ہم جو موبائل خریدتے ہیں ان میں ایسی ایپس انسٹال ہوتی ہیں اور ان کو بعض اوقات ڈیلیٹ بھی نہیں کیا جاسکتا ، جیسے کے گانوں کی ایپ اسی طرح فلموں کی ایپ اور بعض ایپس ان میں ایسی بھی ہوتی ہیں جو ہوتی تو جائز کام کے لیے مگر ان میں کوئی نہ کوئی بے حیائی کا عنصر شامل ہوتا ہے ، جیسے میوزک،لڑکیوں کی تصاویر وغیرہ، اگر کوئی وہ ایپس جن کا مقصد ہی حرام کام ہے ان کا استعمال نہ کرے اور وہ ایپس جو جائز کام کے لیے ہیں مگر کوئی حرام عنصر شامل ہے ، اس کو اپنے جائر کام کے لیے استعمال کرے اور حرام عناصر کی طرف توجہ نہ دے، تو کیا ان شرائط کے ساتھ موبائل خریدنے اور استعمال کرنے کا عمل درست ہو جائے گا؟
جس شخص کو سمارٹ فون استعمال کرتے وقت غیر شرعی امور سے اجتناب کا یقین ہو تو اس کے لئے سمارٹ فون خریدنا اور جائز امور کی حد تک اسے استعمال کرنا بلاشبہ جائز اور درست ہے ، جبکہ موبائل میں موجود تمام اپلیکیشن جس کے استعمال کی وجہ سے گناہ میں مبتلا ہونے کا اندیشہ ہو اسے موبائل فون میں رکھنا درست نہیں بلکہ فی الفور ختم کرنا ضروری ہے ، اور جن موبائلوں سے اس طرح کی غیر شرعی اپلیکیشن ڈیلیٹ کرنا ممکن نہ ہو تو اس موبائل کے بجائے ایسے موبائل کا انتخاب کرنا چاہیئے جس سے یہ غیر شرعی مواد با آسانی ڈیلیٹ کیا جا سکے ۔
کما فی رد المحتار : ( قولہ فبعد العصر الخ ) ( الی قولہ ) اقول : و ھذا یفید ان آلۃ اللھو لیست محرمۃ لعینھا ، بل لقصد اللھو منھا اما من سامعھا أو من المشتغل بھا و بہ تشعر الاضافۃ ألا تری ان ضرب تلک الآلۃ بعینھا حل تارۃ و حرم تارۃ اخری باختلاف النیۃ بسماعھا و الأمور بمقاصدھا الخ ( کتاب الحظر و الاباحۃ، ج 6 ، ص 350 ، ط : سعید ) ۔