مباحات

صدقہ کی رقم حکومتی فلاحی ادارہ کو دے کر ٹیکس واپس وصول کرنا

فتوی نمبر :
92525
| تاریخ :
2026-02-23
حظر و اباحت / جائز و ناجائز / مباحات

صدقہ کی رقم حکومتی فلاحی ادارہ کو دے کر ٹیکس واپس وصول کرنا

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ ،
مجھے ایک مالی اور شرعی معاملے میں رہنمائی درکار ہے۔ پوری صورتِ حال درج ذیل ہے:
میں ایک تنخواہ دار ملازم ہوں اور ملکی قانون کے مطابق باقاعدگی سے انکم ٹیکس ادا کرتا ہوں۔ زکوٰۃ اور صدقات اپنی شرعی ذمہ داری سمجھتے ہوئے مستحق افراد کو خود تلاش کر کے ادا کرتا ہوں۔ حکومت کی طرف سے بعض رجسٹرڈ فلاحی اداروں کو دی گئی رقم پر ٹیکس ریبیٹ کی قانونی سہولت موجود ہے۔
گزشتہ سال ایک شخص نے مجھے ایک رقم دی جس کے بارے میں اسے خود بھی معلوم تھا کہ وہ حرام ذریعے سے حاصل ہوئی ہے۔ چونکہ وہ ملک سے باہر تھا، اس نے مجھ سے کہا کہ میں یہ رقم یہاں خرچ/ڈسپوز کر دوں۔ یہ رقم میری ملکیت نہیں تھی، بلکہ اسی شخص کی تھی۔ میں نے وہ پوری رقم بغیر ثواب کی نیت کے ایک رجسٹرڈ فلاحی ادارے کو دے دی، تاکہ وہ میرے پاس نہ رہے۔ میں نے ادارے کو واضح طور پر بتا دیا تھا کہ یہ رقم ثواب یا صدقہ کی نیت سے نہیں دی جا رہی، بلکہ صرف ڈسپوز کرنے کے لیے ہے۔ ادارے نے اس کی باقاعدہ رسید جاری کی۔
بعد میں میں نے وہی رسید ٹیکس ریبیٹ کے لیے استعمال کی۔ میں نے اپنے ٹیکس گوشوارے میں کوئی غلط یا خلافِ واقع بیان نہیں دیا، صرف اصل رسیدیں جمع کروائیں، اور قانوناً یہ ریبیٹ جائز تھا۔ مزید یہ کہ اس سے زیادہ رقم میں پہلے ہی زکوٰۃ اور صدقات کی صورت میں غیر رجسٹرڈ مستحق افراد کو ادا کر چکا تھا، جس پر کوئی ٹیکس رعایت دستیاب نہیں تھی۔
مزید وضاحت یہ ہے کہ وہ شخص ہر سال کسی سرمایہ کاری کے باعث ایسی آمدن حاصل کرتا ہے (جس کی تفصیلات مجھے معلوم نہیں) اور مجھ سے اسے یہاں خرچ/ڈسپوز کرواتا ہے۔
اس پس منظر میں درج ذیل امور کی وضاحت مطلوب ہے:

1. کیا اس طرح حاصل ہونے والا ٹیکس ریبیٹ شرعاً جائز ہے یا حرام مال شمار ہوگا؟ یا یہ معاملہ صرف جھوٹ یا خلافِ اَولیٰ کے پہلو سے دیکھا جائے گا؟
2. کیا اس عمل میں کوئی شرعی خرابی، گناہ یا کوتاہی شمار ہوگی؟
3. اگر یہ رقم ناجائز ہو تو اس کا کیا تدارک کیا جائے؟ کیا اسے بھی بغیر ثواب کی نیت کے صدقہ کر دینا کافی ہوگا؟
4. اگر میں آئندہ اس رقم کو غیر ترقیاتی کاموں (مثلاً واش روم کی تعمیر وغیرہ) میں خرچ کرنے کا ارادہ رکھوں اور ساتھ ہی قانونی طور پر اس کی رسید پر ٹیکس ریبیٹ بھی کلیم کروں، تو کیا یہ طرزِ عمل شرعاً درست ہوگا یا اس سے اجتناب ضروری ہے؟
براہِ کرم قرآن و سنت کی روشنی میں واضح رہنمائی فرمائیں۔
جزاکم اللہ خیراً

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہو کہ مال حرام کا اصل حکم یہ ہے کہ اگر اس کا مالک یا اس کے ورثاء کا علم ہو تو وہ رقم مالک یا ورثاء کے حوالہ کرنا لازم ہے، ورنہ بصورت دیگر اصل مالکان کی طرف سے مستحقین کو دینا لازم ہے، چنانچہ صورت ِمسؤلہ میں اگر مذکور حرام مال کا مالک یا اس کے ورثاء معلوم نہ ہو اور اسی وجہ سے سائل کے مذکور دوست نے کسی فلاحی ادارے میں خرچ کرنے کا کہا ہو اور سائل نے مذکور رقم فلاحی ادارے میں جمع کرائی ہو تو ایسا کرنا شرعا جائز تھا، تاہم اگر ملکی قانون کے مطابق سائل اس رقم پر ٹیکس ریبیٹ کا حقدار نہیں تھا تو اپنے نام سے رسید بنوا کر ٹیکس ریبیٹ حاصل کرنا جائز نہیں، اگرچہ اصلی ہو اور ٹیکس گوشوارے میں کوئی خلاف واقع بیان نہیں کیا گیا ہو۔

مأخَذُ الفَتوی

کما فی بدائع الصنائع في ترتيب الشرائع : ولا يجوز الانتفاع بالخبيث إلا عند الحاجة والحاجة للفقير لا للغني.اھ( [ فصل الذي يرجع إلى المؤدى إليه] ج:2،ص:47، مط: دار الكتب العلمية)۔
و فیه أیضاً : لتمكن خبث الخيانة فيه فسبيله التصدق به ۔۔الخ([فصل حكم المستخرج من الأرض] ج:2، ص:66، مط: دار الكتب العلمية)۔
وفی حاشية رد المحتار على الدر المختار: "وأما إذا كان حراما جمع بباطل لم يحل أخذه لأن سبيل الحرام والغصب رده على أهله وليس ذلك بمال عامة المسلمين اهـ.
أقول: ظاهر العلة أن أهله معلومون فحرمة الأخذ منه ظاهرة، فإن لم يعلموا فهو كاللقطة يوضع في بيت المال، ويصرف في ‌مصارف ‌اللقطة فقد صرحوا في الهدية والرشوة للقضاة ونحوهم أنها ترد على أربابها إن علموا وإلا أو كانوا بعيدا حتى تعذر الرد ففي بيت المال فيكون حكمه حكم اللقطة كما تقدم في كتاب القضاء تأمل." (‌‌‌‌‌‌كتاب الحظر والإباحة، فصل في البيع ، ج:6، ص:389، مط:سعيد)۔
و فی البحر الرائق شرح كنز الدقائق : ومن ملك أموالا غير طيبة۔۔۔۔۔ ويجب عليه تفريغ ذمته برده إلى أربابه إن علموا وإلا إلى الفقراء ۔۔الخ ( [شروط وجوب الزكاة] ج:2، ص:320، مط: دار الكتاب الإسلامي)۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب
عبدالقیوم قدوس عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 92525کی تصدیق کریں
0     19
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات