نجاسات اور پاکی

پیشاب کے بعد نکلنے والی مختلف رطوبات کا حکم

فتوی نمبر :
77999
| تاریخ :
2024-09-10
طہارت و نجاست / پاکی و ناپاکی کے احکام / نجاسات اور پاکی

پیشاب کے بعد نکلنے والی مختلف رطوبات کا حکم

السلام عليكم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!مجھے منی، مذی اور ودی کی تشریح اور توضیح اچھی طرح معلوم ہے،اس کے باوجود اسی کے متعلق مختلف رطوبتیں نکلتی ہیں، جسکی وضاحت مندرجہ ذیل ہیں: اسکے نکلنے سے کبھی کبھی بہت تذبذب اور الجھن ہو جاتی ہے،اور معلوم نہیں ہوتا کہ یہ منی ہے یا مذی ہے یا ودی ہے، جیسا کہ 1: پیشاب کے شروعاتی چند قطروں کے ساتھ ایک سفید مادّہ نکلتا ہے، جسکی نوعیت بالکل آنکھوں میں سے نکلنے والے مواد (یعنی پیپ یا پس mucus or pus ) کی طرح ہوتی ہے، مذکور مادّہ کو کیا کہا جاتا ہیں؟ کیا پیشاب کے ساتھ اسکے نکلنے سے غسل واجب ہو جاتا ہے ؟٢ : پیشاب کے شروعاتی چند قطروں کے ساتھ ایک سفید مادّہ نکلتا ہے، جس کی نوعیت white jelly(سفید جیلی)کی طرح ہوتی ہے، اور کبھی کبھی اس مادّہ کی نوعیت ظاہری شکل "تاڑ کے پَھل کا سفید گودا"(white pulp of palm fruit Or ice apple) کی طرح ہوتی ہیں ،کیا مذکور مادّہ پیشاب کے ساتھ نکلنے سے غسل واجب ہو جاتا ہے ؟ کیا مذکور مادّہ پانی کم پینے کی وجہ سے نکلتا ہے ؟ ٣: اگر کسی شخص نے شہواتی اور جنسی خیالات کا تصوّر کیا،اور عضو تناسل میں ذرا بھی انتشار یا حرکت بھی نہیں ہوئی، پھر چند منٹ بعد پیشاب کے ساتھ یا ویسے ہی بنا پیشاب کئے منی کے قطرات نکلے، جو کہ گاڑھی، چکنی ہو،تو کیا مذکور صورت میں غسل واجب ہوگا ؟ ٤: سنا ہے کہ "جسمانی کمزور شخص کا اپنی استعداد اور کیپیسٹی سے زیادہ وزن اٹھانے سے یا مشقّت والا کام کرنے سے منی نکل جاتی ہے، " کیا مذکور بات صحیح ہے ؟ اگر مذکور صورت کے تحت منی نکلےتو کیا غسل لازم ہوگا ؟٥: طاقت اور مشقّت کے ساتھ پاخانہ کرتے وقت کبھی کبھی گاڑھی، سفید اور چکنی منی نکل جاتی ہے، کیا اس صورت میں منی نکلنے سے بھی غسل لازم ہوگا ؟ ٦: بیوی سے جماع کرنے کے بعد اگر ایک دو بار پیشاب سے فارغ ہونے كےبعد یاغسل سے فراغت کے بعد بھی چند وقت تک پیشاب کے ساتھ منی یا منی کے قطرے نکلتے ہیں جو گاڑھی،سفید،چکنی اور بدبودار ہوتی ہیں ، اس بیماری کو "Retrograde ejaculation" (ریٹروگریڈ ایجاکیولیشن)کہتے ہیں،اس صورت میں بھی غسل واجب ہوگا؟ نوٹ: "ریٹروگریڈ ایجاکیولیشن" (Retrograde ejaculation) ایک بیماری ہے، جس میں منی کی کچھ مقدار عضو تناسل کے راستے سے باہر نکل جاتی ہے، اور منی کی کچھ مقدار (بجائے باہر نکلنے کے پلٹ کر) پیشاب کی تھیلی (urinary bladder) میں چلی جاتی ہے، اور وہاں پیشاب کے ساتھ گُھل مِل کرکے پیشاب کے ساتھ نکلتی رہتی ہے، جو کہ پانچ چھ بار مکمّل پیشاب کر لینے تک نکلتی رہتی ہے، اگر غسل جنابت کے بعد پیشاب کرنے پر مذکور صورت کے تحت منی نکلے تو واپس غسل کرنا پڑےگا ؟٧: بلا وجہ منی نکلنے پر غسل لازم ہوگا؟ ٨: شہوت کے ساتھ اور بلا شہوت منی کے نکلنے میں کیا فرق ہے ؟ اوراچھل کر اور بنا اچھل کر منی کے نکلنے میں کیا فرق ہے ؟ وضاحت کریں۔٩: جنسی خیالات کی وجہ سے عام طور پر صرف مذی نکلتی ہے، منی نہیں نکلتی،اور اس میں غسل واجب بھی نہیں ہوتا، مگر کسی نے بیوی سے جماع نہیں کیا، صرف بوس وکنار کیا یا جنسی خیالات کئے اور اسکی وجہ سے مذی نکلنے کے بعد منی بھی نکل گئی تو کیا غسل واجب ہوگا ؟ (نوٹ: اس صورت میں جماع نہیں کیا ہو، صرف جنسی خیالات کی وجہ سے منی نکلی ہو)١٠: منی کی جو علامتیں ہیں جیسا کہ سفید،گاڑھی، چکنی ، گندم جیسی بو ہونا، وغیرہ،اگر کسی شخص کو منی نکلی اور مذکور تمام علامتیں پائی جائیں ،مگر اسکا رنگ سفید کے بجاے پیلا یا میلا ہو تو وہ مادّہ منی کہلاےگا ؟کیا منی کہلانے کے لئے اسکا رنگ سفید بھی ہونا ضروری ہے؟ کیا مذکور مادّہ نکلنے پر غسل واجب ہوگا؟ ١١:پیشاب کے ساتھ ہلکی گاڑھی،ہلکی چکنی اور رنگ میں پیلا مادّہ نکلنے کی وجہ سے غسل واجب ہو جاتا ہے ؟ برائے کرم تفصیل سے جواب دیں، جزاك اللهُ خيرًا۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہوکہ منیاور مذی و ودی کے احکام الگ الگ ہیں۔ چنانچہ منی کے شہوت کے ساتھ خارج ہونے سے شرعاًغسل واجب ہوتا ہے، جبکہ مذی اور ودی کےنکلنے سے غسل واجب نہیں ہوتا، البتہ وضو ٹوٹ جاتا ہے۔
جبکہ پیشاب کے ساتھ سفید، پیلی، گاڑھی یا چکنی رطوبت نکلنے سے محض اس کی شکل کی وجہ سے غسل واجب نہیں ہوگا، بلکہ اس صورت میں وجوب غسل کے لیے اس کایقینی طورپرمنی ہونااور شہوت کے ساتھ نکلناضروری ہے۔
اسی طرح صرف جنسی خیالات، جسمانی مشقت یا پاخانے کے وقت کسی رطوبت کے نکلنے سے بھی غسل واجب نہیں ہوتا، جب تک وجوب غسل کی وجہ نہ پائی جائے۔ نیزاگرہمبستری کے بعد کوئی ایساعمل کرنے سے پہلے ہی غسل کرلیاکہ جس کی وجہ سے یہ اطمینان ہوجاتاکہ منی کے رکے ہوئے قطرے نکل چکے ہیں مثلا پیشاب کرنے ،سونے یااتنےزیادہ قدم چلنے سے پہلے ہی(کہ جن سے اطمینان ہوجاتا) فرض غسل کرلیا،اور پھر غسل کے بعد بغیرشہوت کے کچھ منی نکلی،تو اب اس کے نکلنے پر دوبارہ سے غسل کرنا لازم ہوگا ، کیونکہ یہ اسی پہلے والی منی ہی کا بقیہ حصہ ہے ، جو شہوت کے ساتھ اپنے مقام سے جداہوئی تھی،البتہ اس کے نکلنے سے پہلے اگر نماز پڑھی ہو تو وہ نماز ہو گئی ،اس کے اعادے (دہرانے)کی حاجت نہیں۔اوراگر کوئی ایساعمل کرنےکے بعد غسل کیاکہ جس کی وجہ سے یہ اطمینان ہوگیاکہ اگرمنی کاکوئی قطرہ رکاہوا ہوتا تو نکل جاتا مثلا پیشاب کرنے،سونے یااتنے زیادہ قدم چلنے کے بعد(کہ جن سے اطمینان ہوجائے)غسل کیا،تواب بغیرشہوت کےمنی کے قطرےنکلنےپر دوبارہ سےغسل فرض نہیں ہوگا،اس سے بہر حال وضو ٹوٹ جائے گا، اور اسے پہلی والی منی کا بقیہ حصہ نہیں کہا جائے گا۔لہذااگرسائل غیر معمولی یا مسلسل رطوبت کےنکلنے کے مسائل میں مبتلاہوتواسے چاہیےکہ وہ کسی ماہریورلوجسٹ ڈاکٹر سے رجوع کرکے بہترعلاج معالجہ کی تدبیراختیارکرلے تویہ زیادہ بہترہے۔

مأخَذُ الفَتوی

كما في الهندية: وتعتبر الشهوة عند انفصاله عن مكانه لا عند خروجه من رأس الإحليل. كذا في التبيين اهـ.(كتاب الطهارة، الفصل الثالث في المعاني الموجبة للغسل، ج: ١، ص: ١٤، ط: ماجدية)
وفيها أيضًا: لو اغتسل من الجنابة قبل أن يبول أو ينام وصلى ثم خرج بقية المني فعليه أن يغتسل عندهما خلافا لأبي يوسف - رحمه الله تعالى - ولكن لا يعيد تلك الصلاة في قولهم جميعا كذا في الذخيرة ولو خرج بعد ما بال أو نام أو مشى لا يجب عليه الغسل اتفاقا. كذا في التبيين اهـ.(كتاب الطهارة، الفصل الثالث في المعاني الموجبة للغسل، ج: ١، ص: ١٤، ط: ماجدية)
وفيها أيضًا:المذي ينقض الوضوء وكذا الودي والمني إذا خرج من غير شهوة بأن حمل شيئا فسبقه المني أو سقط من مكان مرتفع يوجب الوضوء، كذا في المحيط اهـ.(كتاب الطهارة، الفصل الخامس في نواقض الوضوء، ج: ١، ص: ١٠، ط: ماجدية)
وفي مراقي الفلاح :وأغنى اشتراط الشهوة عن الدفق لملازمته لها فإذا لم توجد الشهوة لا غسل كما إذا حمل ثقيلا أو ضرب على صلبه فنزل منيه بلا شهوة والشرط وجودها عند انفصاله من الصلب لا دوامها حتى يخرج إلى الظاهر اهـ.(كتاب الطهارة، ص: ٤٠، ط: دار الكتب العلمية)
وفيه أيضًا:(مذي) بفتح الميم وسكون الدال المعجمة وكسرها وهو ماء أبيض رقيق يخرج عند شهوة لا بشهوة ولا دفق ولا يعقبه فتور وربما لا يحس بخروجه» اهـ.(كتاب الطهارة، ص: ٤١، ط: دار الكتب العلمية)
وفيه أيضًا: (ودي) بإسكان الدال المهملة وتخفيف الياء وهو ماء أبيض كدر ثخين لا رائحة له يعقب البول وقد يسبقه أجمع العلماء على أنه لا يجب الغسل بخروج المذي والودي» اهـ(كتاب الطهارة، ص: ٤١، ط: دار الكتب العلمية)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
بھائی محمد عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 77999کی تصدیق کریں
0     21
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات