما زاد على الفرض فيشمل الواجب الخ( كتاب الطهارة،باب الحيض،ج ١، ص ١٢٦/١٢٧ ،ط دار الكتاب الإسلامي)
وفي بدائع الصنائع: (وأما) أصحاب الأعذار كالمستحاضة، وصاحب الجرح السائل، والمبطون ومن به سلس البول، ومن به رعاف دائم أو ريح، ونحو ذلك ممن لا يمضي عليه وقت صلاة إلا، ويوجد ما ابتلي به من الحدث فيه فخروج النجس من هؤلاء لا يكون حدثا في الحال ما دام وقت الصلاة قائما، حتى أن المستحاضة لو توضأت في أول الوقت فلها أن تصلي ما شاءت من الفرائض، والنوافل ما لم يخرج الوقت، وإن دام السيلان الخ(كتاب الطهارة،فصل بيان ما ينقض الوضوء،ج ١ ،ص ٢٧/٢٨ ،ط دار الكتب العلمية)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
جمال الدین محمدی عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 96266کی تصدیق کریں
0     61
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات