السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! مفتی صاحب،مجھے ایک معاملے میں شرعی رہنمائی درکار ہے، میری شادی کو 7 سال ہو چکے ہیں اور ابھی تک ہماری اولاد نہیں ہے۔ اسی وجہ سے ہم ایک گائناکالوجسٹ کے پاس علاج کے لیے گئے۔ پہلے سے موجود HSG رپورٹ میں ایک فالوپین ٹیوب میں جزوی رکاوٹ (blockage) ظاہر ہوئی تھی، جس کے بعد ڈاکٹر نے Diagnostic Laparoscopy تجویز کی، میری کمپنی میڈیکل ری ایمبرسمنٹ دیتی ہے، لیکن کمپنی کی پالیسی کے مطابق بانجھ پن (Infertility) سے متعلق علاج یا پروسیجرز کور نہیں ہوتے، میری اہلیہ کو واقعی کچھ طبی مسائل بھی تھے، جن میں دائمی پیلوک درد (chronic pelvic pain)، ازدواجی تعلق کے دوران درد، جلن اور ڈسچارج شامل تھے۔ ڈاکٹر نے کاغذات میں "Nullipara with Chronic Pelvic Pain" لکھا اور اسی بنیاد پر کیس جمع کروایا۔ بعد میں کمپنی نے تمام اخراجات منظور کر کے ری ایمبرس کر دیے، میری تشویش یہ ہے کہ اگرچہ میری اہلیہ کو مذکورہ علامات واقعی تھیں، لیکن ڈاکٹر کے پاس جانے کی اصل وجہ اولاد نہ ہونا اور اس کا علاج تھا۔ اس لیے مجھے شک ہے کہ آیا یہ ری ایمبرسمنٹ لینا شرعاً درست ہے یا نہیں، براہ کرم درج ذیل سوالات کے جواب سے رہنمائی فرمائیں، کیا میرے لیے یہ ری ایمبرسمنٹ کی رقم رکھنا اور استعمال کرنا جائز ہے؟ کیا اس بات سے حکم میں فرق پڑتا ہے کہ علاج کی بنیادی وجہ بانجھ پن کا مسئلہ تھا؟ کیا اہلیہ کی حقیقی طبی علامات (درد، جلن وغیرہ) اس معاملے میں کوئی فرق ڈالتی ہیں؟اگر اس رقم کے بارے میں شبہ ہو تو مجھے اب کیا کرنا چاہیے؟ میں حلال و حرام کے معاملے میں احتیاط کرنا چاہتا ہوں اور اپنی ذمہ داری سے بری الذمہ ہونا چاہتا ہوں، جزاکم اللہ خیراًوالسلام
صورتِ مسئولہ میں اگر سائل کی اہلیہ کو دائمی پیلوک درد، ازدواجی تعلق کے دوران درد، جلن اور ڈسچارج جیسی علامات حقیقتاً لاحق تھیں، اور ڈاکٹر نے انہی حقیقی طبی عوارض کی بنیاد پر کیس کمپنی میں جمع کروایا، تو محض یہ بات کہ علاج کروانے کی ایک اہم وجہ اولاد نہ ہونا بھی تھی، اس سے ری ایمبرسمنٹ ناجائز نہیں ہو جاتی۔
لہٰذا اگر کمپنی سے کسی جھوٹ، جعل سازی یا فرضی بیماری کی بنیاد پر رقم وصول نہیں کی گئی، بلکہ واقعی موجود طبی علامات اور ان سے متعلق تشخیص و علاج کے اخراجات ری ایمبرس ہوئے ہیں، تو اس رقم کا لینا اور استعمال کرنا شرعاً جائز ہے۔
البتہ اگر کمپنی کی پالیسی کو دھوکہ دینے کے لیے جان بوجھ کر غلط معلومات فراہم کی گئیں، یا ایسی بیماری ظاہر کی گئی جو حقیقت میں موجود نہ تھی، تو پھر اس رقم کا لینا جائز نہیں ہوگا اور کمپنی کو رقم واپس کرنا ضروری ہوگا۔لہٰذا مذکورہ صورت میں، جب بیان کردہ علامات حقیقتاً موجود تھیں، تو سائل کے لیےاس ری ایمبرسمنٹ کے استعمال میں کوئی حرج نہیں ،بلاوجہ پریشان ہونے اوروساوس میں مبتلاءہونے سے گریزکرے۔