محترم عزت مآب جناب مفتی صاحب! السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ، جنابِ عالی! گزارش ہے کہ میرے ہاں دو جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی تھی، جس میں سے بیٹا اپنے بڑے بھائی کو دے دیا، اس کی عمر اب 2.6 سال ہے۔ اس کے پاس اولادِ نرینہ نہ تھی۔ وہ بیرونِ ملک قطر میں مقیم ہیں، ان کی باقی بیوی بچے پاکستان میں ہمارے ساتھ مقیم ہیں۔ ہم نے عدالت سے گارڈین سرٹیفکیٹ بھی بنوایا ہے، جس کی بنیاد پر ہم نے بچے کے سرپرست کے طور پر بھائی کا نام گارڈین درج کروایا ہے، ولدیت کے خانے میں اصل ولدیت ہی درج کروائی۔ بچے کا اسمارٹ کارڈ اور پاسپورٹ بھی بن گیا ہے۔
اب بھائی کو کمپنی کی طرف سے فیملی ویزا ملا ہے، وہ اب اپنی فیملی کو بیرونِ ملک قطر لے کر جانا چاہتے ہیں۔ جو بیٹا انہوں نے مجھ سے لیا تھا، اس کا ویزا ایشو نہیں ہورہا ہے۔ کیا اس کو بیرونِ ملک لے جانے کے لیے ہم ولدیت میں بھائی کا نام شرعی طور پر لکھوا سکتے ہیں یا نہیں؟ کیونکہ بھائی کی باقی فیملی بیرونِ ملک جارہی ہے، بچہ 2.6 سال سے ان کے پاس ہی ہے، اس کی مکمل اٹیچمنٹ بھی ان کے ساتھ ہے۔ براہِ مہربانی اس بابت مکمل رہنمائی فرمائی جائے۔ جزاک اللہ!
واضح ہو کہ بچے کی ولدیت حقیقی والد کے بجائے پرورش کرنے والے کی طرف منسوب کرنا، یا کاغذات وغیرہ میں ولدیت کے خانے میں حقیقی والد کے بجائے پرورش کرنے والے کا نام لکھوانا، صریح نص کی رو سے شرعاً ناجائز و حرام اور گناہِ کبیرہ ہے، اور اس پر سخت قسم کی وعیدیں وارد ہوئی ہیں۔ چنانچہ صورتِ مسئولہ میں سائل کے بھائی کا اپنے لے پالک بھتیجے کو بیرونِ ملک لے جانے کے لیے ولدیت کے خانے میں حقیقی والد کے بجائے اپنا نام لکھوانا شرعاً ناجائز و حرام اور گناہِ کبیرہ ہے۔ لہٰذا سائل کے بھائی کے لیے اپنے لے پالک بیٹے کے کاغذات میں بطورِ والد اپنا نام درج کرانے کے بجائے کوئی اور جائز متبادل طریقہ اختیار کرنا چاہیے۔