معزز علما،
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔
میں امید کرتا ہوں کہ آپ خیریت سے ہوں گے۔ میں اس وقت کابل یونیورسٹی، افغانستان میں کمپیوٹر سائنس کے شعبے میں کمپیوٹر وژن کا کورس پڑھا رہا ہوں، جس میں ہم آبجیکٹ ڈیٹیکشن الگوردمز کو وضاحت کرنے کے لیے تصویری مثالوں پر انحصار کرتے ہیں۔ یہ تصاویر اکثر روزمرہ مناظر دکھاتی ہیں، جن میں عوامی جگہوں پر انسانی چہرے یا جانور شامل ہوتے ہیں۔ میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ یہ عام، باعزت تصاویر ہیں—ان میں کوئی بے حیائی، برہنگی یا نامناسب مواد موجود نہیں ہے۔ یہ تصاویر صرف الگوردمز کے ذریعے تصاویر کو کس طرح شناخت اور پراسیس کیا جاتا ہے، اس کی سائنسی سمجھ بوجھ میں مدد کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔
کچھ خدشات ہم پیشہ ور علماء (یونیورسٹی کے مذہبی علماء کے کمیٹی) کی طرف سے سامنے آئے ہیں، اور ہمیں کہا جا رہا ہے کہ متعلقہ کتابوں سے تمام تصاویر جن میں جانور یا انسان ہوں، ہٹا دی جائیں۔ میں آپ سے حنفی نقطۂ نظر سے مخصوص مشورہ چاہوں گا۔ حنفی فتویٰ کے مطابق، ہم سمجھتے ہیں کہ تصاویر کی ممانعت اکثر تعظیم یا بت پرستی سے منسلک ہوتی ہے۔سیاق و سباق میں، ہمارا ارادہ محض تعلیمی ہے اور مفید علم کی تلاش کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔ لہٰذا، میں آپ سے علمی رائے کی درخواست کرتا ہوں: کیا یہ جائز ہے کہ ان تصاویر کو محض سائنسی تعلیمی مواد میں شمولیت دی جائے، حسبِ حنفی فقہ، یا پھر بھی ان کا حذف کرنا ضروری ہوگا؟ آپ کی بصیرت کی بہت قدر کی جائے گی۔ آپ کے وقت اور توجہ کے لیے جزاکم اللہ خیر۔ خلوص کے ساتھ،
واضح ہوکہ حضراتِ فقہاءؒ اور محدثینؒ نے تصاویر کی تعظیم اور ان کے ذریعے بت پرستی میں مبتلا ہونے کے اندیشے کے ساتھ ساتھ، تصویر سازی میں اللہ تعالیٰ کے ساتھ صفتِ تخلیق میں مشابہت، یعنی "مضاهاة لخلق الله "کو بھی تصویر کی حرمت کی وجوہات میں ذکر فرمایا ہے، بلکہ تصویر سازی میں اللہ تعالیٰ کے ساتھ صفتِ تخلیق میں مشابہت کو ہی تصویر کی حرمت کی بنیادی وجہ قرار دیا گیاہے۔ جس کے متعلق مفتی محمد شفیع صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے ’’تصویر کے شرعی احکام‘‘ میں تفصیل ذکر فرمائی ہے ، لہذا اگر کسی جاندار کی تصویر کسی کتاب وغیرہ میں باقاعدہ پرنٹ کی صورت میں ہو ،اگر چہ تعلیمی مقصد کے لیےپرنٹ کی گئی ہو تو چونکہ اس میں ” مضاہاۃ لخلق اللہ“ کی علت پائی جاتی ہے ،اس لیے بغیر کسی سخت عذر کے فقط تعلیمی مقاصد کے لیے جانداروں کی تصاویر پرنٹ کرنا جائز نہیں ، البتہ مذکورمقصد کے لیے متبادل کے طور پر دو طریقے اختیارکئے جاسکتے ہیں۔
پہلا طریقہ یہ ہے کہ جاندار کی تصویر میں سے چہرے کے اعضاء رئیسہ کو حذف یا غیر واضح (blur) کیا جائے ۔
دوسرا طریقہ یہ ہے کہ جاندار کی تصاویر باقاعدہ پرنٹ کرنے کے بجائے پی ، ڈی ، ایف ، سلائیڈز یا کسی بھی ڈیجیٹل صورت میں رکھی جائیں اور طلبۂ کرام کو سکرین پر تصویری مثالوں کے ذریعے سمجھایا جائے ، چنانچہ ایسا کرنے سے تعلیمی مقصد کا حصول بھی ممکن ہوگا اور کسی ناجائز امر کے ارتکاب سے بھی حفاظت ہوسکے گی ۔
وفي فتح الباري لابن حجر: قال النووي: قال العلماء: تصوير صورة الحيوان حرام شديد التحريم، وهو من الكبائر؛ لأنه متوعد عليه بهذا الوعيد الشديد، وسواء صنعه لما يمتهن أم لغيره فصنعه حرام بكل حال، وسواء كان في ثوب أو بساط أو درهم أو دينار أو فلس أو إناء أو حائط أو غيرها، فأما تصوير ما ليس فيه صورة حيوان فليس بحرام. [كتاب اللباس، باب عذاب المصورين (10/ 384 ط السلفية)]
وفي شرح صحيح البخاري لابن بطال: وقوله: (إن أشد الناس عذابا يوم القيامة الذين يضاهون خلق الله) يفسر حديث ابن مسعود المتقدم فى باب عذاب المصورين يوم القيامة، ويدل أن الوعيد الشديد إنما جاء لمن صور صورة مضاهاة لخلق الله، وقد تقدم ذلك. [كتاب اللباس، باب من كره القعود على الصور (9/ 178) ط: دار النشر]