محترم سر! پہلے اچھی لائف گزار رہا تھا ایک دن یوٹیوب ویڈیو سے اور گوگل میں استنجا کے بعد استبرا ء کا سنا ، استبرا ءشروع کیا تو پتہ چلا چالیس قدم چلنے کے بعد پیشاب کا قطرہ خارج ہوتا ہے ، کبھی ہوتا کبھی تری ہی ہوتی کبھی دیکھنے پر نہیں ہوتا ، ایسا شک اور وہم میں پڑا ہوں ، اب دن رات قطرہ خارج ہونے کا وہم سوا ر رہتا ہے، استبرا ءکرنا اور واش روم جانا بہت مشکل اور بوجھ لگتا ہے، کچھ پہلے نفسیاتی مریض تھا کچھ اس مسئلہ نے بنا دیا کیا استنجا کے بعد ایک آدھ قطرہ نکلنے کے بعد صرف پانی کے چھینٹیں شلوار کی اگلے حصے پر مار لینے سے عضو اور کپڑا پاک ہو جائےگا اور اگر یہ بھی نہ کروں تو کیا وضو کر کے نماز پڑھ سکتا ہوں اسی حالت میں ؟ اور کتنی نمازیں ؟ باقی کوئی ایسا طریقہ بتائیں کہ بیٹھے بیٹھے ایک ہی بار میں استنجا کے وقت تمام قطرات خارج ہو جائیں ، یہ چالیس قدم والے جھنجھٹ سے بچ سکوں ، اس وجہ سے بہت پریشان ہوں ، کیا کروں ؟ اور استبرا ءکسی حدیث سے ثابت ہے؟ جلدی اور ضرور جواب دیں آپ کا احسان ہوگا اس قطرے کی وجہ سے نفسیاتی مریض بن چکا ہوں۔
قضائے حاجت یا پیشاب کے بعد نجاست کی جگہ کو اس طرح پاک کرنا کہ اس کے بعد نجاست نہ نکلنے کا اطمینان ہو جائے استبرا ء کہلاتا ہے جو شرعاً واجب ہے ، البتہ اس کےلئے کوئی طریقہ مخصوص نہیں بلکہ لوگوں کی طبائع اور عادات کے مختلف ہونے کی وجہ سے اس کا طریقۂ کار مختلف ہو سکتا ہے، جیسے کھانسنا ، چند قدم چلنا یا کچھ دیر تک بیٹھ جانا و غیرہ ، لہذا سائل کو جس طریقہ سے بھی یہ اطمینان حاصل ہو جائے کہ اب پیشاب کے قطرات ختم ہو چکے ہیں تو اسے وہی طریقہ اختیار کرنا چاہیئے ، تاہم اس میں اس قدر غلو کا شکار ہونا کہ جو ذہنی انتشار یا وہم میں پڑنے کا سبب بنے شرعاً درست نہیں بلکہ استبرا ء کے بعد پاکی حاصل کرتے ہوئے شلوار پر پانی کی چھینٹیں مارنے کا اہتمام کرے تا کہ وہم میں مبتلا ہونے سے حفاظت ہو سکے جبکہ وسوسے کی شدّت کی صورت میں یہ دعا ”اعوذ باللہ ، آمنت باللہ و رسولہ “ پڑھ کر اسے دور کرنے کی کوشش کرے ، البتہ پیشاب و غیرہ سے فراغت اور وضو میں اس قدر وقفہ ضرور رکھے کہ جس میں اس طرح قطرات آنے سے مکمل اطمینان کے بعد وضو کر کے یکسوئی کے ساتھ نماز ادا کی جا سکے۔
کما فی الدر المختار: یجب الاستبراء بمشی أو تنحنح أو نوم علی شقہ الأیسر، و یختلف بطباع الناس إلخ ( فصل الاستنجاء، ج: 1، ص: 614، ط: رشیدیۃ )۔
و فی التاترخانیۃ: الحیلۃ فی قطع ھذہ الوسوسۃ أن ینضح فرجہ بالماء، فإذا أراہ الشیطان ذلک أحالہ علی الماء إلخ ( فصل ما یوجب الوضوء، ج: 1، ص: 270، ط: رشیدیۃ )۔
و فیھا أیضاً: قال محمد رحمہ اللہ فی الأصل: و من توضأ و رأی البلل سائلاً من ذکرہ نقض وضوءہ، فإن کان الشیطان یریہ بہ کثیراً و لا یستیقن أنہ بلل ماء أو بول مضی فی صلاتہ و لا یلتفت إلیہ إلخ ( فصل ما یوجب الوضوء، ج: 1، ص: 268، ط: رشیدیۃ )۔
و فیھا أیضاً: الاستبراء واجب حتی یستقر قلبہ علی انقطاع العود، و ذلک بالمشی أو بالتنحنح أو النوم علی الشق الأیسر إلخ ( فصل ما یوجب الوضوء، ج: 1، ص: 211، ط: رشیدیۃ )۔