بخدمت جناب مفتی صاحب جامعہ بنوریہ سائٹ کراچی السلام علیکم!
بعد سلام عرض ہے کہ خط کے ساتھ کاغذات لف ہیں، ان کو پڑھ کر اسلامی رو سے فتوی جاری کریں کہ کیا یہ کام جائز ہے یا غلط ہے؟ بہت مہربانی! اللہ تعالیٰ آپ کو جزاءِ خیر سے نوازے۔
گلوبل آن لائن مارکیٹنگ کی طرف سے اکاؤنٹ ہولڈرز کے لئے اہم معلومات اور ہدایات :
یہ گلوبل آن لائن مارکیٹنگ ، کینیڈا کی ایک مارکیٹنگ کمپنی ( گلوبل انٹر نیشنل ٹریڈنگ ) کے ساتھ بذریعہ اس کینیڈین کمپنی کے واحد پاکستانی فرنچائزر ( گلوبل ٹریڈنگ انٹر پرائزز ) پاکستان کے ساتھ وابستہ ہو کر کام کر رہی ہے ۔
یہ گلوبل آن لائن مارکیٹنگ : آج کے جدید مارکیٹنگ سسٹم یعنی مارکیٹنگ بذریعہ انٹرنیٹ کے کام کرتی ہے، جیسے کہ آپ کو معلوم ہے کہ آج آپ گھر بیٹھے انٹرنیٹ پر پوری دنیا سے کوئی بھی چیز خرید سکتے ہیں اور بیچ بھی سکتے ہیں۔
یہ گلوبل آن لائن مارکیٹنگ : اس وقت آپ کے سرمائے سے جو آپ نے ہمیں اس فارم کے ذریعے مہیا کیا ہے گولڈ (یعنی سونے کا کاروبار کر رہی ) ۔
یہ گلوبل آن لائن مارکیٹنگ : انٹر نیشنل گولڈ ٹریڈنگ نیو یارک امریکہ کے ساتھ انٹرنیٹ پر کاروبار کرتی ہے، اس کاروبار کی بنیاد انٹرنیشنل مارکیٹ نیو یارک میں سونے کی قیمت کے اتار چڑھاؤ کو دیکھتے ہوئے ،قیمت کم ہونے پر سونا خریدنا اور قیمت زیادہ ہونے پر خریدے ہوئے سونے کو بیچ دینا ہے۔ یہ جو خرید و فروخت کے درمیان فرق آئے گا یہ ہمارا منافع ہو گا اور اسی بنیاد پر ہم آپکو بھی منافع دیں گے۔
یہ کاروبار بالکل %100 حلال ہے"سود "نہیں ہے "جوا "نہیں ہے، علماءِ کرام وقت سے اس بارے میں پوری معلومات لے لی گئی ہیں۔ آپ بھی الگ سے علماء سے مشورہ کر سکتے ہیں، کیونکہ یہ کاروبار نفع نقصان کی بنیاد پر ہے ، جہاں اتار چڑ ھاؤ میں نفع ہوسکتا ہے، وہاں نقصان بھی ہو سکتا ہے۔ اور نقصان اسکرین پر بتدریج ہماری آنکھوں کے سامنے ہوتا ہے کہ اب سونا اتنا گر گیا ،اب اتنا گر گیا۔ اسی لئے ہم نے فارم کے اندر آپ سے پوچھا ہے کہ آپ کتنا نقصان برداشت کر سکتے ہیں تا کہ انٹر نیٹ مارکیٹ میں سونا اتنا گر نے کے بعد مزید گرنے سے پہلے پہلے اس کو بیچ دیا جائے اور مزید گرنے کا انتظار نہ کریں۔ آپ نے جو بھی رقم کا روبار میں لگارکھی ہے اگر فرض کریں کہ آپ نے پانچ ہزار( 5000) روپے رزک پوائنٹ دے رکھا ہے تو ہم 5000 روپے نقصان ہونے پر آپ کا سونا بیچ دیں گے مزید نقصان کا انتظار نہیں کریں گے، لیکن یہ جو پانچ ہزار روپے نقصان ہو گا یہ آپ نے فوراً پورا کرنا ہے اور ہمیں پانچ ہزار روپے دے کر اپنی دی ہوئی اصل رقم کو پورا کرنا ہوگا، ورنہ آپ کا کاروبار رُک سکتا ہے، جب آپ نفع کما رہے ہیں تو نقصان بھی آپ نےہی پورا کرنا ہے۔
اس کاروبار میں نفع کی ایک صورت تو یہ مندرجہ بالاخر یدوفروخت کا فرق ہے جو ہمارا منافع بر قرار رکھتا ہے اور کبھی نقصان بھی ہو جاتا ہے، لیکن منافع کی دوسری واضح صورت ایک بھی ہے کہ یہ کارو بارا انٹرنیشنل منڈی میں ڈالرز میں ہوتا ہے اور آپ کو معلوم ہے کہ پاکستانی کرنسی اور ڈالرز میں اس وقت تقریباً 85روپے کا فرق ہے، اگر آپ نے ایک ڈالر اس کاروبار میں کمایا تو گویا آپ نے 85 روپے کمائے۔اس لئے یہ سب باتیں آپکو بتانے کا مقصد یہ ہے کہ آپکو یقین ہو جائے کہ نہ تو یہ کاروبار فراڈ ہے اور نہ ہی زیادہ نقصان والا۔ ہاں البتہ اصل چیز وہ اعتماد ہے جو آپ ہم پر کریں گے اور ہم بھی انشاء اللہ آپکے اعتماد پر پورا اترنے کی بھر پور کوشش کریں گے۔
رہی یہ بات جو کہ آپ میں سے ہر کلائنٹ کے ذہن میں آتی ہوگی کہ ہمارے لئے اتنا کچھ کرنے پر آخر اس کمپنی کو کیا منافع ہوگا، تو جناب یہ حقیقت ہے کہ آپ کے دیے ہوئے سرمائے کو ہم جو روزانہ کی بنیاد پر سروس پرووائڈ کریں گے، محنت کریں گے، آپ کو کما کر دیں گے اور سب سے اہم بات یہ کہ اس کام کو کرنے کے لئے ہم نے جو فرنچائز حاصل کی ہے اس کے لئے 30لاکھ روپے سیکورٹی جمع کرائی ہے۔ یوں اس تمام Burden پر ہم ایک تو ہر کلائنٹ کے ہونے والے پرافٹ میں سے ۱۰ پرسنٹ اپنا کمیشن رکھتے ہیں۔ لیکن یہ %10 پرسنٹ ہمارا کمیشن - 25000 سے 75000 روپے تک کی سرمایہ کاری پر ہے ،جب کہ ایک لاکھ یا اس سے اوپر سرمایہ کاری پر ہمارا کمیشن %20 ہے، %10 کا مطلب یہ ہے کہ اگر آپ 25000 ہزار کی سرمایہ کاری کرتے ہیں اور پر ڈے 500 روپے منافع کماتے ہیں تو آپ کا ماہانہ یعنی 22 دن ورکنگ ڈے کا ٹوٹل منافع 11000 روپے بنتا ہے تو ہم اس میں سے10 فیصد یعنی تقریباً 1000 روپے اپنا کمیشن رکھ کر بقایا 10000 روپے آپکو دیں گے۔ یوں آپ کے ساتھ ساتھ ہم بھی کماتے ہیں اور مزید یہ کہ اوپر والی کمپنی جس سے ہم نے فرنچائز لی ہے، وہ بھی ہمیں ایک مخصوص کمیشن دیتی ہے۔
آپ کا سر مایہ اس کاروبار میں کسی کمپنی یا دوسرے کسی فرد کے حوالے نہیں کیا جائے گا، بلکہ یہ سرمایہ صرف اور صرف ہمارے پاس ہوگا، جس کو جب چاہیں آپ ہم سے واپس لے سکتے ہیں۔ ہاں البتہ اس وقت ہونے والے خسارے کو کاٹ کر اگر ابھی تک آپ نے وہ خسارہ جمع نہیں کرایا۔ اور اگر جمع کرادیا ہے تو پھر جمع کرائی گئی پوری رقم آپ کو ایک دو ہفتے کے اندر اندر انشاء اللہ واپس کر دی جائے گی۔ اس کاروبار میں کم از کم 25000 ہزار روپے یعنی ( تقریبا 300 : ڈالرز ) کا اکاؤنٹ کھولا جا سکتا ہے اس سے زیادہ کی کوئی قید نہیں، جتنے روپے کا چاہیں اکا ؤنٹ کھلوائیں۔ کہتے ہیں کہ جتنا گڑ ہو گا اتنا میٹھا میں ہوگا، لیکن یہ یادر ہے کہ روزانہ ایک ڈالر سے پانچ ڈالر تک کا منافع 25000 روپے سے لیکر 75000 روپے تک کا ہے جب کہ اس کے بعد ایک لاکھ یا ایک لاکھ سے آگے کہیں تک کو بھی پرافٹ ماہانہ 4000 روپے سے 5000 روپے تک یا اس کے درمیان کہیں تک کا بھی ہو سکتا ہے۔
کیونکہ یہ کاروبار ڈ الز میں ہوتا ہے، اس لئے آپ کو یہ بتانا ضروری ہے کہ مندرجہ بالا کم ازکم رقم 25000 روپے( یعنی 300 ڈالر ہوتی ہے ) آپ اس رقم پر روزانہ ایک ڈالر (یعنی85 روپے) سے لے کر 5 ڈالر ( یعنی 500 روپے تک کما سکتے ہیں۔
یہ روزانہ کی آمدن ایک مکمل بیس ہے، لیکن یہ ایک ڈالر سے پانچ ڈالر روزانہ والا پرافٹ کا سسٹم صرف 75000 روپے تک کی سرمایہ کاری پر ہے، جب کہ ایک لاکھ اوپر کہیں تک بھی سرمایہ کاری پر آپ کا ماہانہ پرافٹ 4000 روپے سے 5000 روپے تک یا پھر ان کے درمیان کہیں تک کا بھی ہو سکتا ہے، اسی روزانہ ہو نے والی آمدن کو آپ ماہانہ یا سالانہ پر ضرب دے کر مزید حساب لگا سکتے ہیں یا پھر یوں کہیں کہ 25,000 ہزار روپے کی سرمایہ کاری پر یہ روزانہ کی آمدنی ہو سکتی ہے تو 50000 روپے پر 75000 ہزار روپے پر پر ڈے کتنا منافع ہوگا ۔
ایک آخری بات جو آپ کے گوش گزار کرنی ہے وہ بھی بہت ضروری ہے وہ یہ کہ بین الاقوامی طور پر ہفتہ میں دو چھٹیاں ہوتی ہیں یعنی ور کنگ ڈے ماہانہ 30 نہیں، بلکہ 22 دن ہوتے ہیں لہذ اتمام مغربی ممالک امریکہ، برطانیہ، کینیڈا وغیرہ اور تمام یورپی ممالک میں بھی 2 چھٹیاں ہفتہ اور اتوارہی کو ہوتی ہیں، ان تمام ممالک میں تمام کاروباری منڈیاں چاہے وہ مقامی طور پر چلتی ہوں یا On Line ہوں وہ تمام ہفتہ اتوار کو بند ہوتی ہیں ۔
یوں بتانے کی بات یہ ہے کہ ہمارے اس کام کے بھی Working Days 22 ہوں گے 8 دن ماہانہ کاروبار بند ہو گا یعنی ہم بھی کاروباری طور پر پورا مہینہ 30 دن کا نہیں بلکہ 22 دن کا شمار کریں گے۔ آپ کو بھی ماہانہ پرافٹ 22 دن کا دیا جائے گا، اس لئے ہم نے حساب کتاب میں پرڈے کا حساب رکھا ہے تا کہ آپ کو حساب جانچنے کی آسانی ہو۔
چونکہ ہم یہ کاروبار کینڈین کمپنی سے مل کر نیو پارک کی منڈی میں کر رہے ہیں اس لئے آپ کی سرمایہ کاری عملی طور پر اکاؤنٹ کھلوانے کے 5 دن بعد شروع ہوگی ۔ دو چھٹیوں ہفتہ اور اتوار کے علاوہ 5 دن گنے جائیں گے۔ یہ 5 دن انتظامی امور کے لئے ہیں۔ ادارہ آپ کو بغیر کسی وجہ بتائے آپ کا کاروبار آپ کا سرمایہ واپس کرنے کے بعد ختم کرنے کا اختیار رکھتا ہے اور اسی طرح آپ کو بھی اختیار ہے کہ ایک دو ہفتے کا نوٹس دے کر جب چاہیں اپنا کاروبار ہم سے ختم کر سکتے ہیں اور اپنا لگایا گیا سرمایہ واپس لے سکتے ہیں ،آخری خسارہ کاٹ کر اس گلوبل آن لائن مارکیٹنگ کے ذمہ دار یا Working Team مندرجہ ذیل افراد پر مشتمل ہے کسی بھی معاملے پر کوئی بھی بات کہنی سننی ہو تو آپ انہی افراد سے رابطہ کریں گے ۔
منیجنگ ڈائریکٹر محمد ظفر اقبال منصوری، 0333-2399852
ڈائریکٹر مارکیٹنگ محمد اظہر ا اسلام منصوری 0301-2290029
مارکیٹنگ مینیجر محمد فخر الاسلام منصوری 0334-3552171
دستخط منیجنگ ڈائر یکٹر گلوبل آن لائن مارکیٹنگ کراچی پاکستان (G.O.L.M)۔
سوال میں مذکور گلوبل آن لائن مارکیٹنگ کمپنی کے کاروبار سے متعلق جو طریقہ کار درج ہے، اس میں گولڈ کی خریداری اور خریدنے کے آگے فروختگی کے سلسلہ میں عملی طور پر اس گولڈ کے قبضہ میں آنے کے بعد اسے آگے فروخت کرنے یا کسی کی وکالت وغیرہ کا کوئی ذکر نہیں ۔ بلکہ ملٹی لیول دیگر کمپنیوں کی مختلف سودی اسکیموں کی طرح یہ بھی ایک اسکیم معلوم ہوتی ہے ، جب تک دیگر شرائطِ فاسدہ کے نہ ہونے کی تحقیق کے ساتھ ساتھ عملی طور پر قبضہ کے بعد آگے فروخت کرنے کا معاملہ یقینی نہ ہو جائے، اس وقت تک اس کمپنی کے ذریعہ کاروبار میں شرکت درست نہیں، اس سے احتراز لازم ہے۔
كما في صحيح مسلم: عن ابن عباس قال رسول الله صلى الله عليه و سلم (من ابتاع طعاما فلا يبعه حتى يقبضه) اھ (3/ 1159)۔
وفیه أیضاً: عن ابن عباسؓ أن رسول الله صلى الله عليه و سلم قال (من ابتاع طعاما فلا يبعه حتى يستوفيه) اھ(3/ 1159)۔
وفي تکملة فتح الملھم: تحته: المعروف أن الإستیفاء والقبض بمعنیٰ واحد، (إلی قوله) وأما القبض فهو أن يأتى الشيئ في حرزه وضمانه (۱/ ۳۵۰) ۔
وفي الفتاوى الهندية: من حكم المبيع إذا كان منقولا أن لا يجوز بيعه قبل القبض اھ (3/ 13)۔